سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
برآمدات میں شاندار کارکردگی کے ذریعے ٹیکسٹائل صنعت کو مضبوط بنانا: وی سی ایف-ایس سی نے جے یانی فیبرکس پرائیویٹ لمیٹڈ کو کاروبار میں توسیع اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کس طرح معاونت فراہم کی
سانگلی، مہاراشٹر | سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
प्रविष्टि तिथि:
05 AUG 2026 3:43PM by PIB Delhi
ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ کا شعبہ روزگار پیدا کرکے ، برآمدات کو فروغ دے کر اور گھریلو مینوفیکچرنگ کو مضبوط بنا کر ہندوستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ تاہم پیداواری صلاحیت میں توسیع اور بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے کے لیے بروقت مالی معاونت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ادارہ جاتی مدد کس طرح کاروباری خوابوں کو پائیدار اداروں میں تبدیل کر سکتی ہے، اس کی ایک کامیاب مثال مہاراشٹر کے سانگلی میں قائم جے یانی فیبرکس پرائیویٹ لمیٹڈ ہے، جس کی قیادت جناب ادتیہ جیڈے کر رہے ہیں۔ یہ ادارہ برآمد پر مبنی ٹیری تولیہ تیار کرنے والی ایک کامیاب صنعتی اکائی کے طور پر ابھرا ہے۔ کمپنی کی ترقی سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کے تحت درج فہرست ذاتوں کے لیے وینچر کیپٹل فنڈ (وی سی ایف-ایس سی)کے مثبت اور تبدیلی لانے والے اثرات کی عکاسی کرتی ہے۔
جے یانی فیبرکس پرائیویٹ لمیٹڈ قدر میں اضافے اور برآمد پر مبنی پروڈکشن پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کے ٹیری تولیے تیار کرتی ہے۔ اس ادارے نے بتدریج اپنے کاروباری دائرہ کار کو وسعت دی ہے، قابل اعتماد صارفین کا مضبوط نیٹ ورک قائم کیا ہے اور معیار پر مبنی تیاری کے ذریعے مستقل آمدنی حاصل کی ہے۔ پروڈکشن کے معیار کو مسلسل بہتر بناتے ہوئے کمپنی نے خود کو ٹیکسٹائل کے شعبے میں ایک مسابقتی ادارے کے طور پر مستحکم کیا ہے۔
اس پروجیکٹ کی صنعت کاری، برآمدات کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، درج فہرست ذاتوں کے لیے وینچر کیپٹل فنڈ (وی سی ایف-ایس سی) نے 2017 میں وینچر کیپٹل (حصص سرمایہ + اختیاری طور پر قابل تبدیل ڈیبینچر) کے ذریعے 2.39 کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کی۔ اس مالی مدد سے کمپنی کے توسیعی منصوبوں کو تقویت ملی، پروڈکشن کی صلاحیت میں اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر کاروبار میں مزید بہتری آئی۔
برآمد پر مبنی ٹیری تولیہ تیار کرنے والی صنعتی اکائی
مالی معاونت سے کمپنی کو اپنے موجودہ کاروباری آپریشنز کو وسعت دینے، مقامی برادری کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے، مصنوعات کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے اور برآمد پر مبنی پیداواری نظام قائم کرنے میں مدد ملی۔ اس پروجیکٹ نے مقامی افراد کے لیے براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے، جبکہ بازار تک رسائی، کاروباری استحکام اور طویل مدتی ترقی کے امکانات کو بھی بہتر بنایا۔
اس معاونت کے اثرات نمایاں رہے ہیں۔ آج جے یانی فیبرکس پرائیویٹ لمیٹڈ ایک مضبوط مالی بنیاد رکھنے والے اور پائیدار ادارے کے طور پر اپنی شناخت قائم کر چکا ہے، جس کی پیداواری صلاحیت میں مزیداضافہ ہوا ہے اور صارفین کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ یہ کاروباری ادارہ مقامی روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کے برآمد پر مبنی ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ نظام کو بھی مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
اپنے اس سفر کو یاد کرتے ہوئے جناب جیڈے نے کہا:
’وی سی ایف-ایس سی کے تحت رعایتی مالی معاونت کے ذریعے ہمارا کاروبار پائیدار اور مالی طور پر مزید مضبوط ہوا ہے، جس سے طویل مدتی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔‘
جے یانی فیبرکس پرائیویٹ لمیٹڈ کی کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ درج فہرست ذاتوں کے لیے وینچر کیپٹل فنڈ (وی سی ایف-ایس سی) کے تحت فراہم کی جانے والی ہدفی مالی معاونت کس طرح درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کو پائیدار صنعتی ادارے قائم کرنے میں مدد دے رہی ہے۔ یہ ادارے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، بھارت کی برآمدی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور جامع معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دے کر اور کاروبار کی توسیع میں معاونت فراہم کرتے ہوئے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت ملک بھر میں کاروباری افراد کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
*********
ش ح۔م م ع۔ص ج
Urdu No-1387
(रिलीज़ आईडी: 2295010)
आगंतुक पटल : 6