خلا ء کا محکمہ
azadi ka amrit mahotsav

پارلیمانی سوال: گگن یان مشن اور بھارتیہ خلائی اسٹیشن

प्रविष्टि तिथि: 05 AUG 2026 2:29PM by PIB Delhi

سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی  سائنسز کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز  وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات و پنشن،  نیو کلیائی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں  بتایا کہ گگن یان مشن کے تحت انسانی خلائی پرواز کے معیارات کی توثیق کے لیے کی جانے والی ترقیاتی سرگرمیوں میں درج ذیل شامل ہیں:

  • انسانی خلائی پرواز کے لیے موزوں لانچ وہیکل (ایچ ایل وی ایم-3 ) : تمام محرکاتی مراحل اور ڈھانچوں کی تیاری اور زمینی آزمائش مکمل کر لی گئی ہے۔
  • مدار پر مبنی  ماڈیول: عملہ  سے متعلق ماڈیول اور سروس ماڈیول کے محرکاتی نظام تیار، آزمودہ اور معیاری قرار دیے جا چکے ہیں۔ ماحولیاتی کنٹرول اور لائیف سپورٹ سسٹم (ای سی ایل ایس ایس) کا انجینئرنگ ماڈل تیار کر لیا گیا ہے۔ رفتار کم کرنے کا نظام، عملہ  سے متعلق ماڈیول کو سیدھی حالت میں لانے کا نظام، حرارتی تحفظ کا نظام اور مکمل برقیاتی نظام تیار اور آزمودہ کیے جا چکے ہیں۔
  • عملہ  کو بچانے سے متعلق نظام (سی ای ایس): پانچ اقسام کی موٹروں کی تیاری اور ان کی جامد آزمائش مکمل کر لی گئی ہے۔ عملہ کو بچانے سے متعلق  نظام کے تمام ڈھانچے تیار اور معیاری قرار دیے جا چکے ہیں۔
  • بنیادی ڈھانچے کا قیام: مدار پر مبنی  ماڈیول  کی تیاری کی سہولت، گگن یان کنٹرول مرکز، گگن یان کنٹرول سہولت، عملے کی تربیت کی سہولت اور دوسرے  لانچ  پیڈ  پلیٹ فارم میں مطلوبہ تبدیلیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
  • ٹسٹ مشن: عملہ کو بچانے سے متعلق  نظام (سی ای ایس) کی پرواز کے دوران توثیق کے لیے پہلے ٹسٹ وہیکل مشن (ٹی وی-ڈی1) کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جا چکا ہے۔ رفتار کم کرنے کے نظام کی توثیق کے لیے فرضی عملہ ماڈیول کے ساتھ مربوط ایئر ڈروپ ٹسٹ -01 (آئی اے ڈی ٹی-01) اور مربوط ایئر ڈروپ ٹسٹ -02 (آئی اے ڈی ٹی-02) بھی کامیابی سے مکمل کئے  جا چکے ہیں۔ ٹی وی-ڈی2 مشن کی تکمیل کے لیے سرگرمیاں جاری ہیں۔
  • پرواز سے متعلق کارروائیاں اور مواصلاتی نیٹ ورک: زمینی نیٹ ورک کی ترتیب کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ آئی ڈی آر ایس ایس-1 کے فیڈر اسٹیشن اور زمینی روابط قائم کر دیے گئے ہیں۔ باہمی تعاون کے لیے دیگر خلائی اداروں کے ساتھ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔
  • عملے کی بازیابی کی کارروائیاں: بازیابی کے وسائل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ بازیابی کا منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ، گگن یان کے لیے تیار کیے گئے نئے نظاموں کی توثیق کے مقصد سے مختلف  اہلیت سے متعلق زمینی آزمائشیں بھی انجام دی جا رہی ہیں۔

پہلا غیر انسانی تجرباتی مشن، جس کا مقصد پہلی مرتبہ تیار کی جا رہی مختلف ٹیکنالوجیوں، بشمول ویوم متر نیم انسان نما روبوٹ، کی توثیق کرنا ہے، 2026 ء کی چوتھی سہ ماہی میں روانہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے بعد، پہلے انسانی مشن جیسی ہی ترتیب کے حامل دو غیر انسانی مشن اور پھر پہلا انسانی مشن 2027  ء تک روانہ کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

بھارتیہ انترکش  اسٹیشن (بی اے ایس) کو 2035  ء تک عملی طور پر فعال بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسرو نے بھارتیہ  انترکش  اسٹیشن کی مجموعی ساخت تیار کر لی ہے، جو پانچ ماڈیول پر مشتمل ہوگی۔ حکومت نے بھارتیہ انترکش اسٹیشن کے پہلے ماڈیول (بی اے ایس-01) کی تیاری اور لانچ کی منظوری دے دی ہے۔ بی اے ایس-01 ماڈیول کے  مجموعی نظام  سے متعلق انجینئرنگ اور اس کے مختلف ذیلی نظاموں کی ٹیکنالوجی کی ترقی سے متعلق سرگرمیاں اسرو کے مختلف مراکز اور اکائیوں میں جاری ہیں۔

ستمبر  ، 2024 ء میں مرکزی کابینہ نے آٹھ مشنوں کی تکمیل کے لیے 20,193 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دی تھی۔

اسرو مختلف شعبوں میں  ، بین الاقوامی خلائی اداروں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ گگن یان مشنوں کے لیے نیٹ ورک آپریشنز کی معاونت یوروپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے) کے اشتراک سے فراہم کی جا رہی ہے۔ آسٹریلیا کی خلائی ایجنسی (اے ایس اے) کے ساتھ طے شدہ نفاذ کے ایک  انتظام کے تحت گگن یان مشنوں میں عملے اور عملہ ماڈیول کی بازیابی کے سلسلے میں تعاون کیا جا رہا ہے۔ فرانسیسی قومی خلائی ایجنسی (سی این ای ایس) کے ساتھ اسرو کے اشتراک کے نتیجے میں  ، اسرو کے فلائٹ سرجنز اور  معاونت کی زمینی ٹیموں کو سی این ای ایس اور یوروپی مراکز میں تربیت فراہم کی گئی ہے۔ مزید برآں، اسرو اور روس کی ریاستی خلائی کارپوریشن روسکوسموس نے انسانی خلائی پرواز کے پروگرام میں مشترکہ سرگرمیوں کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے نتیجے میں عملے کی نشست، ویو پورٹ ، خلائی پرواز  کے دوران پہنے جانے والے خصوصی لباس، ونڈ ٹنل  آزمائش اور گگن یاتریوں کے پہلے دستے کی گیگارین خلاباز تربیتی مرکز میں عمومی خلائی پرواز کی تربیت جیسے ذیلی نظاموں کی فراہمی کے معاہدے ممکن ہوئے ہیں۔

************

( ش ح ۔  ا ع خ    ۔ ع ا )

U.No. 1370


(रिलीज़ आईडी: 2294882) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी