ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پارلیمانی سوال: درختوں کی کٹائی اور لکڑی کی نقل و حمل سے متعلق ضابطہ جاتی نظام

प्रविष्टि तिथि: 27 JUL 2026 5:21PM by PIB Delhi

زرعی جنگلات کے تحت اُگائے گئے درختوں کی کٹائی اور ان سے حاصل ہونے والی لکڑی کی نقل و حمل کے اجازت ناموں کا اجرا متعلقہ ریاستی حکومتیں انڈین فاریسٹ ایکٹ، 1927، ریاستی جنگلاتی قوانین، ریاستی درخت نظم و نسق کے قوانین، ان کے تحت وضع کردہ قواعد، اور معزز عدالتوں کے احکامات کے مطابق کرتی ہیں۔ کٹائی اور نقل و حمل کے اجازت ناموں سے مستثنیٰ قرار دی گئی درختوں کی اقسام، نیز اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے درکار طریقۂ کار اور دستاویزی تقاضے، متعلقہ ریاست کے قوانین، قواعد اور معزز عدالتوں کی ہدایات کے مطابق ایک ریاست سے دوسری ریاست میں مختلف ہوتے ہیں۔

ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت نے زرعی جنگلات کے فروغ کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو درختوں کی کٹائی اور لکڑی کی نقل و حمل سے متعلق ضوابط میں نرمی لانے کے لیے مختلف رہنما خطوط اور مشاورتی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزارت نے 2022 میں لکڑی پر مبنی صنعتوں (قیام اور ضابطہ بندی) سے متعلق رہنما خطوط پر نظرثانی کی تاکہ زرعی جنگلات کے تحت اُگائی جانے والی درختوں کی اقسام کو استعمال کرنے والی لکڑی پر مبنی صنعتوں کے قیام سے متعلق ضوابط کو زیادہ آسان اور لچکدار بنایا جا سکے۔

انڈین کونسل آف فاریسٹری ریسرچ اینڈ ایجوکیشن (آئی سی ایف آر ای) زرعی جنگلات کے فروغ کے لیے درختوں کی بہتر اقسام تیار کرنے کے پروگراموں پر مسلسل کام کر رہی ہے۔ اب تک ادارے نے 69 اقسام اور کلون جاری کیے ہیں، جنہیں کسان، جنگلات کے محکمے، جنگلاتی ترقیاتی کارپوریشنیں اور لکڑی پر مبنی صنعتیں زرعی جنگلات اور سماجی شجرکاری کے پروگراموں میں وسیع پیمانے پر استعمال کر رہی ہیں۔

مئی 2022 میں مرکزی حکومت نے برآمدی پالیسی میں ترمیم کرتے ہوئے بانس کے کوئلے کی برآمد کو آزاد زمرے میں شامل کر دیا، تاکہ بانس کے شعبے میں قدر افزائی کو فروغ دیا جا سکے اور بانس پر مبنی صنعتوں سے وابستہ منافع اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔

وزارت نے مارچ 2023 میں ’’زرعی جنگلات سے متعلق اکثر پوچھے جانے والے سوالات‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب مرتب کر کے شائع کی، جو کسانوں اور شعبۂ عمل سے وابستہ افراد کے لیے رہنما کتاب کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس میں زرعی جنگلاتی نظام اور گھریلو باغات کے لیے موزوں 36 منتخب درختوں کی اقسام کی کاشت کے طریقۂ کار بیان کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وزارت نے تجارتی لحاظ سے اہم چار درختوں، یعنی اگر ووڈ، صندل، سرخ صندل اور روز ووڈ کی کاشت کے طریقۂ کار پر مشتمل کتابچے بھی جاری کیے ہیں، تاکہ کسانوں اور درخت اُگانے والوں کو ان کی کاشت کی ترغیب دی جا سکے۔

دسمبر 2023 میں وزارت نے قومی ٹرانزٹ پاس نظام (این ٹی پی ایس) کا آغاز کیا، جو ملک گیر آن لائن نظام ہے اور جس کا مقصد لکڑی، بانس اور دیگر جنگلاتی پیداوار کی نقل و حمل کے اجازت ناموں کے اجرا کے عمل کو آسان، منظم اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانا ہے۔ یہ نظام ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی سرحدوں کے پار جنگلاتی پیداوار کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو ممکن بناتا ہے، کارروائی میں تاخیر کو کم کرتا ہے اور کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دیتا ہے۔ اس نظام کے تحت ٹرانزٹ پاس اور عدم اعتراض کے سرٹیفکیٹ آن لائن جاری کیے جاتے ہیں، جس سے جنگلاتی پیداوار کی نقل و حرکت میں شفافیت، کارکردگی اور قابلِ سراغی میں اضافہ ہوا ہے۔ اب تک تمل ناڈو سمیت ملک بھر میں 4,36,258 ٹرانزٹ پاس جاری کیے جا چکے ہیں۔

وزارت نے جون 2025 میں ’’زرعی اراضی میں درختوں کی کٹائی‘‘ سے متعلق نمونہ قواعد جاری کیے تاکہ ریاستیں ان پر غور کریں اور اپنی ضرورت کے مطابق انہیں اختیار کریں۔ ان قواعد کا مقصد کسانوں میں زرعی جنگلات کو فروغ دینا اور اس کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ یہ نمونہ قواعد مشاورتی نوعیت کے ہیں اور ریاستوں و مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے لیے ایسا رہنما خاکہ فراہم کرتے ہیں، جس کی مدد سے نجی زرعی اراضی پر اُگائے گئے درختوں کی کٹائی اور ان کی نقل و حمل کے طریقۂ کار کو آسان اور منظم بنایا جا سکے، نیز زرعی جنگلات کے شعبے میں زیادہ یکسانیت، شفافیت اور کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دیا جا سکے۔

وزارت زرعی جنگلات کے فروغ اور سہولت کاری کے لیے تمل ناڈو سمیت تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے ساتھ مشاورت، تربیتی ورکشاپوں اور استعداد سازی کے مختلف پروگراموں کے ذریعے مسلسل رابطے میں رہتی ہے۔

یہ معلومات آج لوک سبھا میں ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے مرکزی وزیرِ مملکت، جناب کیرتی وردھن سنگھ نے ایک سوال کے تحریری جواب میں فراہم کیں۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-690


(रिलीज़ आईडी: 2290163) आगंतुक पटल : 4
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी