تعاون کی وزارت
بھارت ٹیکسی کی موجودہ صورتحال
प्रविष्टि तिथि:
22 JUL 2026 5:33PM by PIB Delhi
حکومت نے کہا ہے کہ سہکار ٹیکسی کوآپریٹو لمیٹڈ (ایس ٹی سی ایل)، جو کثیر ریاستی کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ، 2002 کے تحت رجسٹرڈ ہے، 6 جون 2025 کو آٹھ قومی سطح کے کوآپریٹو اداروں نے قائم کی تھی، جبکہ 5 فروری 2026 کو وزارتِ تعاون کے زیر اہتمام اس کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ اس ادارے نے کوآپریٹو بنیادوں پر ایک ایسا نقل و حمل کا نظام متعارف کرایا ہے جو روایتی ’’ڈرائیور پارٹنر‘‘ ماڈل کے بجائے ’’سارَتھی-مالک‘‘ ماڈل پر مبنی ہے۔
حکومت کے مطابق اس ماڈل کے تحت ڈرائیور محض خدمات فراہم کرنے والے نہیں بلکہ کوآپریٹو سوسائٹی کے رکن اور مالک بھی ہوتے ہیں۔ وہ بورڈ آف مینجمنٹ میں نمائندگی کے ذریعے ادارے کے نظم و نسق میں حصہ لیتے ہیں اور کوآپریٹو کے منافع میں بھی شریک ہوتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس ٹی سی ایل اپنے بھارت ٹیکسی پلیٹ فارم کے ذریعے صفر کمیشن کے اصول پر خدمات فراہم کر رہا ہے، جس سے ڈرائیور اپنی مکمل آمدنی اپنے پاس رکھتے ہیں، جبکہ کوآپریٹو کا زائد منافع اس کے سارَتھی اراکین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم کوآپریٹو ملکیت کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ٹیکسی خدمات کے ساتھ جوڑتا ہے، جس میں شفاف کرایہ جاتی نظام، گاڑیوں کی حقیقی وقت میں نگرانی، متعدد زبانوں پر مشتمل موبائل انٹرفیس اور چوبیس گھنٹے صارفین کی معاونت جیسی سہولتیں شامل ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ سرمایہ کاروں پر مبنی نجی ایگریگیٹر پلیٹ فارمز کا ایک مقامی اور خود ساختہ متبادل ہے۔
حکومت نے بتایا کہ بھارت ٹیکسی سروس کو ملک بھر میں مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت سارَتھی (ڈرائیور) ایپ، مسافر ایپ اور بیک اینڈ مینجمنٹ سسٹم تیار کیا جا چکا ہے اور مختلف مراحل میں اس کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ مختلف شہروں اور ریاستوں میں خدمات کا آغاز آپریشنل تیاری، سارَتھیوں کی دستیابی، قانونی تقاضوں کی تکمیل اور متعلقہ ریاستی حکومتوں، کوآپریٹو اداروں اور دیگر فریقوں کے ساتھ رابطہ کاری پر منحصر ہوگا۔
بیان کے مطابق اس منصوبے میں سارَتھیوں کی رجسٹریشن اور آن بورڈنگ، صارفین کا اندراج، تربیتی پروگرام اور منتخب شہروں و ریاستوں میں خدمات کی توسیع شامل ہے۔
حکومت نے بتایا کہ بھارت ٹیکسی پلیٹ فارم پر اب تک 7.76 لاکھ سارَتھی (ڈرائیور) رجسٹر کیے جا چکے ہیں اور ان کے دستاویزات کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 40.84 لاکھ صارفین بھی پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہیں۔ فی الحال یہ سروس دہلی-این سی آر اور گجرات کے مختلف شہروں میں دستیاب ہے۔
حکومت نے واضح کیا کہ بھارت ٹیکسی اور یاتری ساتھی دو الگ الگ نقل و حمل کے پلیٹ فارم ہیں، جو مختلف ادارہ جاتی انتظامات کے تحت کام کرتے ہیں۔ بھارت ٹیکسی، ایس ٹی سی ایل کی جانب سے ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ، 2002 کے تحت چلایا جانے والا کوآپریٹو پلیٹ فارم ہے، جبکہ یاتری ساتھی حکومتِ مغربی بنگال کے محکمہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی و الیکٹرانکس (ڈی آئی ٹی ای) کی تیار کردہ، ملکیت میں موجود اور چلائی جانے والی ریاستی ٹیکسی ایگریگیٹر سروس ہے، جو صرف مغربی بنگال میں خدمات فراہم کرتی ہے۔
یہ معلومات امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب کے ذریعے فراہم کیں۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 405 )
(रिलीज़ आईडी: 2287961)
आगंतुक पटल : 5