امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
ہندوستان کی 2026 کی برکس صدارت کے تحت، برکس ممالک مشترکہ معیار کاری کے فریم ورک کی طرف گامزن
صارفین کے امور، خوراک اور عوامی نظامِ تقسیم کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی بنگلورو میں 'برکس کے تحت معیار کاری میں تعاون' سے متعلق میٹنگ کا افتتاح کریں گے
بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) برکس کے قومی معیار کاری سے متعلق اداروں کے سربراہان کی میٹنگ کی میزبانی کر رہا ہے
प्रविष्टि तिथि:
14 JUL 2026 5:56PM by PIB Delhi
ہندوستان، 2026 میں اپنی برکس صدارت کے فریم ورک کے تحت 16-17 جولائی 2026 کو بنگلورو، کرناٹک میں برکس کے قومی معیار کاری کے اداروں (این ایس بی) کے سربراہان کی پانچویں میٹنگ کی میزبانی کر رہا ہے۔
اس دو روزہ میٹنگ میں برکس کے گیارہ رکن ممالک یعنی برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، ہندوستان، انڈونیشیا، ایران، روسی وفاق، سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کے قومی معیار کاری کے اداروں کے سربراہان اور سینئر نمائندے شرکت کریں گے تاکہ برکس ممالک میں معیار کاری اور معیاری بنیادی ڈھانچے میں تعاون کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اس اجلاس کا افتتاح حکومتِ ہند کے صارفین کے امور، خوراک اور عوامی نظامِ تقسیم اور نئی و قابلِ تجدید توانائی کے معزز وزیر جناب پرہلاد جوشی کریں گے۔ افتتاحی سیشن کا استقبالیہ خطاب بی آئی ایس کے ڈائریکٹر جنرل جناب سنجے گرگ پیش کریں گے، جس کے بعد محکمہ صارفین کے امور کی سکریٹری محترمہ ندھی کھرے کلیدی خطاب کریں گی۔
میٹنگ کے دوران، توقع ہے کہ برکس کے قومی معیار کاری ادارے (این ایس بی) برکس رکن ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں معیارات طے کرنے، انہیں اپنانے اور ان کے نفاذ، تکنیکی مہارت کے تبادلے، صلاحیت سازی میں اضافے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک باقاعدہ فریم ورک تشکیل دیں گے۔
برکس دنیا کی گیارہ ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور ترقی پذیر ممالک کو ایک ساتھ آنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور یہ دنیا کی تقریباً نصف (49.5 فیصد) آبادی، عالمی جی ڈی پی کا تقریباً 40 فیصد اور عالمی تجارت کے تقریباً 26 فیصد کی نمائندگی کرتا ہے۔
ہندوستان کی برکس صدارت کی رہنمائی 'لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر' کے موضوع کے تحت ہو رہی ہے، جو کہ 2025 کے ریو سربراہ کانفرنس میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پیش کردہ عوام پر مرکوز اور انسانیت کو ترجیح دینے والے نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔
میٹنگ کے دوران 17 جولائی 2026 کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں معیار کاری پر ایک موضوعاتی ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جو قابلِ اعتماد، محفوظ اور ذمہ دارانہ اے آئی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے میں معیارات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس ورکشاپ میں بی آئی ایس (ہندوستان)، جی اوایس ٹی آر (روسی وفاق)، ایس اے سی (چین) اور اے بی این ٹی (برازیل) کے ماہرین کی پیشکشیں شامل ہوں گی، جس کے بعد ابھرتی ہوئی اے آئی معیار کاری کی ترجیحات اور تعاون کے مواقع پر برکس کے قومی معیار کاری اداروں کے سربراہان کے درمیان باہمی تبادلہ خیال ہوگا۔
میٹنگ بین الاقوامی معیار کاری کے عمل میں تعاون کو مضبوط بنانے اور ہم آہنگ معیارات کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان کے عزم کی توثیق کرتا ہے جو تجارت، اختراع، صارفین کے تحفظ اور پائیدار ترقی میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ میٹنگ برکس کے قومی معیار کاری اداروں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید گہرائی عطا کرے گی اور ایک لچکدار اور ہمہ گیر عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اپنا تعاون دےگی۔
بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز بین الاقوامی معیار کاری سے متعلق شراکت داری کو فروغ دینے اور برکس فریم ورک کے تحت باہمی تعاون کے اقدامات کے ذریعے معیار کاری کے عالمی نظام میں ہندوستان کی قیادت کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ش ب۔ ن م۔
U- 9957
(रिलीज़ आईडी: 2284745)
आगंतुक पटल : 4