سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
این ایچ اے آئی نے این ایچ-44 پر گھرونڈہ ٹول پلازہ پر ملٹی لین فری فلو (ایم ایل ایف ایف) ٹولنگ نظام نافذ کیا
ٹیکنالوجی پر مبنی ٹول وصولی کا نظام بغیر رکاوٹ سفر کو ممکن بنائے گا، ٹریفک کی بھیڑمیں کمی لائے گا اور مسافروں کی سہولت میں اضافہ کرے گا
प्रविष्टि तिथि:
25 JUN 2026 3:51PM by PIB Delhi
حکومت ہند کے ہموار بغیر رکاوٹ اور ٹیکنالوجی پر مبنی شاہراہوں کے سفر کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے قومی شاہراہ-44 کے پانی پت سےجالندھر سیکشن پر واقع گھرونڈہ ٹول پلازہ پر ملٹی لین فری فلو (ایم ایل ایف ایف) ٹولنگ نظام کے نفاذ کا آغاز کیا۔
ایم ایل ایف ایف نظام روایتی ٹول پلازوں کے مقابلے میں ایک انقلابی تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے، کیونکہ اس کے تحت گاڑیوں کو ٹول ادا کرنے کے لیے نہ رکنا پڑتا ہے اور نہ ہی رفتار کم کرنی پڑتی ہے۔ جدید الیکٹرانک ٹول کلیکشن (ای ٹی سی)ٹیکنالوجی، اعلیٰ کارکردگی کے سینسرز اور اوورہیڈ گینٹریوں پر نصب کیمروں کی مدد سے گاڑیوں کی خودکار شناخت کی جاتی ہے اور فاسٹ ٹیگ کے ذریعے صارف فیس خود بخود کٹ جاتی ہے، جس سے شاہراہوں پر بلا رکاوٹ اور معمول کی رفتار سے سفر ممکن ہوتا ہے۔

شاہراہ استعمال کرنے والوں کے تجربے میں انقلابی تبدیلی
ایم ایل ایف ایف ٹولنگ نظام کے نفاذ سے سفر کی کارکردگی اور مسافروں کی سہولت میں نمایاں بہتری متوقع ہے، جس کے اہم فوائد درج ذیل ہیں:
• انتظار کا خاتمہ
فزیکل ٹول رکاوٹوں کے خاتمے سے گاڑیوں کی آمدورفت ہموار اور بلا رکاوٹ ہو جائے گی، جس کے نتیجے میں سفر میں تاخیر اور ٹول مقامات پر ٹریفک بھیڑمیں کمی آئے گی۔
• ایندھن اور وقت کی بچت
ٹول پلازوں پر بار بار بریک لگانے، گاڑی روکنے اور دوبارہ رفتار پکڑنے کی ضرورت ختم ہونے سے ایندھن کی کھپت کم ہوگی اور سفر کا دورانیہ بھی مختصر ہو جائے گا۔
ایم ایل ایف ایف ٹولنگ نظام کی اہم خصوصیات
گینٹری پر مبنی ٹول وصولی
صارف فیس شاہراہ پر نصب اوورہیڈ گینٹریوں کے ذریعے خودکار طور پر وصول کی جائے گی۔ یہ ڈھانچے تقریباً 5.5 سے 6.0 میٹر عمودی کلیئرنس فراہم کرتے ہیں، جس سے تمام مجاز گاڑیوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنتی ہے۔
بھیڑسے پاک ٹولنگ زون
ٹریفک کے ہموار آمد ورفت اور نظام کی مؤثر کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے ایم ایل ایف ایف ٹولنگ زون کے دونوں اطراف 200 میٹر کے دائرے میں پارکنگ، تجاوزات اور غیر مجاز گاڑیوں کے رکنے پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔
نفاذ کامضبوط نظام
روٹ پیٹرول گاڑیاں (آر پی ویز) اور نفاذ سے متعلق مقامی ایجنسیاں ایم ایل ایف ایف راستوں کی مسلسل نگرانی کریں گی تاکہ غلط سمت میں ڈرائیونگ، نمبر پلیٹ میں چھیڑ چھاڑ اور ٹول چوری جیسی خلاف ورزیوں کی روک تھام کی جا سکے۔
ناکام ٹول ادائیگیوں کے لیے ای-نوٹس کا نظام
آمدنی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے شفافیت اور سہولت کو یقینی بنانے کی غرض سے این ایچ اے آئی نے ایک منظم ای-نوٹس نظام متعارف کرایا ہے۔ یہ نظام ان صورتوں میں نافذ ہوگا، جب فاسٹ ٹیگ کے ذریعے ٹول فیس کی ادائیگی کامیاب نہ ہو سکے، مثلاً اکاؤنٹ میں ناکافی بیلنس، فاسٹ ٹیگ کا غیر فعال ہونا یا ٹیگ سے متعلق دیگر تکنیکی مسائل وغیرہ۔
ای-نوٹس کی جانچ کا طریقہ
سڑک استعمال کرنے والے نامزد این آئی سی پورٹل کے ذریعے اپنے ای-نوٹس کی جانچ اور ان کا انتظام کر سکتے ہیں:
www.nhfeenotice.parivahan.gov.in
صارفین اپنی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر درج کرکے اور واہن (وی اے ایچ اے این) ڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ موبائل نمبر پر موصول ہونے والے ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) کے ذریعے تصدیق کر کے پورٹل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
ای-نوٹس راج مارگ یاترا موبائل ایپ پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ادائیگی کی مدت
- 72 گھنٹوں کے اندر ادائیگی: قابلِ اطلاق معمول کی ٹول فیس(1x) ادا کرنا ہوگی۔
- 72 گھنٹوں کے بعد ادائیگی: مقررہ ضوابط کے مطابق قابل اطلاق ٹول فیس کا دوگنا(2x)ادا کرنا ہوگا۔
شکایات کے ازالے کا نظام
اگر کسی گاڑی کے مالک کو یہ محسوس ہو کہ ای-نوٹس غلطی سے جاری کیا گیا ہے تو وہ نوٹس جاری ہونے کے 72 گھنٹوں کے اندر این آئی سی پورٹل کے ذریعے شکایت درج کرا سکتا ہے، جس کا جائزہ لے کر مناسب کارروائی کی جائے گی۔
سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے ہدایات
این ایچ اے آئی تمام شاہراہ استعمال کرنے والوں کو مشورہ دیتا ہے کہ:
- اپنے فاسٹ ٹیگ اکاؤنٹس میں ہر وقت مناسب بیلنس برقرار رکھیں۔
- اس بات کو یقینی بنائیں کہ فاسٹ ٹیگ فعال ہو اور گاڑی کے اگلے شیشے (ونڈ اسکرین) پر درست طریقے سے چسپاں کیا گیا ہو۔
- واضح اور ضابطوں کے مطابق ہائی سکیورٹی رجسٹریشن پلیٹس (ایچ ایس آر پی(استعمال کریں۔
- ایم ایل ایف ایف زونز میں ٹریفک ضوابط کی پابندی کریں اور نصب کردہ اشارتی علامات پر عمل کریں۔
این ایچ اے آئی گجرات کے چوریاسی، دہلی کے منڈکا ٹول پلازہ اور راجستھان کے دولت پورہ ٹول پلازہ پر ایم ایل ایف ایف ٹولنگ نظام کو کامیابی کے ساتھ نافذ کر چکا ہے۔
گھرونڈہ ٹول پلازہ پر ایم ایل ایف ایف ٹولنگ نظام کا نفاذہندوستان کے جدید، مؤثر اور اسمارٹ شاہراہی نیٹ ورک کی جانب سفر میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ بغیر رکاوٹ ٹول وصولی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے، این ایچ اے آئی کا مقصد مسافروں کی سہولت میں اضافہ، سفر کے وقت میں کمی، ایندھن کی بچت اور ایک زیادہ محفوظ اور پائیدار سڑک نقل و حمل کے نظام کو فروغ دینا ہے۔

*****
) ش ح – م ع ن- ش ب ن )
U.No. 9180
(रिलीज़ आईडी: 2277842)
आगंतुक पटल : 10