الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

این آئی ایکس آئی نے اپنا 23واں  یومِ تاسیس منایا

الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے سکریٹری نے چار ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا افتتاح کیا؛ ان اقدامات کا مقصد بھارت کے انٹرنیٹ ماحولیاتی نظام میں شفافیت، کارکردگی اور ڈومین سکیورٹی کو فروغ دینا ہے

 ہمیں ایسے انٹرنیٹ کی تیاری کے لیے مسلسل کام کرتے رہنا چاہیے جو سب کے لیے محفوظ، قابلِ اعتماد اور قابلِ رسائی ہو: وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سکریٹری

प्रविष्टि तिथि: 19 JUN 2026 8:55PM by PIB Delhi

نیشنل انٹرنیٹ ایکسچینج آف انڈیا (این آئی ایکس آئی) نے آج اپنا 23واں یومِ تاسیس منایا۔ اس موقع پر پالیسی ساز، صنعت کے سرکردہ رہنما، انٹرنیٹ کمیونٹی کے اراکین، ماہرینِ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ماہرین ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوئے۔ انہوں نے بھارت کے ڈیجیٹل سفر کا جائزہ لیا اور انٹرنیٹ پر مبنی ترقی کے مستقبل پر تبادلۂ خیال کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001EQF8.jpg

 تقریب کی نمایاں خصوصیت وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکریٹری اور این آئی ایکس آئی کے چیئرمین کی جانب سے چار نئے ڈیجیٹل اقدامات کا آغاز تھا۔ ان میں آئی ایکس پورٹل، مائی آئی آر آئی این این پورٹل، .ان  آکشن پورٹل اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈبلیو ایچ او آئی ایس اسکریننگ پلیٹ فارم شامل ہیں۔ ان پورٹلز کا مقصد صارفین کے تجربے کو بہتر بنانا، عملی کارکردگی میں اضافہ کرنا، شفافیت کو یقینی بنانا اور بھارت کے انٹرنیٹ ماحولیاتی نظام میں نگرانی اور تصدیقی عمل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈبلیو ایچ او آئی ایس اسکریننگ پلیٹ فارم ڈومین ناموں کی سکیورٹی کو بہتر بنانے اور مشتبہ ویب سائٹس کی نشاندہی کو زیادہ مؤثر بنانے میں مدد فراہم کرے گا، جس کے نتیجے میں بھارت کے .ان  ڈومین اسپیس کا تحفظ مزید مستحکم ہوگا۔

 اس موقع پر ان اداروں اور شراکت داروں کو بھی اعزازات سے نوازا گیا جن کی خدمات نے بھارت کے انٹرنیٹ ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور ملک کے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002BBAG.jpg

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکریٹری اور این آئی ایکس آئی کے چیئرمین، جناب ایس۔ کرشنن (آئی اے ایس) نے کہاکہ جوں جوں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنتی جا رہی ہیں، توں توں انٹرنیٹ کے ماحولیاتی نظام میں اعتماد، پائیداری اور سلامتی کو یقینی بنانا مزید اہم ہوتا جا رہا ہے۔ بھارت کے انٹرنیٹ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی انٹرنیٹ گورننس سے متعلق مباحث میں ملک کی مؤثر شمولیت کو یقینی بنانے میں این آئی ایکس آئی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں مل کر ایسے انٹرنیٹ کی تعمیر کے لیے مسلسل کام کرتے رہنا چاہیے جو سب کے لیے محفوظ، قابلِ اعتماد اور قابلِ رسائی ہو۔

 آئی کین  میں اسٹیک ہولڈر انگیجمنٹ کے نائب صدر اور ایشیا بحرالکاہل خطے کے منیجنگ ڈائریکٹر، جناب سمیرن گپتا نے کہاکہ جیسے جیسے بھارت کا ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام وسعت اختیار کر رہا ہے، ویسے ویسے عالمی انٹرنیٹ گورننس اور معیار سازی سے متعلق مباحث میں ہماری شرکت کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔ این آئی ایکس آئی فیلوشپ پروگرام جیسی کاوشیں نئی نسل کی ایسی قیادت تیار کر رہی ہیں جو انٹرنیٹ کے مستقبل کی تشکیل میں بامعنی کردار ادا کر سکے۔ بھارت کے ڈیجیٹل سفر کو آگے بڑھانے میں این آئی ایکس آئی نے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ عالمی انٹرنیٹ برادری میں ملک کے مقام کو مزید مستحکم کرتا رہے گا۔

وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جوائنٹ سیکریٹری، جناب سشیل پال نے کہاکہ جیسے جیسے بھارت عالمی ڈیجیٹل منظرنامے میں اپنی حیثیت کو مزید مضبوط بنا رہا ہے، ویسے ویسے انٹرنیٹ گورننس اور معیار سازی سے متعلق عالمی مباحث میں ہمارا فعال کردار بھی نہایت اہم ہوتا جا رہا ہے۔ این آئی ایکس آئی فیلوشپ پروگرام، انٹرنیٹ ٹیکنالوجیز سے متعلق منصوبوں کے لیے مالی معاونت اور آئی ای ٹی ایف  جیسے عالمی فورمز میں شرکت کے لیے فیلوشپ جیسی پہلوں کے ذریعے ہم انٹرنیٹ قیادت کی اگلی نسل تیار کر رہے ہیں، جو ایک محفوظ، جامع اور مضبوط ڈیجیٹل مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 اس موقع پر این آئی ایکس آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈاکٹر دیویش تیاگی نے کہاکہ بھارت میں انٹرنیٹ کا اگلا مرحلہ تین بنیادی ستونوں پر استوار ہوگا: اعتماد، اختراع اور اس بات کو یقینی بنانا کہ ملک کے ہر خطے کے لوگ اس میں مساوی طور پر شریک ہو سکیں۔ ہمارا مقصد صرف لوگوں کو انٹرنیٹ سے جوڑنا نہیں بلکہ شہریوں، کاروباری اداروں، اسٹارٹ اپس اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کو ڈیجیٹل دنیا میں ترقی کے حقیقی مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔ این آئی ایکس آئی میں ہم ایسے انٹرنیٹ ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے لیے مسلسل کام کرتے رہیں گے جو اختراع کی حوصلہ افزائی کرے، تعاون کے جذبے کو فروغ دے اور ملک کے لیے طویل مدتی قدر پیدا کرے۔

 گزشتہ 23 برسوں کے دوران این آئی ایکس آئی نے بھارت کے انٹرنیٹ ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس وقت یہ 39 لاکھ سے زائد اِن ڈومین ناموں کا انتظام کر رہا ہے، ملک بھر میں 79 انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹس (آئی ایکس پیز) چلا رہا ہے، 22 بھارتی زبانوں میں ڈومین رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرتا ہے اور آئی پی وی 6 (آئی پی وی6) کے وسیع استعمال کو فروغ دے رہا ہے۔ بھارت میں آئی پی وی6کا استعمال تقریباً 78.34 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث ملک اس شعبے میں عالمی رہنماؤں میں شمار ہوتا ہے۔ وکست بھارت 2047 کے ہدف کی جانب بھارت کے مسلسل پیش قدمی کے ساتھ، این آئی ایکس آئی ملک بھر کے شہریوں، کاروباروں اور اداروں کے لیے انٹرنیٹ کی مضبوطی کو مزید بہتر بنانے اور ایک محفوظ، جامع اور پائیدار ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کے فروغ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

 این آئی ایکس آئی کے بارے میں:

 نیشنل انٹرنیٹ ایکسچینج آف انڈیا (این آئی ایکس آئی) حکومت ہند کے تحت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کی ماتحتی میں  قائم ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے۔ این آئی ایکس آئی ملک کے انٹرنیٹ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ یہ ملکی انٹرنیٹ ٹریفک کے مؤثر تبادلے کو ممکن بناتا ہے، .ان اور .بھارت کنٹری کوڈ ٹاپ لیول ڈومینز کا انتظام کرتا ہے اور پورے ملک میں انٹرنیٹ کے استعمال کو فروغ دیتا ہے۔ اپنی مختلف سرگرمیوں اور منصوبوں کے ذریعے این آئی ایکس آئی بھارت کے ڈیجیٹل ترقیاتی اہداف کے مطابق ایک محفوظ، مضبوط اور جامع انٹرنیٹ ماحولیاتی نظام کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

***

ش ح۔ ع ح۔ م ش

U-NO 9072

 


(रिलीज़ आईडी: 2276962) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी