ایٹمی توانائی کا محکمہ
azadi ka amrit mahotsav

وڈودرا میں بھاری پانی بورڈ کی تنصیبات پر ڈیوٹیریئم مرکبات کی پیداواری تنصیب کا افتتاح اور ابتدائی سوڈیم سیل کی تنصیب


محکمۂ جوہری توانائی کے سیکریٹری اور اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین نے وڈودرا میں واقع بھاری پانی بورڈ کی تنصیب پر مقامی طور پر تیار کردہ کثیرالمقاصد ڈیوٹیریئم مرکبات پیداواری مرکز (وی ڈی پی پی) کا افتتاح کیا اور 24 کلو ایمپیئر صلاحیت کے سوڈیم سیل کے ابتدائی نمونے کو باضابطہ طور پر فعال کر دیا

یہ ڈیوٹیریئم مرکبات پیداواری پلانٹ(وی ڈی پی پی) ان خصوصی ڈیوٹیریئم مرکبات کی مقامی تیاری کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا جو اعلیٰ درجے کی سائنسی تحقیق، تزویراتی مقاصد اور جدید ترین ٹیکنالوجیوں کے لیے درکار ہوتے ہیں

چوبیس کلو ایمپیئر صلاحیت کا سوڈیم سیل بھارت کے فاسٹ بریڈر ری ایکٹر پروگرام کے لیے جوہری معیار کے سوڈیم کی صنعتی پیمانے پر مقامی پیداوار کی جانب ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے

یہ دونوں تنصیبات بھارت کی تکنیکی خود انحصاری کو مزید مستحکم کریں گی اور ملک کے تین مرحلوں پر مشتمل طویل المدتی جوہری توانائی پروگرام کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی

प्रविष्टि तिथि: 21 JUN 2026 7:33PM by PIB Delhi

 بھارت کی مقامی تکنیکی صلاحیتوں اور تزویراتی مواد کے پروگرام کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر محکمۂ جوہری توانائی کے سیکریٹری اور اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اجیت کمار موہنتی نے 21 جون 2026 کو وڈودرا میں واقع بھاری پانی بورڈ کی تنصیبات (ایچ ڈبلیو بی ایف) میں کثیرالمقاصد ڈیوٹیریئم مرکبات پیداواری پلانٹ (وی ڈی پی پی) کا افتتاح کیا اور 24 کلو ایمپیئر صلاحیت کے سوڈیم سیل کے ابتدائی نمونے کو باضابطہ طور پر فعال کیا۔ یہ اقدام ملک کی تکنیکی خود انحصاری کو فروغ دینے اور حساس و تزویراتی نوعیت کے مواد کی مقامی سطح پر پیداوار بڑھانے کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اجیت کمار موہنتی نے کہا کہ کثیرالمقاصد ڈیوٹیریئم مرکبات پیداواری پلانٹ (وی ڈی پی پی) کے افتتاح اور 24 کلو ایمپیئر صلاحیت کے سوڈیم سیل کے ابتدائی نمونے کی تنصیب سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی تحقیق اور اختراع کے ذریعے اہم مواد اور جدید ٹیکنالوجیوں کی تیاری میں بھارت کی صلاحیتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ یہ تنصیبات تزویراتی خود انحصاری کو مضبوط بنائیں گی، اعلیٰ سطح کی سائنسی تحقیق کو سہارا دیں گی اور بھارت کے جوہری توانائی پروگرام کے طویل المدتی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوہری معیار کے سوڈیم کی مقامی پیداوار کی صلاحیت کا فروغ خاص طور پر اس لیے اہم ہے کہ اس سے بھارت کے فاسٹ بریڈر ری ایکٹر پروگرام کی مستقبل میں توسیع کو تقویت ملے گی اور تکنیکی عمدگی کے ذریعے ترقی یافتہ بھارت کے تصور کو عملی شکل دینے میں مدد ملے گی۔

یہ تقریب ہومی بھابھا چیئر پروفیسر اور محکمۂ جوہری توانائی کے سابق سیکریٹری و اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین جناب  کے این ویاس کی  بابرکت موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر بھاری پانی بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو جناب وی وی ایس اے پرساد، بھاری پانی بورڈ کے ڈائریکٹر (آپریشنز و تکنیکی امور) جناب کے وی تالے، وڈودرا میں بھاری پانی بورڈ کی تنصیبات کے خصوصی فرائض کے افسر جناب نتیش مہتا بھی موجود تھے۔ تقریب میں محکمۂ جوہری توانائی کے اعلیٰ حکام، سائنس دانوں، انجینئروں اور بھاری پانی بورڈ کے ملازمین نے بھی شرکت کی۔

کثیرالمقاصد ڈیوٹیریئم مرکبات پیداواری پلانٹ (وی ڈی پی پی) اس مقصد کے تحت قائم کیا گیا ہے کہ ملک میں اُن خصوصی ڈیوٹیریئم مرکبات کی مقامی پیداوار کی صلاحیت کو فروغ دیا جا سکے جو اعلیٰ درجے کی سائنسی تحقیق، تزویراتی استعمالات اور جدید ترین تکنیکی پروگراموں کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ اس تنصیب سے نہایت خالص معیار کے ڈیوٹیریئم محلّلات (سالوینٹس) مقامی سطح پر تیار کیے جائیں گے، جس کے ذریعے اس اہم شعبے میں قومی ضروریات پوری کرنے میں نمایاں مدد ملے گی اور بیرونی انحصار میں کمی آئے گی۔

24 کلو ایمپیئر صلاحیت کے سوڈیم سیل کے ابتدائی نمونے کی تنصیب جوہری معیار کے سوڈیم کی صنعتی پیمانے پر مقامی پیداوار کی جانب ایک بڑی تکنیکی کامیابی ہے۔ جوہری معیار کا سوڈیم بھارت کے فاسٹ بریڈر ری ایکٹر پروگرام کے لیے نہایت اہم اور بنیادی مواد کی حیثیت رکھتا ہے۔مسلسل تحقیق، اعلیٰ درجے کی انجینئرنگ مہارت اور تکنیکی اختراع کے نتیجے میں تیار کی گئی یہ تنصیب اُن تزویراتی مواد کی مقامی سطح پر دستیابی کو یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے جو بھارت کے تین مرحلوں پر مشتمل جوہری توانائی پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے درکار ہیں۔ یہ پیش رفت آتم نربھر بھارت  کے قومی وژن کے مطابق ملک کو حساس اور اہم تکنیکی شعبوں میں خود انحصاری کے ہدف کے مزید قریب لے جاتی ہے۔

یہ کامیابیاں محکمۂ جوہری توانائی (ڈی اے ای) کے اس مستقل عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ملک کو اہم اور تزویراتی شعبوں میں تکنیکی خود انحصاری، اختراع اور اعلیٰ معیار سے آراستہ کیا جائے۔ یہ سنگِ میل مقامی تکنیکی ترقی اور تزویراتی صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے وکست بھارت کے سفر کو مزید مضبوط بناتے ہیں اور ملک کے طویل المدتی سائنسی و صنعتی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

*********

 ش ح۔ا ک۔ش ت

Urdu No-9035 


(रिलीज़ आईडी: 2276653) आगंतुक पटल : 6
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी