شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
اعداد و شمار کے قومی کمیشن میں چیئرپرسن اور اراکین کی تقرری
प्रविष्टि तिथि:
17 JUN 2026 5:34PM by PIB Delhi
اعداد و شمار کے قومی کمیشن ( این ایس سی ) کا قیام 2005 میں ، ملک میں اعداد و شمار سے تمام اہم سرگرمیوں کے لیے ایک نگراں ادارے کے طور پر کیا گیا تھا، جس کا مقصد شماریاتی ترجیحات اور معیارات کو وضع کرنا، ان کی نگرانی اور نفاذ کو یقینی بنانا اور شماریاتی رابطہ کاری کو مستحکم بنانا ہے۔ یہ کمیشن ایک غیر مستقل چیئرپرسن، اعداد و شمار کے شعبے میں مہارت اور تجربہ رکھنے والے چار غیر مستقل اراکین اور نیتی آیوگ کے سی ای او پر مشتمل ہوتا ہے ، جو اس کے بحیثیتِ عہدہ رکن ہوتے ہیں۔ اعداد و شمار اور پروگراموں پر عمل در آمد کی وزارت ( ایم او ایس پی آئی ) کے سکریٹری ، کمیشن کے سکریٹری کے طور پر فرائض انجام دیتے ہیں۔
کابینہ کی تقرر کمیٹی ( اے سی سی ) نے اعداد و شمار کے قومی کمیشن کے چیئرمین اور اراکین کی تقرری کی منظوری درج ذیل طور پر دی ہے:
- ڈاکٹر سیبال چٹو پادھیائے، چیئرپرسن
- پروفیسر شُبھابراتا داس، رکن
- جناب ستیندر بہادر سنگھ، رکن
- ڈاکٹر مادھون مکند، رکن
ڈاکٹر سیبال چٹوپادھیائے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، کولکاتہ کے سابق ڈائریکٹر ہیں۔ ان کے پاس یونیورسٹی آف کنیکٹیکٹ، اسٹورس، امریکہ سے شماریات کے مضمون میں پی ایچ ڈی اور ایم ایس کی ڈگریاں ہیں، جب کہ انہوں نے کلکتہ یونیورسٹی سے شماریات میں ایم ایس سی اور بی ایس سی کیا ہے۔ ان کے تخصص کے شعبوں میں تخمینہ اور انتخاب و درجہ بندی کے مسائل میں ترتیب وار طریقے، محدود آبادی سے متعلق تخمینہ اور سروے سیمپلنگ، ماحولیاتی صحت اور طبی مطالعات میں کثیر مرحلہ سیمپلنگ کے طریقے اور جدید مارکیٹنگ تحقیق میں عددی تکنیکیں شامل ہیں۔
پروفیسر شُبھا براتا داس انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، بنگلور کے پروفیسر ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا ایٹ چیپل ہل سے شماریات کے مضمون میں پی ایچ ڈی اور ایم ایس کیا ہے، جب کہ انڈین اسٹیٹسٹیکل انسٹی ٹیوٹ، کولکاتہ سے ایم اسٹیٹ اور بی اسٹیٹ کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ ان کے تخصص کے شعبوں میں ، شماریات، آپریشنل ریسرچ، ایکچوریل میتھ میٹکس، فزی ڈیٹا اینالیسس، پیمائش اور اسکیلنگ نیز انتظامی، سماجی و ماحولیاتی علوم سمیت مختلف شعبوں کے ایپلی کیشنز شامل ہیں۔
جناب ستیندر بہادر سنگھ، انڈین اسٹیٹسٹیکل سروس کے ریٹائرڈ افسر ہیں، جن کا 1987 بیچ سے تعلق ہے۔ انہوں نے حکومتِ ہند میں تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط خدمات انجام دی ہیں، جن میں سرکاری شماریات، معاشی شماریات، محنت و روزگار سے متعلق شماریات، پالیسی معاونت، تربیت اور انتظامیہ میں وسیع تجربہ شامل ہے۔
ڈاکٹر مادھون مکند، سینٹر فار میتھ میٹکس، چنئی کے ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف آہروس، ڈنمارک سے کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی کی ہے ۔ اس کے علاوہ ، انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، بامبے سے کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ میں بی ٹیک کیا ہے۔
اعداد و شمار کے قومی کمیشن ( این ایس سی ) شماریاتی نظام سے متعلق قومی پالیسیوں اور ترجیحات کو وضع کرنے، سرکاری شماریات پر عوامی اعتماد کو بہتر بنانے کے اقدامات اور شماریات کے مختلف شعبوں میں معیاری شماریاتی تصورات، تشریحات ، درجہ بندیاں اور طریقۂ کار طے کرنے کا ذمہ دار ہے۔ یہ بنیادی شماریات پر قومی معیارِ کیفیت مقرر کرتا ہے اور ان معیارات کے مؤثر نفاذ کے لیے اقدامات کی سفارش کرتا ہے۔
اعداد و شمار کے قومی کمیشن ( این ایس سی ) کے فرائض میں ، ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کے ساتھ اعداد و شمار سے متعلق سرگرمیوں میں مؤثر رابطہ کاری کے لیے اقدامات وضع کرنا، اسی طرح مرکزی حکومت کی وزارتوں، محکموں اور دیگر اداروں کے درمیان شماریات سے متعلق رابطہ کاری کو بہتر بنانا بھی شامل ہے۔ یہ کمیشن شماریاتی سرگرمیوں پر اعداد و شمار کے آڈٹ بھی کرتا ہے تاکہ شماریات کے معیار اور دیانت داری کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید برآں، کمیشن طے شدہ پالیسیوں، معیارات اور طریقۂ کار کی روشنی میں شماریاتی نظام کی کارکردگی کی نگرانی اور جائزہ لیتا ہے اور بہتر کارکردگی کے لیے اقدامات کی سفارش کرتا ہے۔
..................................................... ...................................................
) ش ح – م ع - ع ا )
U.No. 8770
(रिलीज़ आईडी: 2274208)
आगंतुक पटल : 7