دیہی ترقیات کی وزارت
آسام کی زرعی اور دیہی ترقی کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی: جناب شیوراج سنگھ چوہان
منریگا کے تحت رقوم مختص، پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے لیے خصوصی سروے کا ونڈو کھولا جائے گا
مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان سے آسام کے وزیرِ اعلیٰ جناب ہیمنت بسوا سرما نے نئی دہلی میں ملاقات کی
प्रविष्टि तिथि:
02 JUN 2026 9:09PM by PIB Delhi
زراعت و کسان کی فلاح وبہبود اور دیہی ترقی کےمرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان سے آج آسام کے وزیرِ اعلیٰ جناب ہیمنت بسوا سرما نے نئی دہلی کے کرشی بھون میں ریاست سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کیلئے ملاقات کی۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں آسام میں زراعت اور دیہی ترقی کے محکموں کے تحت جاری مختلف مرکزی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ متعدد اہم موضوعات پر تفصیلی اور جامع تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔

اجلاس میں مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں آسام کی زراعت اور دیہی ترقی کے لیے فنڈز اور وسائل کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے ریاست کو زرعی بنیادی ڈھانچہ فنڈ (اے آئی ایف)، پردھان منتری آواس یوجنا – دیہی (پی ایم اے وائی-جی)، منریگا اور دیگر مرکزی منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
دیہی ترقی کی وزارت کے ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے سیکریٹری جناب روہت کنسل نے بتایا کہ پردھان منتری آواس یوجنا – دیہی (پی ایم اے وائی-جی) اور منریگا نظام میں درپیش تمام تکنیکی رکاوٹوں کو مکمل طور پر دور کر دیا گیا ہے۔ منریگا کے تحت حکومتِ آسام کی مانگ کے مطابق رقوم بھی مختص کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ یکم جولائی سے ملک بھر میں منریگا کی جگہ وکست بھارت روزگار ایوم اجیویکا مشن (دیہی) نافذ کیا جائے گا۔

اجلاس میں حکومتِ آسام کی جانب سے چائے کے باغات کے مزدوروں کو زمین کی ملکیت کے حقوق (پٹہ) فراہم کرنے کے تاریخی اقدام کو سراہا گیا۔ مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے ہدایت دی کہ ان مزدوروں کو پردھان منتری آواس یوجنا-دیہی (پی ایم اے وائی-جی) کا فائدہ پہنچانے کے لیے مرکزی حکومت ایک خصوصی سروے ونڈو کھولے گی، تاکہ اہل مستفیدین کے نام ڈیجیٹل ریکارڈ میں درج کیے جا سکیں۔
اس موقع پر مرکزی وزیر نے آسام کی منفرد آب و ہوا اور مٹی کی خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کردہ زرعی عملی منصوبے کا مسودہ وزیرِ اعلیٰ جناب ہیمنت بسوا سرما کے حوالے کیا۔ اجلاس میں زراعت اور دیہی ترقی سے متعلق کئی اہم فیصلوں پر اتفاقِ رائے بھی ہوا۔

دیہی ترقی کی وزارت کے حکام نے بتایا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے میدان میں آسام نے ہدف سے بڑھ کر 9 لاکھ سے زائد ’’لکھ پتی دیدیاں‘‘ تیار کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان خواتین کے کاروباری منصوبوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آسام ایگریککلچرل یونیورسٹی کے کاروباری تربیتی مراکز (انکیوبیٹروں) کے تعاون سے کام کو مزید تیز کیا جائے گا۔
زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے آسام میں زرعی مشینی کاری اور راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا کے تحت منظور شدہ منصوبوں اور فنڈز کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ وزارتِ زراعت کے سیکریٹری جناب اتیش چندر نے وزیرِ اعلیٰ کو خواتین کسانوں کو زرعی پاور ویڈر فراہم کرنے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ قومی خوردنی تیل مشن – آئل پام کے دائرۂ کار میں توسیع پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ریاست میں محفوظ اور جدید کاشتکاری کو فروغ دینے کے لیے اس سال 1,500 نئے بانس کے پولی ہاؤسز کی منظوری دی گئی ہے۔ زرعی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا(آرکے وی وائی) کے تحت کیڑے مار ادویات کی جانچ لیب اور خوردنی تیل کی جانچ لیب کی عمارتوں کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی ہے۔آسام کی نامیاتی (قدرتی) زرعی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں میں رسائی اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے زرعی و غذائی مصنوعات برآمدی ترقیاتی ادارے (اپیڈا) اور نیشنل آرگینک کوآپریٹو لمیٹڈ کے ساتھ شراکت داری کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں کسانوں کو جامع رہنمائی اور عملی معاونت فراہم ہوگی۔

اجلاس میں آسام کی مالا مال حیاتیاتی تنوع کے فروغ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ محکمۂ مویشی پروری کے سیکریٹری اور ہندوستانی زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم۔ ایل۔ جاٹ نے بتایا کہ آسام ایگریکلچریونیورسٹی کے موجودہ مراکز کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ اس کے تحت مصالحہ جات کے لیے کل ہند مربوط تحقیقی پروگرام اور ریاستی فلاور فاکس ٹیل آرکڈ کی ترقی کے لیے پونے کےفلوری کلچر ادارے کے تعاون سے ایک مشترکہ پروگرام چلایا جائے گا۔کرشی وگیان کیندر(کے وی کیز)کے ملازمین کے ریٹائرمنٹ فوائد اور پنشن سے متعلق زیرِ التوا معاملات کے حل پر بھی غور کیا گیا۔
محکمۂ اراضی وسائل کے سیکریٹری جناب نریندر بھوشن نے بتایا کہ آسام میں اراضی ریکارڈ کے ڈیجیٹل اندراج کی سمت میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ جناب ہیمنت بسوا سرما نے ریاست میں زراعت اور دیہی ترقی کو نئی رفتار دینے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون پر مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا۔
***
ش ح ۔ع ح۔ع ن
U. No.9896
(रिलीज़ आईडी: 2268230)
आगंतुक पटल : 8