سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
جناب ڈاکٹر وریندر کمار پی ایم-اجے سے متعلق مرکزی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے؛ درج فہرست ذاتوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو مضبوط بنانے پر توجہ
پی ایم-اجے کی پیش رفت کا جائزہ اور درج فہرست ذاتوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مرکزی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس
प्रविष्टि तिथि:
02 JUN 2026 7:58PM by PIB Delhi
وزیراعظم انوسوچت جاتی ابھیودے یوجنا (پی ایم-اجے) کے لیے مرکزی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس 3 جون 2026 (بدھ) کو شام 4 بجے ہائبرڈ موڈ میں منتھن ہال (کمرہ نمبر 8606)، آٹھویں منزل، جی پی او اے-3، نیتا جی نگر، نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے مرکزی وزیر جناب ڈاکٹر وریندر کمار کریں گے، جو مرکزی مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔
اجلاس میں پی ایم-اجے کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور ملک بھر میں درج فہرست ذات (ایس سی) برادریوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو مزید فروغ دینے کی حکمت عملیوں پر غور کیا جائے گا۔ اس دوران اسکیم کے مؤثر نفاذ کو مضبوط بنانے اور اس کے فوائد کو زیادہ سے زیادہ مستحق مستفیدین تک پہنچانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اجلاس میں ریاستی کابینہ کے وزراء، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سینئر حکام، قومی کمیشن برائے درج فہرست ذات کے چیئرمین، اور مالیات، زراعت و کسانوں کی بہبود، دیہی ترقی، خواتین و اطفال کی ترقی، نیتی آیوگ سمیت مختلف مرکزی وزارتوں کے نمائندے اور مرکزی مشاورتی کمیٹی کے دیگر اراکین شرکت کریں گے۔
توقع ہے کہ کمیٹی پی ایم-اجے کے تینوں اجزا یعنی آدرش گرام، گرانٹ اِن ایڈ اور ہاسٹل جزو کا جامع جائزہ لے گی۔ اجلاس میں بہترین طریقہ کار کی نشاندہی، نفاذ میں درپیش چیلنجوں کے حل اور مختلف شراکت داروں کے درمیان بہتر تال میل پر خصوصی زور دیا جائے گا تاکہ اسکیم کے مقاصد کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکے۔
سال 2021-22 میں آغاز کے بعد سے پی ایم-اجے کے تحت ملک بھر میں درج فہرست ذاتوں کی بڑی تعداد مستفید ہوئی ہے۔ گرانٹ اِن ایڈ جزو کے تحت 2.56 لاکھ سے زائد مستفیدین کی مدد کی گئی، ہاسٹل جزو کے تحت 10,600 سے زائد افراد کو فائدہ پہنچا، جبکہ 14,080 دیہات کو آدرش گرام کے طور پر ترقی دی گئی، جس سے لاکھوں درج فہرست ذاتوں کے باشندوں کے معیارِ زندگی میں ہم آہنگ ترقیاتی اقدامات کے ذریعے بہتری آئی۔ یہ کامیابیاں مرکز، ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہیں۔
غور و خوض کے دوران اسکیم کے تحت منتخب کردہ باقی ماندہ تقریباً 32,000 دیہات کو آدرش گرام کے سنگِ میل تک پہنچانے، صنعتوں، سرکاری اداروں اور ہنرمندی کے مراکز کے ساتھ مؤثر شراکت داری کے ذریعے مہارت اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے، اسکیم کے دائرہ کار کو وسیع کرنے، کمیونٹی کی شمولیت بڑھانے، منصوبوں کے بروقت نفاذ کو یقینی بنانے اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی تاکہ درج فہرست ذات کی اکثریتی آبادی والے علاقوں میں ترقیاتی نتائج کو زیادہ سے زیادہ بنایا جا سکے۔
توقع ہے کہ اجلاس پی ایم-اجے کے مؤثر نفاذ کو مزید مضبوط بنانے اور ملک بھر میں درج فہرست ذات برادریوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے اہم پالیسی رہنمائی اور سفارشات فراہم کرے گا۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7887 )
(रिलीज़ आईडी: 2268198)
आगंतुक पटल : 14