دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر زراعت  شیوراج سنگھ چوہان کی کتاب ’’اپناپن‘‘ کا اجراء مؤرخہ 26 مئی کو نئی دہلی میں  ہوگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 MAY 2026 8:41PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقیات جناب شیوراج سنگھ چوہان کی تصنیف کردہ نئی کتاب ’’اپناپن‘‘ کا باضابطہ اجراء مؤرخہ 26 مئی 2026 کو بھارت رتن سی سبرامنیم آڈیٹوریم، این اے ایس سی کمپلیکس، پوسا، نئی دہلی میں کیا جائے گا۔

اس کتاب کا اجراء سابق نائب صدر ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو کریں گے، جبکہ اس موقع پر  ہندوستان کے سابق وزیر اعظم جناب ایچ ڈی دیوے گوڑا بھی خصوصی طور پر موجود رہیں گے۔ تقریب میں متعدد مرکزی وزراء، مختلف ریاستوں کے گورنر، وزرائے اعلیٰ، ممتاز سماجی شخصیات، معروف ادیبوں اور سینئر صحافیوں کی شرکت متوقع ہے۔

یہ نئی کتاب ’’اپناپن‘‘نہایت ذاتی، فکری اور حوصلہ افزا تصنیف ہے، جس میں جناب شیوراج سنگھ چوہان نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ساتھ اپنی طویل عوامی وابستگی کے دوران حاصل ہونے والے تجربات، مشاہدات اور اسباق  کو قلم بند کیا ہے۔ تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سیاسی اور تنظیمی تعلقات کی روشنی میں یہ کتاب ان اقدار، طرزِ قیادت اور حکمرانی کے فلسفے کو پیش کرتی ہے، جنہیں جناب شیوراج سنگھ چوہان نے وزیر اعظم  نریندر مودی کے ساتھ مختلف مناصب پر  کام کرتے ہوئے قریب سے دیکھا اور اپنایا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکن کے طور پر ابتدائی دنوں سے لے کر اپنی اپنی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دینے تک، پھر اس دور تک جب جناب شیوراج سنگھ  چوہان مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ تھے اور جناب نریندر مودی وزیر اعظم کے عہدے پر فائز تھے، اور اب مودی حکومت میں مرکزی وزیر کی حیثیت سے — یہ کتاب مشترکہ عوامی زندگی اور نظریاتی وابستگی کے طویل سفر کی عکاسی کرتی ہے۔

’’اپناپن‘‘ صرف واقعات کا بیان نہیں بلکہ خیالات، اقدار اور نظریات کے ایک وسیع سفر کی داستان ہے۔ مختلف واقعات، تجربات اور تاثرات کے ذریعے یہ کتاب قیادت، خدمت اور ملک  کی تعمیر کے ان اصولوں کو اجاگر کرتی ہے، جو تنظیمی وابستگی، ایثار اور عوامی رابطے پر مبنی ہیں۔

’’سیوا‘‘، ’’انتودیہ‘‘، ’’جن بھاگیداری‘‘، ’’نیشن فرسٹ‘‘ اور ’’لوک کلیان‘‘ جیسے تصورات اس کتاب کی بنیادی روح ہیں۔ کتاب کے مطابق یہ اصول نہ صرف حکمرانی کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں بلکہ عوامی زندگی کے لیے رہنما اقدار کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔ اس کتاب کے بیانیے میں یہ بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ مضبوط عزم، واضح وژن اور مسلسل محنت کے ذریعے بڑے اور بلند اہداف کو  حاصل کیا  جاسکتا ہے۔

کتاب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے مختلف پہلوؤں، ان کی پالیسیوں، ان کے زمینی نفاذ اور ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس‘‘ کے نظریے پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ یہ کتاب سیاسی کارکنان، نوجوانوں، خواتین، صنعت کاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے قارئین کے لیے ایک متاثر کن اور بصیرت افروز مطالعہ ثابت ہوگی۔

مؤرخہ 5 مارچ 1959 کو مدھیہ پردیش کے ضلع سیہور کی بدھنی تحصیل کے جیت گاؤں میں پیدا ہونے والے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے 15 برس کی عمر میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) میں شمولیت اختیار کی، جہاں انہوں نے نظم و ضبط، حب الوطنی اور خدمت کے اقدار کو اپنایا۔ 1975 میں وہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد میں سرگرم ہوئے اور بعد میں بھارتیہ جنتا یووا مورچہ میں ریاستی صدر، قومی جنرل سکریٹری اور قومی صدر سمیت کئی اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔

وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں بھی متعدد اہم تنظیمی عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں ریاستی صدر، قومی جنرل سکریٹری، قومی نائب صدر اور پارلیمانی بورڈ کے سکریٹری جیسے اہم عہدے شامل ہیں۔

ان کے انتخابی سفر کا آغاز 1990 میں ہوا، جب وہ بدھنی سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ اس کے ایک سال بعد 1991 میں وہ ودیشا سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے، اور یوں اس حلقے کے ساتھ ان کی ایک طویل اور مضبوط وابستگی کا آغاز ہوا، جہاں سے وہ مسلسل پانچ مرتبہ پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے۔

نومبر 2005 میں جناب شیوراج سنگھ چوہان نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ 2005 سے 2018 تک اور پھر 2020 سے 2023 تک چار ادوار میں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے وہ ریاست کی تاریخ کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیر اعلیٰ بن گئے۔

سال 2024 میں وہ ایک بار پھر ودیشا سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور اس وقت حکومتِ ہند میں زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

******

(ش ح۔ م ش ع ۔ م ا)

Urdu No-7532


(ریلیز آئی ڈی: 2265238) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी