وزارتِ تعلیم
سکورا سائنس پروگرام 2026 کے تحت بھارتی طلبہ جاپان کا دورہ کریں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 MAY 2026 7:56PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ تعلیم کے تحت محکمۂ اسکولی تعلیم و خواندگی نے آج این سی ای آر ٹی، نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سکورا سائنس پروگرام 2026 میں شرکت کرنے والے طلبہ کے ایک وفد کو روانہ کیا۔
اس تقریب میں محترمہ ارچنا شرما اوستھی، ایڈیشنل سیکریٹری (محکمۂ اسکولی تعلیم و خواندگی)؛ پروفیسر دنیش پرساد سکلانی، ڈائریکٹر، این سی ای آر ٹی؛ اور محترمہ اے۔ سریجا، اقتصادی مشیر (محکمۂ اسکولی تعلیم و خواندگی) شریک ہوئیں۔
24 مئی سے 30 مئی 2026 تک ہندوستان کے 56 طلبہ اور 4 نگران، سکورا سائنس پروگرام کے تحت جاپان کا دورہ کریں گے۔ اس پروگرام میں گھانا، نائجیریا اور جنوبی افریقہ کے شرکا بھی شامل ہوں گے۔ یہ 56 طلبہ (24 لڑکے اور 32 لڑکیاں) ملک کی 15 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں، یعنی آسام، دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو، گوا، گجرات، ہریانہ، جھارکھنڈ، کرناٹک، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، اڈیشہ، پنجاب، راجستھان، تمل ناڈو، تلنگانہ اور مغربی بنگال کے سرکاری مدارس سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ تمام طلبہ حکومتِ ہند کی قومی ذریعۂ تعلیم و قابلیت وظیفہ اسکیم کے تحت وظیفہ حاصل کرنے والے ہیں۔
نوجوان طلبہ کے فکری اُفق کو وسیع کرنے اور اُن میں سائنسی جستجو کو فروغ دینے کے مقصد سے جاپان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایجنسی (جے ایس ٹی) سن 2014 سے ’جاپان ایشیا یوتھ ایکسچینج پروگرام اِن سائنس‘ نافذ کر رہی ہے، جسے ’سکورا سائنس پروگرام‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ہندوستان اپریل 2016 سے اس پروگرام میں شریک ہے۔
اس پروگرام کے تحت طلبہ کو ایک ہفتے کے لیے جاپان مدعو کیا جاتا ہے تاکہ وہ وہاں کے ترقی یافتہ سائنسی و تکنیکی نظام اور اس کی متمول ثقافتی وراثت کا مشاہدہ کر سکیں۔ اب تک 674 طلبہ اپنے 96 نگرانوں کے ساتھ اس پروگرام کے تحت جاپان کا دورہ کر چکے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت حالیہ ترین وفد نے اگست 2025 میں جاپان کا دورہ کیا تھا۔
قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 اس بات پر زور دیتی ہے کہ تعلیم ہمہ جہت، مربوط، خوشگوار اور دلچسپ ہونی چاہیے۔ اس پالیسی میں عملی تجربے پر مبنی تعلیم کو تعلیمی نظام کے تمام مراحل میں ایک معیاری تدریسی طریقہ قرار دیا گیا ہے، جس میں مختلف مضامین کے باہمی تعلق کو سمجھنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
اسی تناظر میں تاریخی، ثقافتی، سماجی، سائنسی اور تکنیکی اہمیت کے حامل مقامات کے تعلیمی دورے اور مشاہداتی اسفار طلبہ کے تعلیمی تجربات کو وسعت دینے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جاپان، جو اپنی تکنیکی ترقی اور عظیم ثقافتی وراثت کے لیے معروف ہے، طلبہ کو جدید طریقوں کے مشاہدے اور عالمی سطح کے تجربات حاصل کرنے کے قیمتی مواقع فراہم کرتا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7470
(ریلیز آئی ڈی: 2264695)
وزیٹر کاؤنٹر : 11