وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

سیاحت کے شعبے کی جدید کاری

प्रविष्टि तिथि: 05 FEB 2026 3:41PM by National

سیاحوں کی حفاظت اور سلامتی بنیادی طور پر ایک ریاستی معاملہ ہے۔ تاہم وزارت سیاحت اس حوالے سے تمام ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ سیاحوں کے لیے زمینی سطح پر حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے کی غرض سے خصوصی سیاحتی پولیس  کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔ وزارت کی کوششوں کے نتیجے میں تلنگانہ، آندھرا پردیش، دہلی، گوا، کرناٹک، کیرالہ، مہاراشٹر، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، مدھیہ پردیش، اڈیشہ، پنجاب، راجستھان، سکم اور اتر پردیش میں سیاحتی پولیس تعینات کی جا چکی ہے۔

وزارت سیاحت کی مسلسل کاوشوں کے تحت سیاحوں کے لیے محفوظ اور پُرامن سفر کو یقینی بنانے کی غرض سے 24 گھنٹے فعال کثیر لسانی سیاحتی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے، جو ٹول فری نمبر 1800111363 یا شارٹ کوڈ 1363 پر 12 زبانوں میں دستیاب ہے، جن میں 10 بین الاقوامی زبانیں بھی شامل ہیں۔ یہ سروس ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو بھارت میں سفر سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور دوران سفر مشکلات کا سامنا کرنے والے سیاحوں کو رہنمائی اور مدد دینے کے لیے قائم کی گئی ہے۔

وزارت سیاحت وقتاً فوقتاً تمام ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے درخواست کرتی رہتی ہے کہ وہ نربھیا فنڈ کے تحت “خواتین کے لیے محفوظ سیاحتی مقامات” کے منصوبے سے فائدہ اٹھائیں، جس کے ذریعے خاص طور پر خواتین سیاحوں کی حفاظت اور سلامتی کو بہتر بنانے کے لیے مخصوص منصوبے نافذ کیے جا سکتے ہیں۔

وزارت سیاحت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سیاحتی محکمے سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر “محفوظ اور باوقار سیاحت کے ضابطۂ اخلاق” کو اپنایا ہے۔ یہ رہنما اصول اس مقصد کے تحت وضع کیے گئے ہیں کہ سیاحتی سرگرمیاں اس انداز میں انجام دی جائیں جس میں سیاحوں اور مقامی افراد دونوں کے بنیادی حقوق بالخصوص عزت نفس، حفاظت اور استحصال سے آزادی کا مکمل احترام کیا جائے، خاص طور پر خواتین اور بچوں کے حوالے سے۔

ای ویزا  کا پورا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے، جس کے تحت کوئی بھی غیر ملکی شہری دنیا کے کسی بھی مقام سے درخواست دے سکتا ہے۔ ای ویزا کے آغاز نے بھارت میں غیر ملکیوں کے لیے سیاحت، کاروبار اور طبی مقاصد جیسے جائز مقاصد کے لیے داخلے کو نہایت آسان اور سہل بنا دیا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں ای ویزا کے اجرا میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جو اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی واضح علامت ہے۔

وزارت سیاحت نے “انکریڈیبل انڈیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم (آئی آئی ڈی پی)” کا جدید اور اپ گریڈڈ ورژن بھی شروع کیا ہے، جو بھارت کے بھرپور ثقافتی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور متنوع سیاحتی مقامات کو دریافت کرنے کے خواہشمند سیاحوں اور متعلقہ فریقین کے لیے ایک جامع معلوماتی ذریعہ ہے۔ یہ پلیٹ فارم مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نظام کے ذریعے صارفین کے تجربے کو ذاتی نوعیت دیتا ہے، جس میں ریئل ٹائم موسم کی معلومات، شہروں کی سیر اور دیگر ضروری سفری سہولیات شامل ہیں۔

یہ پلیٹ فارم موبائل ایپ کی صورت میں آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں پر دستیاب ہے اور اس میں ایک کنٹینٹ ہب بھی شامل ہے جہاں ڈیجیٹل معلومات کو شیئر اور منظم کیا جا سکتا ہے۔ اس پورٹل کو مختلف آن لائن ٹریول ایجنٹس(او ٹی اے) اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تاکہ پروازوں، ہوٹلوں، ٹیکسیوں، بسوں اور اے ایس آئی  کے زیر انتظام یادگاروں کے ٹکٹوں کی بکنگ کو آسان بنایا جا سکے۔ اسے نیشنل انٹیگریٹڈ ڈیٹا بیس آف ہاسپٹیلٹی انڈسٹری(این آئی ڈی ایچ آئی) پورٹل کے ساتھ بھی مربوط کیا گیا ہے تاکہ رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز اور ٹریول ایجنٹس کی معلومات فراہم کی جا سکیں۔

بھارت کو دنیا کی صف اوّل کی سیاحتی منزل بنانے کے مقصد کے تحت وزارت سیاحت مسلسل متعلقہ وزارتوں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہی ہے، خاص طور پر ٹرانسپورٹ کنیکٹیویٹی، انفارمیشن سسٹمز اور ہنگامی خدمات کے شعبوں میں، تاکہ سیاحوں کے سفر کو مزید محفوظ، آسان اور سہل بنایا جا سکے۔

یہ معلومات سیاحت و ثقافت کے مرکزی وزیرگجیندر سنگھ شیخاوت نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب کے ذریعے فراہم کیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔  ع ح۔ع ن)

U. No. 7308


(रिलीज़ आईडी: 2263149) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी