بجلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 فورم آف ریگولیٹرز (ایف اوآر) نے اپنی100ویں تاریخی میٹنگ کا انعقاد کیا اور بھارت کے بجلی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے21 سال مکمل ہونے کا جشن منایا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 MAY 2026 5:26PM by PIB Delhi

فورم آف ریگولیٹرز (ایف او آر) نے اپنی100ویں کامیاب میٹنگ بھارت منڈپم، نئی دہلی میں منعقد کی، جو اس کے21 سالہ سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ 2005 میں قائم ہونے والا  فورم آف ریگولیٹرز(ایف او آر) ایک قانونی پلیٹ فارم ہے جو مرکزی اور ریاستی بجلی ریگولیٹری کمیشنروں کو ایک ساتھ لا کر بجلی کے شعبے میں ریگولیٹری نظام کو بہتر بنانے اور ہم آہنگی پیدا کرنے کا کام کرتا ہے۔

گزشتہ برسوں کے دوران فورم نے 71 مطالعات، 55 استعداد کار بڑھانے کے پروگرام، 25 ماڈل ضوابط، 6 تکنیکی کمیٹی رپورٹس اور 37 ورکنگ گروپ رپورٹس جاری کی ہیں۔ ان اقدامات نے بھارت کے بجلی کے شعبے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

اس تاریخی موقع پر  وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا ، حکومت ہند کے اعلیٰ اقتصادی مشیر ڈاکٹر وی اننتھا ناگیشورن اور ٹی ای آر آئی(ٹیری) کے ممتاز مقرر جناب اجے شنکر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔  سی ای آر سی / ایف او آر کے چیئر پرسن جناب جسھنو باروا، نے معزز مہمانوں اور فورم کے اراکین کا 100ویں اجلاس میں خیرمقدم کیا۔

افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پی کےمشرا نے بھارت کے بجلی کے شعبے کی گزشتہ دہائی میں حاصل کردہ نمایاں کامیابیوں کا ذکر کیا اور اس کامیابی میں فورم آف ریگولیٹرز کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ فورم تھا جہاں اوپن ایکسیس، ٹیرف کی اصلاح اور یوٹیلیٹیز کی علیحدگی جیسے پیچیدہ موضوعات پر بحث و مباحثہ ہوا اور انہیں بہتر بنایا گیا۔ بعد ازاں یہ فورم اصلاحات اور رہنمائی کا ایک مضبوط ادارہ بن گیا ہے، جو اس شعبے کو مختلف ریگولیٹری چیلنجز سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ڈاکٹر پی کے مشرا نے اس موقع پر ’ فورم آف ریگولیٹرز کی کافی ٹیبل بک‘  کا اجرا بھی کیا، جس میں فورم کے سفر، اس کی کامیابیوں اور مستقبل کے وژن کو تفصیل سے پیش کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر وی اننتھا ناگیشورن نے بدلتے ہوئے عالمی جغرافیائی و سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی توانائی سے متعلق کمزوریوں اور عالمی حالات میں توانائی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا شعبہ ان خلا کو پر کرنے اور توانائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔جناب اجے شنکر نے بھارت کے نیٹ زیرو ہدف پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سمت میں پیش رفت کے لیے کئی اہم اسباق موجود ہیں، خاص طور پر جاری سولر مشن سے حاصل ہونے والے تجربات۔ انہوں نے کہا کہ ڈی کاربنائزیشن کو تیز کرنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات اور پالیسی سطح پر مضبوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

فورم آف ریگولیٹرز (ایف او آر) کے 100ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن کے اختتام پر سیکریٹری، سی ای آر سی / ایف او آر جناب ہرپریت سنگھ پروتھی نے شکریے کے کلمات ادا کیے۔ انہوں نے ڈاکٹر پی کے مشرا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس تقریب میں شرکت کی اور ریگولیٹرز کے ساتھ اپنے قیمتی خیالات اور رہنمائی کا اشتراک کیا۔

 

 

************

 

 

 

ش ح۔م م۔ش ت

 (U: 6924)      


(ریلیز آئی ڈی: 2259955) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी