عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

حکمرانی کے تیزی سے بدلتے ہوئے گوشے فوری موافقت پذیری  یعنی مسلسل سیکھتے رہنے کی صلاحیت کا متقاضی ہیں : مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ


مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے انڈین انسٹی ٹیوٹ پبلک ایڈمنسٹریشن کے نظمیات عامہ کے پروگرام کی تقسیمِ اسناد کی تقریب میں شرکت کی

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ آج کا نظم و نسق تیزی سے ٹیکنالوجی پر مبنی ہوتا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کی توقعات مسلسل بڑھ رہی ہیں

وزیر  موصوف نے موجودہ دور میں ابلاغ کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے انتظامی صلاحیتوں کی  بنیادی مہارت قرار دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 MAY 2026 4:15PM by PIB Delhi


 

سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیاتی علوم، وزیرِ اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن کی وزارت، جوہری توانائی اور خلائی امور کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ نظم ونسق  کے تیزی سے بدلتے ہوئے گوشے  فوری موافقت پذیری اور مسلسل سیکھتے رہنے کی صلاحیت کا متقاضی  ہیں تاکہ عوامی نظمیات کو  مؤثر انداز میں انجام دیا جا سکے، کیونکہ آج  کا حاصل کردہ علم تکنیکی ترقی کے سامنے بہت جلد اپنی افادیت کھو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی ہندوستان  کو 2047 تک ترقی یافتہ ملک  بنانے کے وژن کی تکمیل کے لیے نہایت اہم ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نظمیات  عامہ میں اکاون ویں اعلیٰ پیشہ ورانہ پروگرام کے کنووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ پروگرام 1975 میں شروع کیا گیا تھا اور عوامی انتظامیہ کے ادارے کا نمایاں صلاحیت سازی کا  منصوبہ ہے، جو چنڈی گڑھ کی پنجاب یونیورسٹی کے اشتراک سے نظمیات عامہ  اور عوامی پالیسی میں ماسٹر ڈگری فراہم کرتا ہے۔

اس تقریب میں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ایچ پی اے  ڈاکٹر پرگڑے، پروفیسر سوربھی پانڈے، ڈاکٹر سچن چودھری، پروفیسر روی سکلانی اور کل ہند و مرکزی خدمات کے سینئر افسران شریک ہوئے، جن میں مسلح افواج اور دیگر شعبوں کے نمائندے بھی شامل تھے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے  حکمرانی کی بدلتی ہوئی نوعیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج انتظامیہ تیزی سے ٹیکنالوجی پر مبنی ہو رہی ہے، جبکہ شہریوں کی توقعات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی انتظامیہ کو صرف ساختی اصلاحات کے ذریعے نہیں بلکہ افسران کی سوچ میں مسلسل تبدیلی لا کر بھی غیر متوقع اور متحرک چیلنجوں کا سامنا کرنا ہوگا۔

وزیر  موصوف نے حکمرانی کے ارتقا پذیر تصور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ توجہ اب صرف حکومت سے آگے بڑھ کر نظم ونسق تک پہنچ چکی ہے، اور پھر ’’کم سے کم حکومت، زیادہ سے زیادہ نظم ونسق‘‘ کے اصول کی طرف منتقل ہو رہی ہے، جہاں شفافیت، جواب دہی اور شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی پر زیادہ زور دیا جا رہا ہے۔

صلاحیت سازی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر  موصوف نے کہا کہ عوامی انتظامیہ کے اعلیٰ پیشہ ورانہ پروگرام نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران سینئر افسران کو پالیسی پر عمل درآمد کے لیے درکار شعبہ جاتی علم اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام مشن کرم یوگی سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد امرت کال میں شہری ملازمین میں جواب دہ اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ حکمرانی کی صلاحیتیں پیدا کرنا ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے زور دے کر کہا کہ تربیتی پروگراموں کو ابھرتی ہوئی ضروریات کے مطابق مسلسل ترقی دینا چاہیے، اور انہوں نے تجویز  پیش کی کہ باہمی تبادلہ خیال اور آراء پر مبنی طریقوں کو زیادہ فروغ دیا جائے، جن میں اندرونی  رائے شماری کے نظام بھی شامل ہوں، تاکہ نصاب کی تشکیل کو شریک افسران کی توقعات کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔

وزیر  موصوف نے موجودہ دور میں مؤثر ابلاغ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی ایک بنیادی انتظامی مہارت قرار دیا اور کہا کہ جدید حکمرانی میں افسران کے لیے ضروری ہے کہ وہ شہریوں، ذرائع ابلاغ اور مختلف متعلقہ فریقوں سے ایک مربوط ماحول میں مؤثر انداز سے رابطہ قائم کریں۔

انہوں نے خواہش مند اضلاع پروگرام جیسی حکمرانی کی اختراعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسابقتی اور اعداد و شمار پر مبنی اس نمونے نے مختلف شعبوں میں قابلِ پیمائش بہتری کی ہے اور اب یہ ٹیکنالوجی سے مزید مربوط اگلے مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے، جس سے نتائج پر مبنی حکمرانی مزید مضبوط ہوگی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ اپنے قیام سے اب تک اس پروگرام کے تحت آل انڈیا اور مرکزی خدمات کے سترہ سو سے زائد افسران تربیت حاصل کر چکے ہیں، جن میں مسلح افواج، ریاستی خدمات اور بیرونی ممالک کے شرکا بھی شامل ہیں، اور ان میں سے بہت سارے افسران حکومت میں اہم عہدوں پر فائز ہوئے ہیں۔

پروگرام کے شرکا، اساتذہ اور منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف انتظامی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ افسران کو آئے روز پیچیدہ ہوتے حکمرانی کے ماحول میں ملک کی تعمیر میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار کرتے ہیں۔

******

 

(ش ح۔ م ش ع ۔ م ا)

Urdu No-6550


(ریلیز آئی ڈی: 2257355) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी