ادویات سازی کا محکمہ
azadi ka amrit mahotsav

این آئی پی ای آر(نائپر) حاجی پور نے دواسازی کے معیارات اور مریضوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے آئی پی سی کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے


یہ اشتراک ریگولیٹری سائنس، تحقیق اور صلاحیت سازی کو فروغ دے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 24 APR 2026 3:17PM by PIB Delhi

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (این آئی پی ای آر)، حاجی پور نے وزارتِ صحت و خاندانی بہبود، حکومتِ ہند کے تحت قائم انڈین فارماکوپیا کمیشن، غازی آباد کے ساتھ دواسازی کے معیارات، ریگولیٹری سائنس اور مریضوں کی حفاظت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے آج کارتویہ بھون، نئی دہلی میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔

یہ مفاہمت نامہ محکمۂ دواسازی، وزارتِ کیمیکلز و کھاد کے سکریٹری منوج جوشی کی موجودگی میں طے پایا۔ اس اشتراک کا مقصد باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے، جس میں فارماکوپیل معیارات کو بہتر بنانا، مریضوں کی حفاظت کو بہتر کرنا اور دواسازی، طبی آلات اور متعلقہ صحتی مصنوعات کے شعبوں میں سائنسی تحقیق کوفروغ دینا شامل ہے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے منوج جوشی نے کہا کہ ممتاز تعلیمی اداروں اور قومی معیار متعین کرنے والے اداروں کے درمیان اس نوعیت کا تعاون بھارت کے ریگولیٹری سائنس کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام شہریوں کے لیے محفوظ، مؤثر اور معیاری صحتی مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مفاہمت نامے کے تحت نائپر حاجی پور اور انڈین فارماکوپیا کمیشن اہم شعبوں میں مشترکہ تحقیقی سرگرمیاں انجام دیں گے، جن میں ادویات میں مضراجزا کی درجہ بندی اور ان کے حفاظتی اثرات کا باہمی تعلق، جدید تجزیاتی طریقوں کی تیاری اور توثیق اور کوالٹی کنٹرول کے اصولوں کا قیام شامل ہیں۔ اس شراکت داری کے تحت پیچیدہ حیاتیاتی ادویات، بایوسمیلرز اور ابھرتی ہوئی علاجی مصنوعات جیسے خلیاتی اور جینیاتی تھراپی کے لیے حوالہ جاتی معیارات کی تیاری میں بھی مدد دی جائے گی، تاکہ انہیں انڈین فارماکوپیا میں شامل کیا جا سکے۔

مزید برآں، اس مفاہمت نامے کے تحت بایوسمیلرز، خلیاتی و جینیاتی تھراپی، اور خون و خون سے متعلقہ مصنوعات جیسے خصوصی شعبوں میں صلاحیت سازی اور تربیتی پروگراموں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جس کا مقصد ان اہم شعبوں میں قومی صلاحیتوں کومزیدبہتر بنانا ہے۔

دستخط کئے جانے کی تقریب میں پروفیسر کے رکمنی، ڈائریکٹر نائپر حاجی پور؛ ڈاکٹر کنی سنگھ، ڈپٹی سکریٹری محکمۂ دواسازی؛ ڈاکٹر وی کلاسیلوان، سکریٹری انڈین فارماکوپیا کمیشن؛ سمیت دیگر سینئر حکام اور سائنس دان بھی موجود تھے۔

******

 

( ش ح ۔ ش ب ۔ م ا )

Urdu.No-6271


(ریلیز آئی ڈی: 2255303) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी