نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر نے نئی دہلی میں بلاگوکولم دہلی-این سی آر کی سلور جوبلی تقریبات سے خطاب کیا
نائب صدر نے کہا کہ بلاگوکولم تہذیب اور کردار کا حسین امتزاج ہے، جو نوجوان ذہنوں کی نسلوں کی تشکیل کر رہا ہے
نائب صدر نے زور دے کر کہا کہ ’’وکاس بھی، وراثت بھی‘‘ قوم کے نوجوانوں کے لیے رہنما اصول ہونا چاہیے
انہوں نے کہا کہ ’’امرت کال‘‘ کا ویژن ذمہ دار اور اقدار پر مبنی شہریوں کی پرورش کا متقاضی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 APR 2026 6:18PM by PIB Delhi
بھارت کے نائب صدر، سی۔ پی۔ رادھا کرشنن، نے آج نئی دہلی کے تھیاگ راج اسٹیڈیم، آئی این اے میں بلاگوکولم دہلی-این سی آر کی رجت جینتی (پچیسویں سالگرہ) کی تقریبات کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کیا۔
معاصر چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں بچوں کو بے شمار توجہ بٹانے والی چیزوں اور اقداری الجھنوں کا سامنا ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے زور دیا کہ بلاگوکولم جیسے ادارے رہنمائی کا چراغ بنتے ہیں، جو بچوں کو اپنی جڑوں سے جوڑے رکھتے ہوئے انہیں اعتماد اور واضح سوچ کے ساتھ مستقبل کا سامنا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ فکر قومی ویژن ’’ترقی بھی، وراثت بھی‘‘ کی عکاسی کرتا ہے۔
نائب صدر نے اس بات پر زور دیا کہ تہذیبی فخر اور جدید امنگوں کے درمیان توازن قائم رکھنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’امرت کال‘‘ کا تصور ایسے ذمہ دار اور اقدار کے حامل شہریوں کی پرورش کا تقاضا کرتا ہے جو قوم کو خوشحال مستقبل کی جانب لے جا سکیں۔
بچوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انہیں تنظیم کی حقیقی میراث کے علمبردار قرار دیا۔ انہوں نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ بزرگوں کے احترام، ثقافت سے محبت، باہمی تعاون اور خود نظم و ضبط جیسی اقدار کو اپنائیں، کیونکہ یہی خوبیاں زندگی بھر ان کی رہنمائی کریں گی۔
اس موقع پر انہوں نے ’’کرشن ارپنم‘‘ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، جو رجت جینتی تقریبات کے دوران ایک مقدس پیشکش کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کے گہرے مفہوم کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے خیالات، اعمال اور صلاحیتوں کو کسی اعلیٰ مقصد کے لیے وقف کرنا بھگوان کرشن کی تعلیمات کا نچوڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان کرشن کی زندگی دھرم اور اعلیٰ بھلائی کے لیے بے لوث عمل کی بہترین مثال ہے۔
اس موقع پر توانائی اور نئی و قابلِ تجدید توانائی کے مملکتی وزیر جناب شری پد نائک، ماہی پروری، حیوانات کی پرورش، ڈیری اور اقلیتی امور کے مملکتی وزیر جناب جارج کوریئن، بلاگوکولم دہلی-این سی آر کے صدر جناب پی کے سریش اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6026
(ریلیز آئی ڈی: 2253368)
وزیٹر کاؤنٹر : 9