لوک سبھا سکریٹریٹ
بابا صاحب نے ملک کو ایک نئی بصیرت کے ساتھ نئی سمت عطا کی اور قوم کی تعمیر کی مضبوط بنیاد رکھی: لوک سبھا اسپیکر کا بیان
لوک سبھا اسپیکر نے کہا:بابا صاحب کے خیالات آج بھی انسانیت کی رہنمائی کر رہے ہیں
پنچایت سے پارلیمنٹ تک خواتین کی شمولیت بابا صاحب کے وژن کی عکاسی ہے: لوک سبھا اسپیکر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 APR 2026 9:23PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج کہا کہ بابا صاحب نے ملک کو ایک نئی بصیرت کے ساتھ نئی سمت عطا کی اور قوم کی تعمیر کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کے قائم کردہ مساوات، انصاف اور سماجی تبدیلی کے اصولوں کو آج پورا ملک شکرگزاری کے ساتھ یاد کرتا ہے۔ جناب برلا نے ان خیالات آج ’امبیڈکر جینتی‘ کے موقع پر قومی درج فہرست ذات کمیشن کی جانب سے منعقدہ پروگرام ’سماجی انصاف سے قومی ترقی: ڈاکٹر امبیڈکر کے اصولوں پر مبنی وکست بھارت 2047‘ سے خطاب کرتے ہوئے ظاہر کیے۔
جناب برلا نے کہا کہ بابا صاحب کے خیالات آج بھی انسانیت کی رہنمائی کر رہے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوم اور معاشرہ آنے والی نسلوں میں حوصلہ، خود اعتمادی، پختہ عزم اور خدمت کا جذبہ پیدا کرنا چاہتے ہیں تو انہیں بابا صاحب کے نظریات کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب نے اپنی زندگی سے ثابت کیا کہ انسان کے سامنے چاہے کتنی ہی مشکلات یا چیلنجز کیوں نہ ہوں، مضبوط ارادہ اور واضح مقصد اسے کامیابی کی طرف لے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک عام گھرانے میں پیدا ہونے کے باوجود بابا صاحب نے تعلیم کو اپنی سب سے بڑی طاقت بنایا۔ انہوں نے دنیا میں اعلیٰ ترین تعلیمی درجات حاصل کیے، لیکن ذاتی آسائشوں کے بجائے ملک کی خدمت کا راستہ اختیار کیا۔
جناب برلا نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بابا صاحب کے ترقی پسند نقطۂ نقطہ نظر کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کی ترقی کے لیے خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہونا ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پنچایت سے لے کر پارلیمنٹ تک خواتین کی شرکت بابا صاحب کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے، جس میں انہوں نے معاشرے کے ہر طبقے—خصوصاً محروم اور پسماندہ طبقات—کو انصاف اور مساوی حقوق حاصل ہونے کا خواب دیکھا تھا ۔
جناب برلا نے کہا کہ معاشرے کے سب سے نچلے درجے پر کھڑے فرد کے لیے وقار اور مواقع کو یقینی بنانا بابا صاحب کے عالمی نظریے کا مرکز تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم بابا صاحب کے خیالات کو معاشرے کے ہر کونے تک پہنچائیں اور تعلیم کے ذریعے آنے والی نسلوں کو بااختیار بنائیں۔ آج کی تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں جدت، ٹیکنالوجی اور تعلیم کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہی بابا صاحب کو حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔
جناب برلا نے مزید کہا کہ بابا صاحب نے نہ صرف ہندوستان کے آئین کا مسودہ تیار کیا، بلکہ مختلف شعبوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب ایک عظیم ماہرمعاشیات تھے، جنہوں نے آزادی کے بعد ہندوستان کے مالیاتی ڈھانچے، صنعتی ترقی اور اقتصادی قوت کے بارے میں قیمتی بصیرت فراہم کی۔ انہوں نے مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور ان کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کیا۔ جناب برلا نے کہا کہ توانائی، آبپاشی اور حکمرانی جیسے شعبوں میں بابا صاحب کے خیالات آج بھی اہمیت کے حامل ہیں۔
جناب برلا نےدنیا کے سب سے بڑے جمہوری آئین یعنی ہندوستان کے آئین—کو بابا صاحب کے وژن اور گہری سوچ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے ہر آرٹیکل پر دستور ساز اسمبلی میں تفصیلی بحث ہوئی تھی اور بابا صاحب نے یہ یقینی بنایا کہ ہر فیصلہ ملک کی مستقبل کی ضروریات کی عکاسی کرے۔ جناب برلا نے فخر کے ساتھ کہا کہ بابا صاحب نے تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق،حق رائے دہی اور انصاف کی ضمانت دی اور اقتدار کو عوام کے ہاتھوں میں سونپ دیا۔
جناب برلا نے کہا کہ آج دنیا بھر میں جمہوری اقدار اور مساوات کے اصولوں کو اپنایا جا رہا ہے اور ان کی تشکیل میں بابا صاحب کے خیالات نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مساوات، انصاف اور اخوت کے بابا صاحب کے نظریات نے جمہوریت کو مضبوط بنانے کی راہ دکھائی ہے۔
اس سے قبل لوک سبھا کے اسپیکر نے دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں منعقدہ ’بال سمویدھان پستک شنکھلا‘(بچوں کے آئین کی کتابوں کی سیریز) کی تقریب اجرا میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جناب برلا نے کہا کہ بابا صاحب نے عوام کو مرکز میں رکھ کر ہندوستان کے عظیم آئین کا مسودہ تیار کیا تھا۔ ایسے میں یہ ضروری ہے کہ ملک کا ہر شہری آئین کے اقدار، اس کی دفعات اور اس کے اصولوں سے واقف ہو۔
جناب برلا نے مزید کہا کہ ہر بچے کو اپنی ابتدائی تعلیم سے ہی آئین کو جاننا، سمجھنا اور اس کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ اس کے ذریعے قوم کی آنے والی نسل آئینی اقدار سے سرشار ہوگی، اپنے حقوق سے باخبر ہوگی اور اپنے فرائض کے تئیں پابند رہے گی۔
ش ح۔ م ع۔ خ م
U. No. 5839
(ریلیز آئی ڈی: 2252118)
وزیٹر کاؤنٹر : 8