سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طبی تعلیم میں، مصنوعی ذہانت  کے باوجود، مضبوط کلینیکل بنیاد کی ضرورت پر زور دیا


ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بچوں میں ابھرتے ہوئے گیسٹروانٹرولوجی اور جگر کے امراض پر مشتمل نظرثانی شدہ میڈیکل نصابی کتاب کا اجرا کیا

پیڈیاٹرک گیسٹروانٹرولوجی کی توسیع شدہ ایڈیشن میڈیکل سائنس میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے علم کے تیزی سے بڑھتے ہوئے دور میں طب میں تصورات پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 APR 2026 3:29PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ ، جو کہ ایک معروف پروفیسر آف میڈیسن اور ذیابیطس کے ماہر بھی ہیں، نے آج طبی تعلیم میں مضبوط کلینیکل بنیاد کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ مصنوعی ذہانت (اے  آئی) اور اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی تسلیم کیا۔ وہ یہ بات “پیڈیاٹرک گیسٹروانٹرولوجی، ہیپاٹولوجی اینڈ نیوٹریشن” کے پوسٹ گریجویٹ نصاب کے  دوسرے ایڈیشن کی رونمائی کے موقع پر کہہ رہے تھے، جس کے ایڈیٹرز پروفیسر انوپم سبل اور ڈاکٹر سرتھ گوپالن ہیں، جبکہ اس کا پیش لفظ پروفیسر  کیتھلین بی شوارٹز نے جانز ہاپکنز یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے تحریر کیا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ جب ایک مضبوط کلینیکل بنیاد قائم ہو جائے تو مصنوعی ذہانت ایک قیمتی معاون، مددگار اور سہولت کار کے طور پر کام کر سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص طبی بنیادی تصورات کو سمجھنے سے پہلے ہی اے آئی پر انحصار کرنے لگے تو اس بات کا خطرہ ہے کہ وہ سیکھنے کے اُس بنیادی عمل سے محروم رہ جائے گا جو ایک قابل معالج بننے کے لیے ضروری ہے،ایسا معالج جو ضرورت پڑنے پر بغیر کسی آلات، ٹیکنالوجی، تشخیصی سہولیات یا حتیٰ کہ ادویات کے بھی معاشرے کی خدمت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

طبی علم کے تیزی سے پھیلتے ہوئے ذخیرے کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ تحقیق اور اشاعت کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث طبی تعلیم میں تصورات کی واضح سمجھ اور بنیادی کلینیکل تربیت پر توجہ دینا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ نئی ٹیکنالوجیز نے معلومات تک رسائی کو آسان بنا دیا ہے، لیکن سیکھنے کا عمل اب بھی بنیادی فہم اور عملی کلینیکل تجربے پر مبنی رہنا چاہیے۔

وزیر موصوف نے یہ بھی زور دیا کہ طبی تعلیم کے نظام کو ابھرتے ہوئے چیلنجز کے مطابق مسلسل اپ گریڈ کرنا ضروری ہے، جن میں ٹیکنالوجی کا انضمام اور بیماریوں کی بڑھتی ہوئی پیچیدگی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طبی پیشہ ور افراد کو مضبوط بنیادی علم حاصل کرنے کی ترغیب دی جانی چاہیے اور بتدریج اپنے منتخب شعبوں میں مہارت پیدا کرنی چاہیے۔

پیڈیاٹرک گیسٹروانٹرولوجی، ہیپاٹولوجی اینڈ نیوٹریشن کے اس دوسرے ایڈیشن میں اس شعبے میں حالیہ پیش رفت کو شامل کیا گیا ہے اور اسے 45 ابواب تک وسعت دی گئی ہے، جن میں کئی نئے موضوعات بھی شامل ہیں۔ اس کتاب میں اہم امراض جیسے آنتوں کی سوزش ، نیورو-گیسٹروانٹرولوجی، سیلیاک بیماری اور گائے کے دودھ سے الرجی پر تفصیلی مواد شامل ہے، جبکہ ابھرتے ہوئے موضوعات جیسے معدہ و جگر کے امراض میں جینیات کا کردار، اینڈوسکوپی اور لیور ٹرانسپلانٹیشن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ تقریباً 30 فیصد بچے جو پیڈیاٹریشنز کے پاس آتے ہیں، معدہ اور جگر سے متعلق بیماریوں سے متاثر ہوتے ہیں، جو اس شعبے میں تازہ ترین معلومات اور خصوصی تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ نصابی کتاب پیڈیاٹرکس، پیڈیاٹرک گیسٹروانٹرولوجی کے تربیت حاصل کرنے والوں اور عملی معالجین کے لیے ایک جامع حوالہ جاتی ذریعہ کے طور پر تیار کی گئی ہے۔

اس اشاعت کی تدوین پروفیسر انوپم سبل ، جو اپولو ہاسپٹلز گروپ کے گروپ میڈیکل ڈائریکٹر اور سینئر پیڈیاٹرک گیسٹروانٹرولوجسٹ و ہیپاٹولوجسٹ ہیں، اور ڈاکٹر سرتھ گوپالن ، جو دہلی کے مدھوکر رینبو چلڈرنز ہاسپٹل میں کنسلٹنٹ پیڈیاٹرک گیسٹروانٹرولوجسٹ و ہیپاٹولوجسٹ ہیں، نے کی ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر محمد اسحاق ملک، جو گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں ایسوسی ایٹ پروفیسر، پیڈیاٹرک گیسٹروانٹرولوجسٹ اور ہیپاٹولوجسٹ ہیں، کو اس کتاب کا شریک مدیر  مقرر کیا گیا ہے۔

کتاب کا پیش لفظ پروفیسر کیتھلین بی شوارٹز نے لکھا ہے، جو جانز ہاپکنز یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے وابستہ ہیں۔ اس نصابی کتاب کا پہلا ایڈیشن 2016 میں شائع ہوا تھا اور اس وقت کے مرکزی وزیرِ صحت نے اس کا اجراء کیا تھا۔ موجودہ ایڈیشن اسی بنیاد کو مزید مضبوط بناتا ہے اور اس میں شعبے میں ہونے والی تازہ ترین سائنسی پیش رفت اور کلینیکل طریقۂ کار کو شامل کیا گیا ہے۔

**********

 (ش ح  –  ع ح - م الف)

U.No:5812


(ریلیز آئی ڈی: 2251882) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी