وزارت آیوش
پولیس اہلکاروں کے لیے تناؤ کے انتظام پر اے آئی آئی اے کے پی ایچ آئی پروجیکٹ نے نمایاں اثر ڈالا، 35,704 افراد تک رسائی حاصل کی
ذہنی صحت انفرادی فلاح و بہبود اور معاشرے کے مؤثر کام کاج کی بنیاد ہے: ڈائریکٹر، اے آئی آئی اے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 APR 2026 4:45PM by PIB Delhi
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے)، نئی دہلی نے وبائی امراض کے دوران "پولیس اہلکاروں کے لیے آیورویدک مداخلت کے ذریعے تناؤ کا انتظام" کے عنوان سے ایک پبلک ہیلتھ انیشی ایٹو (پی ایچ آئی) پروجیکٹ شروع کیا، جس نے نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں۔ اب تک اس پروجیکٹ کے ذریعے 35,704 پولیس اہلکاروں میں بیداری پیدا کی جا چکی ہے، جو ادارے کے لیے ایک اہم کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔
پروفیسر (وی ڈی) پردیپ کمار پرجاپتی، ڈائریکٹر، اے آئی آئی اے نے کہا کہ ذہنی صحت جسمانی صحت جتنی ہی اہم ہے۔ انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی تعریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت دراصل ایک ایسی کیفیت ہے جس میں فرد اپنی صلاحیتوں کو پہچانتا ہے، روزمرہ کے دباؤ کا مقابلہ کر سکتا ہے، نتیجہ خیز کام انجام دیتا ہے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتا ہے۔ اس تناظر میں ذہنی صحت نہ صرف انفرادی فلاح و بہبود بلکہ معاشرتی نظام کے مؤثر عمل کی بنیاد بھی ہے۔
اس پروجیکٹ کی قیادت پروفیسر (ڈاکٹر) میدھا کلکرنی بطور پرنسپل انویسٹی گیٹر (پی آئی) اور پروفیسر (ڈاکٹر) مینا دیوگاڑے بطور شریک پرنسپل انویسٹی گیٹر (کو-پی آئی) کر رہی ہیں۔ ٹیم نے اس پہل کے تحت تناؤ کے انتظام کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپلیکیشن بھی تیار کی ہے۔ دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر (ویلفیئر ڈویژن) جناب اٹل کٹیار، آئی پی ایس نے آیوروید کے کردار اور اہمیت کو سراہتے ہوئے اس کی لازوال حکمت اور جامع شفابخشی صلاحیت کو اجاگر کیا، اور اس پروجیکٹ کے لیے ادارے کا شکریہ ادا کیا۔
پروجیکٹ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر (ڈاکٹر) مینا دیوگاڑے نے بتایا کہ پولیس اہلکار عموماً شدید جسمانی اور ذہنی دباؤ میں کام کرتے ہیں، جس کے باعث وہ تناؤ سے متعلق امراض کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا مقصد آیوروید پر مبنی ایک جامع، احتیاطی اور علاجی نظام کے ذریعے ان کی ذہنی و جذباتی صحت کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حوصلہ افزا ردعمل اور قابلِ پیمائش نتائج آیورویدک مداخلتوں کی مؤثریت کو ظاہر کرتے ہیں۔
پروجیکٹ ٹیم نے 206 کیمپوں کا انعقاد کیا، جہاں 7,752 پولیس اہلکاروں کی تناؤ، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر متعلقہ امراض کے لیے اسکریننگ کی گئی۔ ان میں سے 1,843 اہلکاروں کو آیورویدک علاج فراہم کیا گیا، جن میں اندرونی ادویات اور شیرودھرا جیسے طریقۂ علاج شامل ہیں۔ دہلی پولیس کے بہبود کے محکمے نے دواکائیوں میں جگہ فراہم کرکے اس اقدام کو آسان بنایا۔
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، نئی دہلی نے 24 مارچ 2026 کو اس پی ایچ آئی پروجیکٹ کے سلسلے میں ایک روزہ تشہیری ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر جناب اٹل کٹیار، آئی پی ایس، اسپیشل کمشنر آف پولیس (ویلفیئر ڈویژن)، دہلی پولیس شریک ہوئے، جبکہ ڈاکٹر کوستوبھا اپادھیائے، مشیر، وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پروفیسر (وی ڈی) پردیپ کمار پرجاپتی نے کی۔ اس موقع پر وزارتِ آیوش کے پی ایچ آئی پروجیکٹ کی پبلک ہیلتھ کنسلٹنٹ ڈاکٹر سنیلہ گرگ بھی موجود تھیں۔
ورکشاپ میں مختلف ماہرین نے اپنے خیالات پیش کیے۔ نارتھ ایسٹرن انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید اینڈ فوک میڈیسن ریسرچ (این ای آئی اے ایف ایم آر)، پاسی گھاٹ، اروناچل پردیش کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سجینا اے نے "اسمرتی مراقبہ کے ذریعے تناؤ کا انتظام" پر سیشن دیا۔ جبکہ وی پی ایس وی آیوروید کالج، کوٹاکل، کیرالہ کی ڈاکٹر انوپما کرشنن نے "جب کام ذہن پر بوجھ بن جائے: پیشہ ورانہ تناؤ اور اس کا آیورویدک انتظام" کے موضوع پر خطاب کیا اور آیوروید کی جامع و احتیاطی حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی۔
یہ ورکشاپ تحقیقی نتائج کو عام کرنے اور خاص طور پر پولیس اہلکاروں جیسے زیادہ دباؤ والے پیشوں میں تناؤ کے انتظام کے لیے آیوروید کے کردار کو مضبوط کرنے کے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آئی۔


***
UR-5254
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2248046)
وزیٹر کاؤنٹر : 4