قبائیلی امور کی وزارت
عوامی ردِعمل کے باعث بھارت ٹرائبس فیسٹ 2026 کی مدت 5 اپریل تک بڑھا دی گئی
قبائلی دستکاروں کے لیے مارکیٹ تک رسائی اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے توسیع
29 مارچ کو ون دھن کانکلیو، قبائلی کاروباری صلاحیت کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 MAR 2026 7:51PM by PIB Delhi
عوام کی زبردست شرکت اور بڑھتی ہوئی دلچسپی کے پیشِ نظر وزارت قبائلی امور نے ٹریفیڈ کے اشتراک سے جاری بھارت ٹرائبس فیسٹ 2026 کو 5 اپریل 2026 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ لوگوں، شراکت داروں اور شرکاء کی پُرجوش ردِعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملک بھر کے قبائلی دستکاروں، کاروباری افراد اور اپنی مدد آپ گروپوں (ایس ایچ جیز) کے لیے مارکیٹ تک رسائی اور روزگار کے مواقع کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
نئی دہلی کے سندر نرسری میں منعقد ہونے والا یہ میلہ ملک کے قبائلی ورثے کو اجاگر کرنے والا ایک اہم قومی پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے، جہاں روایتی دستکاری، ہینڈلوم، قبائلی کھانوں اور کاروباری سرگرمیوں کی نمائش کی جا رہی ہے۔ اس میلے میں 1,000 سے زائد قبائلی دستکاروں، ون دھن وکاس مراکز (وی ڈی وی کے)، قبائلی باورچیوں اور ثقافتی گروپوں نے شرکت کی ہے۔
میلے میں 22 ریاستوں کے 78 وی ڈی وی کے، 28 ریاستوں کے 300 سے زائد فن و دستکاری کے نمائش کنندگان اور 21 ریاستوں کی نمائندگی کرنے والے 120 قبائلی کھانوں کے شرکاء شامل ہیں، جو 30 فوڈ اسٹالز چلا رہے ہیں۔
میلے کی مدت میں توسیع سے دستکاروں اور مصنوعات تیار کرنے والوں کو صارفین کے ساتھ براہِ راست رابطے کا مزید موقع ملے گا، جس سے انہیں بہتر قیمت حاصل ہوگی اور قبائلی مصنوعات کو وسیع سطح پر پہچان ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی لوگوں کو قبائلی ہندوستان کی متنوع ثقافت کا تجربہ کرنے کے لیے اضافی وقت بھی میسر آئے گا۔
نمائش اور فروخت کے علاوہ میلے میں بھارت ٹرائبس بزنس کانکلیو، سی ایس آر کانکلیو اور موضوعاتی ورکشاپس جیسے اہم پروگرام بھی منعقد ہو رہے ہیں، جن کے ذریعے معلومات کے تبادلے، شراکت داری اور صلاحیت سازی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
توسیعی پروگرام کے تحت ٹریفیڈ 29 مارچ 2026 (اتوار) کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ون دھن کانکلیو کا انعقاد کرے گا۔ اس کانکلیو کا افتتاح مرکزی وزیر مملکت برائے قبائلی امور درگاداس اوئیکے کریں گے۔ اس میں پانچ موضوعاتی اجلاس منعقد ہوں گے جن میں پائیدار روزگار، معمولی جنگلاتی پیداوار کی ویلیو ایڈیڈ، مارکیٹ روابط اور قبائلی کاروباری صلاحیت کو مضبوط بنانے جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔
وزارت نے قبائلی برادریوں کی فلاح اور بااختیاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پائیدار روزگار، روایتی علم کے تحفظ اور مارکیٹ روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
لوگوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ توسیع شدہ مدت سے فائدہ اٹھائیں اور بھارت ٹرائبس فیسٹ 2026 میں قبائلی ہندوستان کی روح اور ثقافت کا قریب سے مشاہدہ کریں۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 5083 )
(ریلیز آئی ڈی: 2246572)
وزیٹر کاؤنٹر : 7