ٹیکسٹائلز کی وزارت
وزارتِ ٹیکسٹائل نے “عالمی منڈیوں کے لیے ٹیکسٹائل” موضوع پر محکمانہ سمٹ کی تیاری کے سلسلے میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ قومی مشاورتی ویبینار منعقد کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 MAR 2026 8:45PM by PIB Delhi
وزارتِ ٹیکسٹائلز نے آج ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ ایک قومی مشاورتی ویبینار منعقد کیا، جو جون 2026 میں مجوزہ محکمانہ سمٹ ’’ٹیکسٹائلز فار گلوبل مارکیٹس‘‘ کی تیاری کے طور پر منعقد کیا گیا۔ یہ ویبینار کابینہ سکریٹری کی ہدایات کے مطابق ترجیحی شعبوں میں ترقی کو فروغ دینے کے لئے مرکز اور ریاستوں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے کے مقصد سے منعقد کیا گیا۔
اپنے افتتاحی کلمات میں سکریٹری (ٹیکسٹائلز) نے کہا کہ اگرچہ ٹیکسٹائل شعبے میں ملکی سطح پر مسلسل ترقی ہوئی ہے، لیکن برآمدات کی رفتار حالیہ برسوں میں نسبتاً کم رہی ہے۔ انہوں نے اس قومی ہدف پر زور دیا کہ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات کو موجودہ تقریباً 40 ارب امریکی ڈالر سے بڑھا کر 2030 تک 100 ارب امریکی ڈالر تک پہنچایا جائے، اور اس مقصد کے حصول کے لئے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ قریبی تعاون کو ضروری قرار دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مجوزہ سمٹ کے لئے ایک واضح، نتیجہ خیز اور عملی ایجنڈا تیار کیا جائے تاکہ قومی سطح پر اتفاقِ رائے قائم ہو اور برآمدات میں اضافے کے لئے مؤثر راستے متعین کئے جا سکیں۔
وزارتِ ٹیکسٹائلز کے ایڈیشنل سکریٹری نے مشاورتی عمل کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پالیسی کی خامیوں، بنیادی ڈھانچے کی ضروریات، لاجسٹک مسائل اور ضابطہ جاتی رکاوٹوں کی نشاندہی میں مدد ملے گی، جو برآمدات کو متاثر کر رہی ہیں، اور اس کے ذریعے ریاستی اور قومی سطح پر ہدفی اقدامات ممکن ہو سکیں گے۔


وزارتِ ٹیکسٹائلز کے ٹریڈ ایڈوائزر نے ہندوستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کے منظرنامے اور ریاست وار کارکردگی کا جائزہ پیش کیا، اور برآمدی منڈیوں میں تنوع، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ویلیو چین کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزارتِ ٹیکسٹائلز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ڈی ڈی جی) نے ضلع سطح پر ٹیکسٹائل تبدیلی (DLTT) فریم ورک پیش کیا، جس کا مقصد مختلف اسکیموں کے اشتراک، ادارہ جاتی تال میل اور ڈیٹا پر مبنی منصوبہ بندی کے ذریعے اضلاع کی برآمدی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے پانی پت کو ایک پائلٹ ضلع کے طور پر پیش کیا تاکہ ضلع کی بنیاد پر برآمدات کے فروغ کے ماڈل کو واضح کیا جا سکے۔
ویبینار کے دوران ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو بھارت ٹیکس 2026 میں فعال شرکت کی ترغیب دی گئی، جو 14 سے 17 جولائی 2026 تک منعقد ہوگا۔ یہ پروگرام سرمایہ کاری کے فروغ، خریدار و فروخت کنندہ روابط، بین الاقوامی نیٹ ورکنگ اور ریاستی ٹیکسٹائل نظام کی نمائش کے لئے ایک اہم عالمی پلیٹ فارم ہوگا۔
بات چیت کے سیشن میں ریاستوں نے مختلف مسائل اجاگر کئے، جن میں ٹیکسٹائل اضلاع کی توسیع، لاجسٹکس اور بنیادی ڈھانچے کی کمی، مہارت اور ٹیکنالوجی کی ضرورت، ایم ایس ایم ایز کے لئے برآمدی سہولت، ہینڈلوم اور روایتی شعبوں کی حمایت اور کلسٹر پر مبنی برآمدی حکمت عملی کی اہمیت شامل تھی۔ کچھ ریاستوں نے مخصوص ٹیکسٹائل مصنوعات کے لئے خصوصی پالیسی معاونت اور چھوٹے پروڈیوسرز کی برآمدی تیاری کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
وزارت نے بتایا کہ اگلے مراحل میں ریاستی سطح پر متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورت، ضلع سطح کے برآمدی ایکشن پلان کی تیاری اور مجوزہ قومی کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لئے مزید مشاورت شامل ہوگی۔ وزارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ مل کر مربوط پالیسی، ادارہ جاتی تعاون اور ضلع سطح کی حکمت عملی کے ذریعے عالمی ٹیکسٹائل منڈی میں ہندوستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لئے کام کرے گی۔
************
ش ح ۔ ا م ۔ م ص
(U : 4949 )
(ریلیز آئی ڈی: 2245454)
وزیٹر کاؤنٹر : 5