ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
نیشنل زولوجیکل پارک نے جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر تعلیمی آگاہی مہم اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 MAR 2026 7:47PM by PIB Delhi
نیشنل زولوجیکل پارک نے ہفتہ کے روز جنگلات کے عالمی دن کو نہایت جوش و خروش اور عوامی شرکت کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر تقریباً 18,000 افراد نے پارک کا دورہ کیا جبکہ قریب 1,500 افراد نے تحفظِ ماحول سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
دن کا آغاز چڑیا گھر کے ایک رہنمائی پر مبنی تعلیمی دورے سے ہوا، جس کے دوران دہلی کے بھاسکرآچاریہ کالج آف اپلائیڈ سائنسز کے طلبہ کو چڑیا گھر کے عملے نے مختلف جانوروں کے باڑوں اور ان کی ماحولیاتی اہمیت کے بارے میں مفصل آگاہی فراہم کی۔
اس اقدام کا مقصد جنگلاتی ماحولیاتی نظام اور جنگلی حیات کے تحفظ کے کردار سے متعلق شعور کو فروغ دینا تھا۔ چڑیا گھر کے دورے کے بعد بھاسکرآچاریہ کالج کے ساٹھ طلبہ نے ایک معلوماتی اور دلچسپ پریزنٹیشن سیشن میں شرکت کی، جس میں جنگلی حیات کے تحفظ، ماحولیاتی تعلیم اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں چڑیا گھروں کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا گیا۔
پروگرام کا اختتام چڑیا گھر کے ڈائریکٹر کے ساتھ ایک بامعنی تبادلۂ خیال پر ہوا، جس میں انہوں نے جاری تحفظاتی اقدامات اور نیشنل زولوجیکل پارک کے انتظامی نظام کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کیں۔
اس موقع کی مناسبت سے چڑیا گھر کے احاطے میں شجرکاری مہم بھی منعقد کی گئی۔ بیٹ نمبر 11 کے نئے مرمت شدہ پرندوں کے احاطے میں بیٹ کیپر اور چڑیا گھر کے عملے نے مختلف اقسام کے 58 پودے لگائے، جس سے جانوروں کے مسکن میں بہتری اور سبزہ زار میں اضافہ ہوا۔
عیدالفطر کے تہوار کے باعث چڑیا گھر میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا اور تقریباً 18,000 افراد کی آمد سے ماحول نہایت پررونق اور پُرجوش رہا۔ اس دوران تقریباً 1,500 زائرین نے خصوصی طور پر منعقدہ ڈوڈل سرگرمی میں حصہ لیا، جہاں انہوں نے جنگلات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے موضوع پر اپنے خیالات کو تخلیقی انداز میں پیش کیا۔
یہ تقریب جنگلات کی اہمیت، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار ماحولیاتی طرزِ عمل کے فروغ کے حوالے سے عوام اور طلبہ میں مؤثر شعور بیدار کرنے میں کامیاب رہی۔
******
ش ح۔م م ۔ ع ر
U-N- 4649
(ریلیز آئی ڈی: 2243729)
وزیٹر کاؤنٹر : 6