سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹی ڈی بی–ڈی ایس ٹی کی جانب سے مدار میں سیٹلائٹ کی ڈاکنگ اور ایندھن بھرنے کی مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے اوربٹ ایڈ ایرو اسپیس پرائیویٹ لمیٹڈ کی معاونت

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 MAR 2026 5:15PM by PIB Delhi

بھارت کے ابھرتے ہوئے نجی خلائی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم کے طور پر، ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (ٹی ڈی بی)، ڈپارٹمنٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی)، حکومت ہند نے اوربٹ ایڈ ایرو اسپیس پرائویٹ لمیٹڈ کو ”سیٹلائٹس کی خلا میں مدت کار بڑھانے کے لیے ڈاکنگ اور ایندھن بھرنے کے نظام کی ترقی“ کے عنوان سے ایک منصوبے کے لیے مالی معاونت فراہم کی ہے۔ یہ اقدام حکومت ہند کے اس وژن کے مطابق ہے جس کا مقصد خلائی شعبے میں نجی صنعت کی زیادہ شمولیت کو ممکن بنانا اور اعلیٰ خلائی ٹیکنالوجیوں میں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

اوربٹ ایڈ ایرو اسپیس پرائویٹ لمیٹڈ مدار میں سیٹلائٹس کی سروسنگ کی جدید صلاحیتیں تیار کر رہی ہے، جن میں خلاء میں فعال سیٹلائٹس کو دوبارہ ایندھن فراہم کرنے کی ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔ اس نوعیت کی صلاحیتیں اس لیے زیادہ اہم ہوتی جا رہی ہیں کیونکہ مدار میں سیٹلائٹس کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس سے خلائی ہجوم، سیٹلائٹس کے لائف سائیکل کے انتظام اور پائیدار خلائی سرگرمیوں سے متعلق مواقع اور چیلنج دونوں پیدا ہو رہے ہیں۔

اس منصوبے کے تحت ایک اہم اختراع اسٹینڈرڈ انٹرفیس ڈاکنگ اینڈ ریفیولنگ پورٹ (ایس آئی ڈی آر پی) ہے، جو ٹیکنالوجی ریڈینس لیول 7 (ٹی آر ایل-7) پر مبنی ایک نظام ہے اور مدار میں سیٹلائٹس کے درمیان خودکار ڈاکنگ اور پروپلینٹ (ایندھن) کی منتقلی کو ممکن بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ نظام سیٹلائٹ کے فل اینڈ ڈرین والو کو ڈوئل ڈاکنگ انٹرفیس کے ساتھ یکجا کرتا ہے اور اسے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ زمین پر اور مائیکرو گریویٹی ماحول دونوں میں قابل اعتماد طریقے سے کام کر سکے۔

اسٹینڈرڈ انٹرفیس ڈاکنگ اینڈ ریفیولنگ پورٹ (ایس آئی ڈی آر پی) میں جدید انجینئرنگ خصوصیات شامل ہیں، جن میں خودکار ڈاکنگ کی صلاحیت، دوہرا ڈاکنگ میکانزم اور محفوظ و قابل اعتماد پروپلینٹ (ایندھن) کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اندرونی حفاظتی نظام شامل ہیں۔ یہ نظام ایک سروسنگ سیٹلائٹ ماڈیول کو ہدفی سیٹلائٹ کے قریب آنے اور اس کے ساتھ ڈاک کرنے کی سہولت دیتا ہے، جس کے ذریعے مدار میں ہی ایندھن کی فراہمی ممکن ہوتی ہے۔ اس سے سیٹلائٹ کی عملی مدت میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور یہ متبادل سیٹلائٹ لانچ کرنے کی لاگت کے مقابلے میں بہت کم خرچ پر ممکن ہے۔

عملی کارروائی کے دوران اوربٹ ایڈ ایرو اسپیس پرائویٹ لمیٹڈ کا سروس ماڈیول جدید گائیڈنس، نیویگیشن اور کنٹرول (جی این سی) نظاموں کی مدد سے ہدفی سیٹلائٹ کے قریب پہنچتا ہے، جنہیں LiDAR، آپٹیکل اور انفراریڈ سینسروں کی معاونت حاصل ہوتی ہے۔ جب سیٹلائٹ مطلوبہ فاصلے تک پہنچ جاتا ہے تو ڈاکنگ انٹرفیس کے ذریعے پہلے نرم انداز میں گرفت حاصل کی جاتی ہے، اس کے بعد محفوظ لاکنگ کی جاتی ہے اور پھر سیٹلائٹ کے ایندھن کے ذخائر کو دوبارہ بھرنے کے لیے محفوظ طریقے سے پروپلینٹ منتقل کیا جاتا ہے۔

ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (ٹی ڈی بی) کی مالی معاونت کے ساتھ اس منصوبے میں اسٹینڈرڈ انٹرفیس ڈاکنگ اینڈ ریفیولنگ پورٹ (ایس آئی ڈی آر پی) نظام کی مزید ترقی، آزمائش اور خلا میں عملی مظاہرے پر توجہ دی جائے گی۔ اس سے بھارت میں مدار میں سیٹلائٹ سروسنگ کے مقامی ماحولیاتی نظام کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔ توقع ہے کہ یہ اقدام سیٹلائٹس کی مدت کار بڑھانے کی خدمات کے لیے نئی مواقع پیدا کرے گا، سیٹلائٹ آپریٹروں کی عملی کارکردگی میں اضافہ کرے گا اور پائیدار خلائی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے راجیش کمار پاٹھک، سکریٹری ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ نے کہا کہ بھارت کا خلائی شعبہ معزز وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک انقلابی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں اصلاحات نجی شعبے کی شرکت اور جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدار میں سیٹلائٹ سروسنگ اور سیٹلائٹ کی مدت کار بڑھانے جیسے نظام تجارتی خلائی سرگرمیوں کی اگلی سرحد کی نمائندگی کرتے ہیں اور ٹی ڈی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جدید خلائی ٹیکنالوجی تیار کرنے والے بھارتی اسٹارٹ اپ کی معاونت جاری رکھے گا تاکہ عالمی مسابقت اور تکنیکی خود کفالت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اوربٹ ایڈ ایرو اسپیس پرائویٹ لمیٹڈ کے بانیوں نے ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ کی جانب سے فراہم کی گئی معاونت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ مدد ڈاکنگ اور ریفیولنگ نظام کی ترقی، آزمائش اور خلا میں عملی مظاہرے کے عمل کو تیز کرنے میں مدد دے گی، جس کے ذریعے کمپنی بھارت کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے خلائی جدت طرازی کے ماحولیاتی نظام میں مؤثر کردار ادا کر سکے گی۔

 

   ************

ش ح۔ ف ش ع

U: 3918


(ریلیز آئی ڈی: 2239324) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी