ٹیکسٹائلز کی وزارت
پی ایم مِترا پارکس کو تیز رفتار پیش رفت حاصل
تمل ناڈو کے ویرودھ نگر میں واقع پی ایم مِترا پارک میں 190 ایکڑ صنعتی اراضی مختص؛ 2,192 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے 15,000 روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے
550 کروڑ روپے مالیت کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے زیرِ تکمیل؛ 15 ایم ایل ڈی زیرو لیکوئیڈ ڈسچارج نظام پائیدار پروسیسنگ کو تقویت دے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 FEB 2026 5:53PM by PIB Delhi
جمعہ کے روز پی ایم مِترا پارک تمل ناڈو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے 190.44 ایکڑ صنعتی اراضی 23 سرمایہ کاروں کو مختص کی گئی، جس سے تقریباً 2,192.21 کروڑ روپے کی متعین سرمایہ کاری کو تقویت ملی ہے اور اندازاً 15,000 روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ منظور شدہ سرمایہ کاری مختلف شعبوں پر مشتمل ہے، جن میں مربوط ٹیکسٹائل یونٹس، یارن مینوفیکچرنگ، فیبرک کی تیاری، پروسیسنگ اور فِنشنگ، ملبوسات سازی اور ٹیکنیکل ٹیکسٹائل شامل ہیں۔
اراضی کی تخصیص سے متعلق فیصلے 27 فروری 2026 کو پی ایم مِترا پارک، تمل ناڈو لمیٹڈ (ایس پی وی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نویں اجلاس میں کیے گئے، جس کی صدارت محترمہ نیلم شامی راؤ، سکریٹری، وزارتِ ٹیکسٹائل نے کی۔ اجلاس میں جناب روہت کانسل، ایڈیشنل سکریٹری، وزارتِ ٹیکسٹائل؛ جناب ارون رائے وجے کرشنن، سکریٹری، صنعت، سرمایہ کاری فروغ و تجارت محکمہ، حکومتِ تمل ناڈو؛ جناب سینتھل راج کرشنن، منیجنگ ڈائریکٹر، سیپکوٹ تمل ناڈو؛ نیز این آئی سی ڈی سی، وزارتِ ٹیکسٹائل اور سیپکوٹ کے نمائندگان نے شرکت کی۔


بورڈ نے مشاہدہ کیا کہ پارک میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس کے ڈیزائن، طرزِ حکمرانی کے ڈھانچے اور طویل مدتی مسابقتی صلاحیت پر صنعت کے مضبوط اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ بورڈ نے یہ بھی اجاگر کیا کہ تمل ناڈو کے ویرودھ نگر میں واقع پی ایم مِترا پارک میں اراضی کی تخصیص سے یارن، فیبرک اور ملبوسات کی مربوط ویلیو چین کے قیام کے عمل کو تیزی ملے گی، خصوصاً اس خطے میں جو پہلے ہی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی تیاری اور برآمدات کا ایک بڑا مرکز ہے۔ مزید برآں، پی ایم مِترا پارک میں 20 ایم ایل ڈی زیرو لیکوئیڈ ڈسچارج (زیڈایل ڈی) سہولت متعدد پروسیسنگ یونٹس، بشمول چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں، کو صاف اور پائیدار پروسیسنگ کی سہولت فراہم کرے گی۔
ویرودھ نگر کا پی ایم مِترا پارک اس اسکیم کے تحت قائم کیے جانے والے سات میگا پارکس میں سے ایک ہے۔ یہ پارک 1,894 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، جس میں 15 ایم ایل ڈی سی ای ٹی پی مع زیرو لیکوئیڈ ڈسچارج، 20 میگاواٹ شمسی بجلی پلانٹ، مرکزی اسٹیم بوائلرز اور تقریباً 13 لاکھ مربع فٹ کے تیار شدہ پلگ اینڈ پلے یونٹس شامل ہیں۔ نیشنل ہائی وے این ایچ 44 پر واقع اور توتیکورین بندرگاہ سے محض 106 کلومیٹر کے فاصلے پر ہونے کی وجہ سے یہ پارک بہترین رابطہ، لاجسٹکس سہولت اور ایک مستحکم ٹیکسٹائل ماحولیاتی نظام فراہم کرتا ہے۔ پارک کے اندر اور اطراف میں تقریباً 550 کروڑ روپے مالیت کے بنیادی ڈھانچے کے کام جاری ہیں، اور پارک کو دسمبر 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بورڈ نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ایم مِترا پارک، تمل ناڈو کی ترقی شفاف، پالیسی سے ہم آہنگ اور ماحولیاتی نظام پر مبنی انداز میں کی جائے گی، جس کا مقصد بھارت کی مربوط ٹیکسٹائل ویلیو چین کو مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر مسابقت کو بڑھانا ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :3204 )
(ریلیز آئی ڈی: 2234070)
وزیٹر کاؤنٹر : 5