سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لداخ کے طلبہ کے لیے ظہرانے پر تبادلۂ خیال کی میزبانی کی؛ ان کے بلند حوصلوں کو سراہا؛ اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور قومی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی


ٹیکنالوجی نے ’’چھوٹے مقامات‘‘ کے تصور کا خاتمہ کر دیا؛ اپنی اندرونی صلاحیت کو پہچانیں اور قومی مواقع سے فائدہ اٹھائیں: ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا لداخ کے طلبہ سے خطاب

وزیرِ اعظم کے وژن، حکومتی تعاون اور مشاہداتی مواقع نوجوانوں کے لیے نئی راہیں ہموار کر رہے ہیں: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 FEB 2026 6:16PM by PIB Delhi

 مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم، نیز وزیر مملکت برائے وزیرِ اعظم دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلائی امور ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لداخ سے آئے طلبہ کے ایک وفد کی اپنی رہائش گاہ پر خصوصی ظہرانے پر میزبانی کی۔ انہوں نے طلبہ کے بلند حوصلوں اور اعلیٰ عزائم کو سراہا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے، قومی یکجہتی اور ابھرتے مواقع کے موضوعات پر ان کے ساتھ کھلی اور حوصلہ افزا گفتگو کی۔

طلبہ سے گرمجوشی سے تبادلۂ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نوجوان ذہنوں کی تشکیل میں مشاہدے اور ثقافتی تبادلے کے انقلابی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ماضی کے طلبہ تبادلہ پروگراموں، خصوصاً شمال مشرقی ریاستوں کے نوجوانوں سے متعلق اقدامات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام دور دراز علاقوں کے طلبہ میں جھجھک دور کرنے اور خود اعتمادی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوئے۔ انہوں نے ایک مثال بیان کی کہ کس طرح لوہڑی، بیہو، مکر سنکرانتی اور پونگل جیسے تہوار مل جل کر منائے گئے، جس سے طلبہ نے یہ محسوس کیا کہ اگرچہ روایات مختلف ہو سکتی ہیں، لیکن جشن منانے کی روح پورے بھارت میں یکساں ہے، جو جذباتی اتحاد کو مضبوط بناتی ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی نے جغرافیائی رکاوٹوں کو مؤثر طور پر ختم کر دیا ہے اور ’’چھوٹے مقامات‘‘ کا تصور باقی نہیں رہا۔ ڈیجیٹل رسائی اور پھیلتے بنیادی ڈھانچے کے باعث اب طلبہ ملک کے کسی بھی کونے سے سول سروسز کی تیاری اور مسابقتی مستقبل اختیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے راستے کا تعین کرنے سے پہلے اپنی اندرونی صلاحیتوں اور قوتوں کو پہچانیں، کیونکہ خود آگہی ہی کامیابی کی بنیاد ہے۔

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ ایک دہائی کی حکمرانی کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ متعدد اسکیموں اور اقدامات نے نوجوانوں کے لیے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ جو لوگ محنت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں، حکومت ان کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

لداخ میں تیز رفتار تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے نئے کالجوں کے قیام، اعلیٰ تعلیمی اداروں کی توسیع اور انجینئرنگ، طب اور سول سروسز کے شعبوں میں حالیہ برسوں کے دوران پیدا ہونے والے مواقع کا ذکر کیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے لداخ کے متعدد دوروں، بشمول شدید سردی کے موسم میں کیے گئے دورے، کو خطے اور اس کے عوام کے لیے گہرے عزم کی علامت قرار دیا۔

یہ طلبہ وفد اسٹوڈنٹ ایکسپیرینس اِن ریجنل انڈرسٹینڈنگ (سیرو)علاقے کے سمجھنے میں طلبہ کا تجربہ پروگرام کے تحت آیا تھا۔ اس پروگرام کا مقصد بھارت کے مختلف خطوں کے طلبہ کے درمیان روابط کو فروغ دے کر ثقافتی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور تعلیمی تجربات کو وسعت دینا ہے۔

گفتگو کے دوران ایک طالب علم نے حوالہ دیا کہ 1990 کی دہائی کے اوائل میں راجستھان، ہریانہ اور دہلی سمیت مختلف ریاستوں کے طلبہ اسی نوعیت کے پروگرام کے تحت لداخ آئے تھے۔ اگرچہ یہ اقدام کچھ عرصے کے لیے تعطل کا شکار رہا، تاہم اب اسے منظم انداز میں دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس لداخ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 20 طلبہ نے اس پروگرام میں شرکت کی، مختلف ریاستوں کا سفر کیا، ممتاز شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور معروف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وائس چانسلرز اور اساتذہ سے تبادلۂ خیال کیا۔ اس سال شرکت بڑھا کر 30 طلبہ تک کر دی گئی ہے، جو نئے تشکیل شدہ اضلاع اور سرحدی علاقوں جیسے کارگل، نوبرا اور چانگ تھانگ کی نمائندگی کرتے ہیں، تاکہ پورے لداخ کی وسیع نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔

طلبہ نے اس تجربے کو علم افزا اور اعتماد میں اضافے کا ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ مختلف تعلیمی اور ثقافتی ماحول سے آشنائی نے ان کے عزائم کو وسعت دی ہے اور انہیں ایک وسیع قومی برادری سے وابستگی کا مضبوط احساس عطا کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001LVUE.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002U829.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0030QKD.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image004MYA2.jpg

 

 

************

ش ح ۔   م    د۔  م  ص

(U :  3168  )


(ریلیز آئی ڈی: 2233689) وزیٹر کاؤنٹر : 28
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी