ادویات سازی کا محکمہ
ہندوستان کے دواسازی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے نائپر اور بوہرِنگر کے درمیان تعلیم و تحقیق کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط اور امریتوَا کوہورٹ 2 کا اجرا
کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تعاون سے چلنے والے پروگرام کے تحت پانچ موجدین کو مالی معاونت فراہم کی گئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 FEB 2026 3:58PM by PIB Delhi

ہندوستان میں دواسازی کی تعلیم اور تحقیق کو فروغ دینے کے لیے قومی ادارہ برائے دواسازی تعلیم و تحقیق، رائے بریلی اور بوہرنگر اِنجل ہائم انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ یہ مفاہمتی یادداشت نئی دہلی میں وزارتِ کیمیکلز و کھاد کے محکمۂ ادویہ سازی کے سکریٹری جناب منوج جوشی کی موجودگی میں طے پائی۔
اس موقع پر امریتوَا (الائنس فار میڈیسنل ریسرچ، انوویشن، ٹرانسلیشن اینڈ ویلیو ایکسیلریشن) کے دوسرے مرحلے کا بھی اجرا کیا گیا، جس کا مقصد ہندوستان کے اختراعی نظام کو مضبوط بنانا اور تحقیقی نتائج کو قابلِ عمل دواسازی مصنوعات اور کاروباری منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔ امریتوَا کو آئی آئی ٹی کانپور کے اسٹارٹ اپ انکیوبیشن و انوویشن سینٹر کے ذریعے، قومی ادارہ برائے دواسازی تعلیم و تحقیق، رائے بریلی کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام بوہرنگر اِنجل ہائم انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت معاونت یافتہ ہے۔
اپنے خطاب میں جناب منوج جوشی نے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان اشتراکی شراکت داری کے کردار پر زور دیا اور کہا کہ تحقیق سے منڈی تک کے سلسلے کو مضبوط بنانے میں اس نوعیت کے اقدامات نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ کوششیں ملکی اختراعی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور کم لاگت صحتی سہولیات تک وسیع رسائی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
اس تقریب میں محکمۂ ادویہ سازی کے سینئر معاشی مشیر جناب اودھیش کمار چودھری، ڈائریکٹر محترمہ انوگرہا پی، اور آئی آئی ٹی کانپور کے اسٹارٹ اپ انکیوبیشن و انوویشن سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر آشوتوش اگنی ہوتری بھی موجود تھے۔
امریتوَا کے دوسرے مرحلے کے تحت پانچ موجدین کو مالی معاونت کے لیے منتخب کیا گیا ہے تاکہ ان کی تحقیق کو تجارتی سطح تک پہنچانے میں مدد مل سکے۔ تین اساتذہ کی قیادت میں جاری منصوبوں کو فی منصوبہ 8 لاکھ روپے کی امداد فراہم کی گئی ہے، جبکہ دو تحقیقی اسکالرز کی قیادت میں منصوبوں کو فی منصوبہ 6 لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔
بوہرنگر اِنجل ہائم انڈیا اور قومی ادارہ برائے دواسازی تعلیم و تحقیق، رائے بریلی (بشمول اس کے مرکزِ امتیاز برائے جدید ادویہ ترسیلی نظام) کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت دواسازی ٹیکنالوجی، جدید ادویہ ترسیلی نظام، علمی تبادلے اور صلاحیت سازی پروگراموں جیسے شعبوں میں تعلیمی و تحقیقی اشتراک کو مضبوط بنانے کا فریم ورک فراہم کرتی ہے۔
اس تعاون کے تحت بوہرنگر اِنجل ہائم اپنی اوپن ایم ای اوپن سائنس پلیٹ فارم تک محققین اور اداروں کو رسائی فراہم کرے گا، جس سے سائنسی تبادلہ ممکن ہوگا اور صحت کے شعبے میں اختراع کی رفتار تیز ہوگی۔
محکمۂ ادویہ سازی ملک کے دواسازی شعبے کو محض مقدار پر مبنی نظام سے قدر پر مبنی نظام کی طرف منتقل کرنے کے لیے پالیسی اقدامات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، صنعت و تعلیمی اداروں کی مضبوط شراکت داری اور انکیوبیشن کے ذریعے تجارتی فروغ کی کوششوں کی حمایت کر رہا ہے، جو وکست بھارت 2047 کے وسیع تر ویژن سے ہم آہنگ ہیں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-2849
(ریلیز آئی ڈی: 2231224)
وزیٹر کاؤنٹر : 10