وزارت آیوش
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید نے اگرتلہ میں کل ہند سرکاری زبان سے متعلق کانفرنس میں شرکت کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 FEB 2026 7:28PM by PIB Delhi
وزارتِ داخلہ کے تحت محکمۂ راج بھاشا کی جانب سےاگرتلہ کے ہپانیہ میں واقع انٹرنیشنل انڈور ایگزیبیشن سینٹر میں مشرقی، شمال مشرقی اور شمالی خطوں کے لیے آل انڈیا آفیشل لینگویج کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا بطور مہمانِ خصوصی شرکت کا پروگرام تھا۔کانفرنس کا مقصد سرکاری زبان ہندی کے مؤثر نفاذ کو فروغ دینا اور وزارتوں، اداروں اور تنظیموں کے درمیان بہترین طور طریقوں کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر سرکاری زبان کے نفاذ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر، وزارتِ آیوش کے تحت آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے) نے کانفرنس میں سرگرمی سے شرکت کی۔ ڈائریکٹر پروفیسر (ویدیہ) پردیپ کمار پراجاپتی کی سربراہی میں سینئر آیوش معالجین کی ایک ٹیم نے شرکاء اور حاضرین کو مفت طبی معائنہ اور طبی مشورے فراہم کیے۔
مزید برآں، سینٹرل کونسل فار ریسرچ ان آیورویدک سائنسز (سی سی آر اے ایس) ریجنل آیوروید ریسرچ سینٹر، اگرتلہ نے اے آئی آئی اے کے تکنیکی اور طبی تعاون سے ادویات کی تقسیم اور ہیلتھ اسکریننگ کا انتظام کیا۔ ادارے نے روزمرہ کی صحت کی دیکھ بھال اور آیورویدک طرز زندگی کو فروغ دینے کے لیے شرکاء میں ’’نیتیا سیوی آیور کٹ‘‘ بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر پراکِرتی پریکشن (جسمانی ساخت کا تعین) اور ندی پریکشن (نبض کی تشخیص) کے کیمپ بھی لگائے گئے۔
پروگرام کے دوران، ذیابیطس پر مبنی آیورویدک کتاب ’’پرمیہ یوگ سنگرہ‘‘، جس کے مصنف اور مدیر پروفیسر (ویدیہ) راجا رام مہتو ہیں، کی رونمائی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کی۔ یہ کتاب آیوروید کے ذریعے ذیابیطس کے انتظام کے روایتی اور عملی طریقوں پر روشنی ڈالتی ہے۔
اے آئی آئی اے کے سینئر ڈاکٹروں بشمول ڈین پروفیسر (ڈاکٹر) مہیش ویاس، ایم ایس یوگیش بدوے اور ڈاکٹر رماکانت یادو نے آیورویدک طبی خدمات فراہم کیں اور ہندی نمائش اور صحت سے متعلق مذاکراتی سیشنز میں بھی شرکت کی۔ محکمۂ راج بھاشا کی سکریٹری محترمہ انشولی آریہ نے بتایا کہ ’فٹ انڈیا موومنٹ‘ سے متاثر ہو کر، شہریوں کو ہندوستان کے روایتی طبی علم سے جوڑنے اور عوامی صحت کو فروغ دینے کے لیے وزارتِ آیوش کے تعاون سے آیوش کیمپوں اور یوگ سیشنز کا اہتمام کیا گیا۔
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید کے ڈائریکٹر، پروفیسر (ویدیہ) پردیپ کمار پرجاپتی نے کہا کہ سرکاری زبان سے متعلق کانفرنس جیسے قومی پلیٹ فارم پر آیوروید کی شرکت باعثِ فخر ہے اور ادارے کا مقصد نہ صرف علاج فراہم کرنا ہے بلکہ عوام میں احتیاطی تدابیر اور آیورویدک طرزِ زندگی کے بارے میں شعور پیدا کرنا بھی ہے۔
اس کانفرنس نے سرکاری زبان کے فروغ اور عوامی صحت کی آگاہی کو یکجا کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا، جو انتظامی مہارت اور روایتی طبی نظام کے بامعنی ملاپ کا مظہر ہے۔


******
ش ح۔ک ح
U. No. 2767
(ریلیز آئی ڈی: 2230629)
وزیٹر کاؤنٹر : 4