کامرس اور صنعت کی وزارتہ
ڈی پی آئی آئی ٹی اور نیشنل پروڈکٹیویٹی کونسل کی جانب سے ’بوائلرز پر چنتن شوِر‘ کا انعقاد؛ جدت طرازی کے فروغ اور وژن 2047 سے ہم آہنگ صنعتی روڈمیپ کی تیاری پر زور
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 FEB 2026 12:57PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ تجارت و صنعت کے تحت محکمہ برائے فروغِ صنعت و داخلی تجارت(ڈی پی آئی آئی ٹی) نے قومی پیداواری کونسل (این پی سی) کے اشتراک سے حیدرآباد میں ’بوائلرز پر چنتن شوِر‘ کا انعقاد کیا۔
اس چنتن شوِر کا مقصد جدت طرازی کو فروغ دینا، پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ لینا اور باہمی و مستقبل پر مبنی بات چیت کے ذریعہ وژن 2047 جیسے طویل مدتی قومی اہداف کے ساتھ حکمتِ عملی کو ہم آہنگ کرنا تھا۔ غور و خوض کا مرکز بوائلر صنعت کے لیے ایک جامع روڈمیپ کی تیاری تھا، جس کے لیے پورے ایکو نظام کے اہم شراکت داروں کو شامل کیا گیا۔
تقریب میں قومی پیداواری کونسل کی ڈائریکٹر جنرل، محترمہ نیرجا شیکھر؛ جوائنٹ سکریٹری، محکمہ برائے فروغِ صنعت و داخلی تجارت، جناب جے پرکاش شیوہرے اور ٹیکنیکل ایڈوائزر (بوائلرز) و سکریٹری، سینٹرل بوائلرز بورڈ، محکمہ برائے فروغِ صنعت و داخلی تجارت، جناب سندیپ سدانند کمبھار نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومتوں کے نمائندگان، بوائلر ساز ادارے، بوائلر استعمال کنندگان، تھرڈ پارٹی انسپیکٹنگ اتھارٹیز (ٹی پی آئی اے) اور دیگر متعلقہ فریق بھی مباحثے میں شریک ہوئے۔
شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ حکومتِ ہند نے بوائلرز ایکٹ 1923، جو آئین سے قبل کا قانون تھا، کا موجودہ حالات کے تناظر میں جائزہ لیا۔ چونکہ یہ قانون جان و مال کے تحفظ سے متعلق ہے، اس لیے اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اس کی دفعات پر نظرِ ثانی اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا۔ چنانچہ اس قانون کو ازسرِ نو نافذ کرتے ہوئے بوائلرز ایکٹ 2025 کی صورت میں یکم مئی 2025 سے نافذ کیا گیا۔ چنتن شوِر نے اس نئے قانون پر آراء حاصل کرنے اور بوائلر صنعت کے ضابطہ جاتی فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجاویز طلب کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا۔
شوِر کے دوران تکنیکی اجلاسوں میں بوائلرز ایکٹ 2025 کی دفعات اور اس کے تحت وضع کردہ قواعد و ضوابط، کاروبار میں آسانی اور تھرڈ پارٹی انسپیکٹنگ اتھارٹیز و مجاز افراد کی ذمہ داریوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ صنعتی ماہرین نے پرانے بوائلرز کی مدت کار کے تعین، بوائلر سازی میں جدید ٹیکنالوجیز، اور سپر کریٹیکل بوائلرز کی تنصیب کے دوران درپیش چیلنجز پر خصوصی سیشنز بھی منعقد کیے ۔
پروگرام کا اختتام ایک پینل مباحثے اور بعد ازاں اوپن ہاؤس مکالمے پر ہوا، جس میں شرکاء کو قواعد و ضوابط کو معقول بنانے،ضابطوں کی تعمیل کے بوجھ کم کرنے اور بوائلر شعبے میں غیر متزلزل حفاظتی معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے کاروباری آسانیوں کو فروغ دینے سے متعلق تجاویز پیش کرنے کی دعوت دی گئی۔

********
(ش ح ۔م ع ۔ف ر)
U. No. 2707
(ریلیز آئی ڈی: 2230186)
وزیٹر کاؤنٹر : 9