بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت
پارادیپ بندرگاہ ریکارڈ ترقی اور اڈیشہ کے معاشی ویژن میں اپنی اسٹریٹجک اہمیت کا عکاس
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 FEB 2026 6:31PM by PIB Delhi
اڈیشہ کی چیف سکریٹری محترمہ انو گارگ، انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس نے پارادیپ بندرگاہ اتھارٹی کا دورہ کرکے بندرگاہ کی کارکردگی اور طویل مدتی توسیعی منصوبوں کا جائزہ لیا ۔ ویٹ بیسن میں پارادیپ بندرگاہ اتھارٹی کے چیئرمین شری پی۔ ایل۔ ہرنادھ نے ان کا استقبال کیا، اور سی آئی ایس ایف یونٹ کی جانب سے انہیں اعزازی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے برتھ کی تیاری، جہازوں کی آمد و رفت کے نظم و نسق کے نظام، اور بحری کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے لانچ کے ذریعے سفر بھی کیا۔
پارادیپ بندرگاہ نے مالی سال 2024–25 میں 150.41 ملین میٹرک ٹن کارگو کی ریکارڈ نقل و حمل حاصل کی، اور بھارت کی نمبر ایک بڑی بندرگاہ کے طور پر درجہ حاصل کیا۔ 289 ملین ٹن سالانہ کی منظور شدہ گنجائش، صنعت میں صفِ اول کی پیداواری صلاحیت، اور 1,860 کروڑ روپے کے عبوری خالص زائد منافع کے ساتھ، یہ بندرگاہ قومی سطح پر نئے معیارات قائم کر رہی ہے، جبکہ بڑی بندرگاہوں میں جہازوں اور مال برداری کے چارجز سب سے کم برقرار رکھے ہوئے ہے۔
بات چیت کے دوران چیف سکریٹری نے اڈیشہ کے پُرعزم معاشی لائحۂ عمل کا خاکہ پیش کیا، جس کے تحت 2036 تک 500 ارب امریکی ڈالر اور 2047 تک 1.5 کھرب امریکی ڈالر کے ہدف رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے برآمدات، جہاز سازی اور بندرگاہ پر مبنی ترقی کے ذریعے دو ہندسوں کی شرحِ نمو کی ضرورت پر زور دیا اور اڈیشہ کی ساحلی پٹی کو ایک اہم اسٹریٹجک برتری قرار دیا۔
انہوں نے “پارادیپ بندرگاہ 2.0” کے ویژن کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، جس میں 500 ملین ٹن سالانہ سے زائد گنجائش میں اضافہ، مغربی ڈاک کی گہرائی میں اضافہ، اور سبز ہائیڈروجن کے لیے مخصوص برتھ کی ترقی شامل ہے۔ گفتگو میں گنجام ضلع میں مجوزہ 150 ملین ٹن سالانہ گنجائش والی بہودا بندرگاہ اور کندراپڑا ضلع میں مہاندی کے شمال میں 12 لاکھ مجموعی ٹن گنجائش پر مشتمل جہاز سازی اور جہاز مرمت کے کلسٹر کا بھی احاطہ کیا گیا۔ یہ منصوبے حکومتِ اڈیشہ اور پارادیپ بندرگاہ اتھارٹی کے درمیان ایک مخصوص مقصدی ادارے کے ذریعے تیار کیے جائیں گے، اور توقع ہے کہ یہ ریاست کی بحری معیشت کو نمایاں طور پر مضبوط کریں گے۔ پوری میں کروز ٹرمینل کی تعمیر پر بھی بات ہوئی، اور اسے ترجیحی بنیاد پر نافذ کرنے پر زور دیا گیا۔
چیف سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ پارادیپ کی مربوط ترقی صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ ہونی چاہیے، جس میں پی سی پی آئی آر، پلاسٹک پارک، اے ایم این ایس، اور سبز ہائیڈروجن مرکز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے صنعتی بستیوں، رہائش، سیاحتی بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولتوں کی مدد ضروری ہے۔ انہوں نے منصوبہ بند اراضی کے استعمال، مضبوط امن و امان، اور جامع عوامی بنیادی ڈھانچے کو ترقی کے اہم محرکات قرار دیا۔
اڈیشہ کی مضبوط مالی حالت اور سرمایہ جاتی اخراجات کے لیے زیادہ تخصیص کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ پائیدار اور طویل مدتی توسیع کے لیے کان کنی سے آگے بڑھ کر جہاز سازی، قابلِ تجدید توانائی، نایاب ارضی عناصر کی پروسیسنگ، ہوابازی، ملبوسات، سیاحت اور کروز ترقی جیسے شعبوں میں تنوع لایا جائے۔
اس دورے نے اس مشترکہ عزم کی توثیق کی کہ پارادیپ کو عالمی معیار کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والا بحری دروازہ بنایا جائے اور اسے اڈیشہ کی معاشی اور بحری ترقی کا ایک بڑا محرک بنایا جائے۔
اس موقع پر جگت سنگھ پور کے ضلع کلکٹر و ضلع مجسٹریٹ شری جے۔ سونل، انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس، اور جگت سنگھ پور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شری انکت کمار ورما، انڈین پولیس سروس بھی موجود تھے۔ پارادیپ بندرگاہ اتھارٹی کے ڈپٹی چیئرمین شری ٹی۔ وینو گوپال کے ساتھ بندرگاہ اتھارٹی کے سینئر افسران نے بھی ان مشاورتوں میں شرکت کی۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-2432
(ریلیز آئی ڈی: 2227960)
وزیٹر کاؤنٹر : 5