کامرس اور صنعت کی وزارتہ
سینٹر فار ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ لا ءنے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے چیئرز پروگرام کے تحت تیسرا بین الاقوامی موٹ کورٹ مقابلہ منعقد کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 FEB 2026 6:05PM by PIB Delhi
سینٹر فار ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ لا (سی ٹی آئی ایل)، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف فارن ٹریڈ نے، اسکول آف لا، بینیٹ یونیورسٹی کے اشتراک سے، عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے چیئرز پروگرام کے تحت 6 سے 8 فروری 2026 کے دوران گریٹر نوئیڈا میں تیسرے سی ٹی آئی ایل–بینیٹ انٹرنیشنل موٹ کورٹ مقابلہ 2026 کا انعقاد کیا۔
تین روزہ بین الاقوامی موٹ کورٹ مقابلہ قانون کے طلبہ کے لیے ایک مؤثر تعلیمی پلیٹ فارم ثابت ہوا، جس کے ذریعے انہیں بین الاقوامی تجارتی قانون اور محنت کے معیارات سے متعلق عصری مسائل پر سنجیدہ غور و فکر اور عملی مشغولیت کا موقع ملا۔ اس مقابلے میں ہندوستان اور بیرونِ ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کی ٹیموں نے شرکت کی۔ مقابلے کے مختلف مراحل کا جائزہ قانونی پیشے، تعلیمی اداروں اور پالیسی تنظیموں سے وابستہ ماہرین نے لیا۔
اس تجویز میں صنعتی حادثات اور ان کے بعد سامنے آنے والی ضابطہ جاتی پیش رفت کے تناظر میں، آزاد تجارتی معاہدوں کے تحت محنت کے معیارات اور پیشہ ورانہ تحفظ سے متعلق ذمہ داریوں کی مبینہ خلاف ورزیوں سے جڑے مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف انڈیا کے معزز جج، جسٹس راجیش بندل نے آئینی اقدار، عدالتی استدلال اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے میں قانونی اداروں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ بینیٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر راج سنگھ نے پالیسی پر مبنی قانونی تعلیم کو فروغ دینے میں جامعات(یونیورسٹیوں) کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے صلاحیت سازی اور بین الاقوامی تجارتی حکمرانی کی تفہیم کو مستحکم بنانے میں عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے قوانین کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ پروگرام کے دوران تعلیمی اشاعتوں کی رونمائی بھی عمل میں آئی۔
اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف انڈیا کے معزز جج، جسٹس پنکج متل نے آئینی اصولوں، عدالتی دیانت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کو اجاگر کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے میں قانونی تعلیم کے اہم کردار پر زور دیا۔ اختتامی اجلاس میں مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور تحقیق، وکالت اور مجموعی کارکردگی میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
یہ مقابلہ بین الاقوامی تجارتی قانون اور عالمی معاشی حکمرانی کے شعبوں میں جدید مطالعے اور عملی شمولیت کے فروغ میں تعلیمی اور پالیسی اداروں کے مؤثر کردار کی توثیق کرتا ہے۔
***
UR-2404
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2227790)
وزیٹر کاؤنٹر : 6