وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

ماہرین صحت نے  نیچروپیتھی  پر قومی کانفرنس 2026 میں‘‘یوگا سمیوگ’’کے ذریعے انٹیگریٹو ہیلتھ کیئر کی اہمیت کو اجاگر کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 FEB 2026 9:25PM by PIB Delhi

نیچروپیتھی  پر قومی  کانفرنس 2026،گزشتہ ہفتے 5 تا 6 فروری 2026 منعقد ہوئی، جس میں ممتاز ماہرین اور محققین نے تدارکی، ترویجی اور بحالی صحت میں یوگا اور نیچروپیتھی کے شواہد پر مبنی انضمام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ یہ کانفرنس مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا (ایم ڈی این آئی وائی) اور سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یوگا اینڈ نیچروپیتھی (سی سی آر وائی این) کے اشتراک سے، وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند کی طرف سے منعقد کی گئی تھی۔

کانفرنس کا مرکزی موضوع‘‘ مضبوط اور صحت مند زندگی کے لیے یوگا اور نیچروپیتھی’’ تھا، جبکہ ذیلی عنوان ‘‘سَمیوگ’’ رکھا گیا، جس کا مقصد آیوش کے نظامِ علاج کو جدید طب کے ساتھ مربوط کرکے عوامی صحت کے لیے مشترکہ علمی بنیاد قائم کرنا ہے۔

وزارتِ آیوش کے وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) جناب پرتاپ راؤ جادھو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ آیوش کے طریقۂ علاج کے انضمام سے صحت کے بہتر نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے روایتی نظامِ طب میں تحقیق کے فروغ اور عوامی آگاہی بڑھانے کے تئيں وزارت کے عزم کا اعادہ کیا۔

افتتاحی اجلاس کی صدارت محترمہ مونالیسا  داس، جوائنٹ سکریٹری، وزارتِ آیوش نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یوگا اور نیچروپیتھی ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں، اور انہوں نے بین الاقوامی یومِ یوگا کی غیر معمولی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا، جو 2026 میں دنیا کے 190 ممالک میں منایا گیا تھا۔ انہوں نے “واسودھیو کٹمبکم” کو ہندوستانی ثقافت کا بنیادی فلسفہ قرار دیتے ہوئے صحت کے پائیدار اور مربوط نظام کی ضرورت پر زور دیا۔

کانفرنس کے علمی حصے ’’یوگ سَمیوگ‘‘ کا موضوع ’’یوگا ریسرچ: ماضی، حال اور مستقبل‘‘تھا۔ ان نشستوں میں یوگا کے سائنسی پہلوؤں اور ترقیات پر غور و خوض کے لیے ممتاز ماہرین نے شرکت کی۔

پہلے سیشن کی صدارت ایم ڈی این آئی وائی کے ڈائریکٹر  پروفیسر (ڈاکٹر) کاشی ناتھ سماگندی نے کی۔ اس موقع پر یوگا ودیا گروکل، ناسک (مہاراشٹر) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وشواس منڈالک نے یوگا نِدرا بطور نفسیاتی علاج کے موضوع پر کلیدی خطبہ دیا۔ انہوں نے مثالوں کے ذریعے بتایا کہ یوگا نِدرا موٹاپے، ریڑھ کی ہڈی کے امراض اور بے خوابی جیسے مسائل میں کس طرح مفید ثابت ہوتی ہے۔

کیولیہ دھام میں سائنسی تحقیق کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ستیش ڈی پاٹھک نے اپنے خطاب میں کیولیہ دھام میں کی گئی اپنی یوگا تحقیق کے نتائج کے حوالے سے کہا کہ ذیابیطس تیزی سے بڑھنے والی طرزِ زندگی سے جڑی بیماری ہے، جس پر بروقت تشخیص، متوازن طرزِ زندگی، یوگا اور قدرتی علاج کے ذریعے مؤثر طور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر جناب امریندر سنگھ، ڈائریکٹر (یوگا و نیچروپیتھی)، وزارتِ آیوش، اور ایڈیشنل انچارج ڈائریکٹر، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیچروپیتھی (این آئی این)، پونے نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے یوگا اور نیچروپیتھی کی سائنسی بنیاد کو مضبوط بنانے اور ان کی وسیع مقبولیت کو یقینی بنانے میں تحقیق، تعلیم اور عوامی رابطے کے کردار پر روشنی ڈالی۔

دوسرے سیشن میں ڈاکٹر رمیش بجلیانی، سابق پروفیسر، شعبۂ فزیولوجی، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، نئی دہلی نے صحت کی نگہداشت کے لیے مؤثر یوگا تحقیق کے موضوع پر خصوصی کلیدی خطبہ دیا۔ انہوں نے یوگا کی قدر اور عملی افادیت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مسلسل، مضبوط اور سائنسی طور پر  حمایت یافتہ تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔

تیسرے سیشن کی صدارت ڈاکٹر جگدیش پرساد نے کی، جس میں خواتین کی صحت، طرزِ زندگی سے متعلق بیماریوں، یوگا تھراپی میں نئی پیش رفت، اور مراقبہ و نیند کے اعصابی و فعلیاتی پہلوؤں پر تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔ اس سیشن  سے جدید طبی سائنس کے ساتھ یوگا کے بڑھتے ہوئے انضمام کی عکاسی ہوئی۔

اس سیشن میں ڈاکٹر سدھا پرساد، سابق پروفیسر، شعبۂ زچہ و بچہ، مولانا آزاد میڈیکل کالج، نئی دہلی؛ پروفیسر آشا گاندھی، سابق پروفیسر و صدر، شعبۂ فزیولوجی، لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج، نئی دہلی؛ پروفیسر (ڈاکٹر) رودر بھنڈاری، پرنسپل، فیکلٹی آف یوگک سائنسز، سوامی رام ہمالین یونیورسٹی، دہرادون؛ اور ڈاکٹر رویندر پی این، ایڈیشنل پروفیسر، شعبۂ نیورو فزیولوجی، نیمہنس، بنگلور کی محاضرات بھی شامل تھیں۔

اختتامی اجلاس میں پروفیسر (ڈاکٹر) کاشی ناتھ سماگندی نے کانفرنس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے تمام شرکاء اور مقررین کا قلبی شکریہ ادا کیا۔ کلیدی اجلاسوں کے دوران ہونے والی گفتگو میں شواہد پر مبنی طریقۂ کار، بین شعبہ جاتی تال ملی، اور صحت کی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے یوگا اور نیچروپیتھی کے منظم انضمام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مجموعی طور پر نیچروپیتھی پر قومی  کانفرنس 2026 سے  معلومات کے تبادلے، پالیسی مکالمے اور باہمی تال ملی کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم ہوا، اور ایک صحت مند اور پائیدار مستقبل کے لیے صحت کے مربوط نظام کو فروغ دینے کے حکومتِ ہند کے وژن کی توثیق  کی گئی۔

 

 

************

ش ح۔م ش ع۔ ج ا

 (U: 2007)


(ریلیز آئی ڈی: 2225743) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी