صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سینٹرل لیپروسی ڈویژن نے  جذام سے متعلق قومی دن منایا، دلی ہاٹ میں آئی ای سی آؤٹ ریچ پروگرام کا اہتمام

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 JAN 2026 9:24PM by PIB Delhi

قومی یومِ جذام کے موقع پر، صحت و خاندانی بہبود کی وزارت  کےڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کے تحت سینٹرل لیپروسی ڈویژن (سی ایل ڈی) نے آج یہاں دلی ہاٹ میں ایک جامع معلوماتی، تعلیمی اور مواصلاتی (آئی ای سی) آؤٹ ریچ پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد جذام کے بارے میں آگاہی، بیماری کی جلد تشخیص اور اس سے جڑےداغوں کو کم کرنا تھا۔

 

عوام کو شامل کرنے اور جذام کی علامات، بچاؤ اور علاج سے متعلق کلیدی پیغامات پھیلانے کے لیے ایک خصوصی آئی ای سی اسٹال لگایا گیا تھا۔ یہ آؤٹ ریچ پروگرام تمام عمر کے افراد، بشمول بچوں، نوجوانوں، بالغوں اور بزرگوں تک پہنچنے کے لیے تیار کیا گیا تھا تاکہ جامع اور وسیع پیمانے پر کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ بڑی تعداد میں حاضرین نے پروگرام کے حکام اور آئی ای سی سہولت کاروں کے ساتھ بھرپور طریقے سے بات چیت کی۔

پروگرام میں ایک نکڑ ناٹک (اسٹریٹ پلے) پیش کیا گیا جس میں جذام کی ابتدائی علامات پر توجہ مرکوز کی گئی تھی، جس کے بعد جذام سے متاثرہ بچوں نے ثقافتی رقص پیش کیا۔ ان بچوں نے، جنہیں روٹری کلب کا تعاون حاصل ہے اور وہ مختلف ہنر مندیوں میں تربیت یافتہ ہیں، خود اعتمادی، ٹیلنٹ اور سماجی شمولیت کا مظاہرہ کیا، جس سے وقار اور بااختیار بنانے کے پیغامات کو تقویت ملی۔

ایک اختراعی سیلف ایگزامینیشن مرر (خود معائنے کا آئینہ) سرگرمی نے حاضرین کی بھرپور توجہ حاصل کی، جس سے لوگوں کو جذام کی ابتدائی علامات کو پہچاننے اور بروقت علاج حاصل کرنے کی ترغیب ملی۔ آگاہی کی سطح کا جائزہ لینے اور کلیدی پیغامات کو پختہ کرنے کے لیے ایک انٹرایکٹو کوئز کا انعقاد کیا گیا اور شرکاء کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ان میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

آگاہی بڑھانے، رویوں میں تبدیلی لانے، بیماری کی جلد اطلاع دینے اور علاج کی پابندی کی حوصلہ افزائی کرنے اور جذام سے وابستہ سماجی غلط تصور اور امتیازی سلوک کوختم کرنے کے لیے ’’جذام پر 100 سوالات اور جوابات‘‘ نامی پمفلٹ کے ساتھ ساتھ دیگر آئی ای سی پمفلٹ اور بروشر بڑے پیمانے پر تقسیم کیے گئے۔

پروگرام کے دوران، حاضرین نے اجتماعی طور پر یہ عہد کیا کہ وہ جذام سے متاثرہ افراد کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کریں گے اور ہمدردی، شمولیت اور سماجی قبولیت کی اہمیت کی توثیق کی۔

یہ سرگرمیاں کمیونٹی کی شمولیت کے لیےسی ایل ڈی کے عزم اور #LeprosyFreeIndia (جذام سے پاک بھارت) کی جانب مشترکہ سفر کی عکاسی کرتی ہیں، جو بیماری کی منتقلی کو روکنے، جلد تشخیص کو فروغ دینے اور سب کے لیے جامع نگہداشت کو یقینی بنانے کی قومی کوششوں کے عین مطابق ہے۔

********

 (ش ح ۔ ک ح۔رض)

U. No. 1423


(ریلیز آئی ڈی: 2222062) وزیٹر کاؤنٹر : 26
یہ ریلیز پڑھیں: English