دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ریاست میں زرعی ترقی کے لیے سائنس دانوں، کسانوں اور انتظامیہ پر مشتمل ایک مشترکہ رابطہ ٹیم قائم کی جائے گی؛ فصلوں میں تنوع اور پیداوار میں اضافے کے لیے مؤثر حکمت عملیاں نافذ کی جائیں گی


جدید ٹیکنالوجی اور مربوط زرعی نظام کے ذریعے کسانوں کی آمدنی دوگنی کی جائے گی: مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان

مرکز اور ریاست کے باہمی تعاون سے چھتیس گڑھ میں دیہی اور زرعی ترقی انقلاب:  18 لاکھ سے زائد مکانات، ہزاروں کلومیٹر سڑکیں اور بااختیار خواتین کے گروپس

اہم سرکاری اسکیموں کے تحت کسانوں اور دیہی برادریوں کے لیے نئے مواقع: دالوں اور تلہنوں کے فروغ کے ساتھ خواتین کی قیادت میں روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو تقویت

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 JAN 2026 7:01PM by PIB Delhi

زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر  جناب شیو راج سنگھ چوہان نے آج رائے پور میں منعقدہ ریاستی سطح کے جائزہ اجلاس سے خطاب اور اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھتیس گڑھ زرعی اور دیہی ترقی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہفتہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سائنس دانوں، کسانوں اور عہدیداروں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو مقامی زرعی آب و ہوا کے حالات کے مطابق فصلوں کے تنوع اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے حکمت عملی تیار کرے گی۔  انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پورے صوبے میں مربوط زرعی نظام نافذ کیے جائیں گے اور چھوٹے و حاشیہ پر رہنے والے کسانوں کے لیے آمدنی کے متنوع ذرائع پیدا کرنے کے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ معزز وزیر اعلیٰ جناب وشنو دیو سائی کی قیادت میں ریاستی حکومت زراعت اور دیہی ترقی کے تمام پہلوؤں پر سرگرمی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کھپری میں کسانوں کے ساتھ براہِ راست بات چیت کی اور جدید زرعی طور طریقوں کے استعمال کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ جناب وشنو دیو سائی، نائب وزیر اعلیٰ جناب وجے شرما اور ریاستی وزیر زراعت جناب رام وچار نیتام بھی موجود تھے۔

مرکزی وزیر نے پھلوں اور سبزیوں کی کاشت ، گرافٹنگ نرسریوں ، ٹماٹر اور شملہ مرچ کی بھٹا طریقہ کاشت اور ڈریگن فروٹ، کھجور، بلو بیری اور کیلوں کی کاشت سے متعلق جدید کاشت کاری کے طور طریقوں کا مشاہدہ کیا۔  انہوں نے نشان دہی کی کہ اگرچہ روایتی فصلوں سے فی ایکڑ 35,000-40,000 روپے کی آمدنی ہوتی ہے، لیکن باغبانی اور ہائی ٹیک کاشتکاری کے جدید طریقوں کو اپنانے سے کسانوں کی آمدنی 1-2 لاکھ روپے فی ایکڑ تک بڑھ سکتی ہے۔  محکمہ زراعت کی ٹیموں نے کیڑے مار ادویات کے سائنسی استعمال، بیماریوں کے انتظام اور زیادہ پیداوار دینے والی فصلوں کی اقسام کے انتخاب کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔

جناب چوہان نے کہا کہ بنجر زمینوں پر دالوں کی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔  دال، اڑد، مونگ اور ارہر جیسی دالوں کی خریداری کو کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر یقینی بنایا جائے گا۔  اس کے ساتھ ساتھ مونگ پھلی ، سرسوں اور پام آئل سمیت تلہن کی فصلوں کی کاشت کو بھی فروغ دیا جائے گا ۔

مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ چھوٹے اور حاشیہ پر رہنے والے کسانوں کو آمدنی کے متعدد ذرائع فراہم کرنے کے لیے ریاست میں مربوط کاشتکاری کے نظام کو نافذ کیا جائے گا۔  ان نظاموں میں مویشی پروری، ماہی گیری، باغبانی، صنعتی فصلیں اور نامیاتی کاشتکاری شامل ہوں گی۔

دیہی ترقی کے شعبے سے متعلق اہم اعداد و شمار کا اشتراک کرتے ہوئے جناب چوہان نے بتایا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران چھتیس گڑھ میں 18,12,742 مکانات منظور اور فراہم کیے گئے ہیں ۔  پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت ریاست بھر میں 47,847 کلومیٹر کی کل لمبائی پر محیط 10,199 سڑکیں اور 123 بڑے پل تعمیر کیے گئے ہیں۔

خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ’لکھ پتی دیدی‘ اسکیم کو سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جیز) کے ذریعے تیزی سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس وقت ، 30,68,000 خواتین 2,76,000 سیلف ہیلپ گروپوں سے وابستہ ہیں، جبکہ 4,32,000 خواتین مائیکرو انٹرپرائزز میں سرگرم عمل ہیں۔  اس کے علاوہ ، خواتین مستفیدین کو کریڈٹ سپورٹ کے طور پر 11,196.16 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں چھتیس گڑھ میں زراعت اور دیہی ترقی کے ہر پہلو میں قریبی ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں۔  وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند ریاست میں دیہی اور زرعی ترقی کو تیز کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔  انہوں نے وزیر اعلیٰ اور ریاستی حکومت کی ٹیم کو ان کے بہترین کام کے لیے مبارک باد دی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کسانوں، غریب خاندانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تمام اقدامات کو تیز رفتاری سے نافذ کیا جا رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ م م ۔ م ر

Urdu No. 1365


(ریلیز آئی ڈی: 2221575) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी