زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
کسانوں کی فصلوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف براہِ راست کریک ڈاؤن؛ مجرموں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا: شیوراج سنگھ چوہان
کھیت سے پالیسی پیغام؛گرہولا–کھپری میں کسانوں سے شیوراج سنگھ چوہان کی براہِ راست گفتگو
دھان سے لے کرباغبانی اور ڈرون ٹیکنالوجی تک، جدید زراعت کے ذریعے کسانوں کی آمدنی بڑھانے پر مرکز کی توجہ
زراعت، ٹیکنالوجی اور گاؤں کو ایک ساتھ مضبوط بنانے کی حکمتِ عملی پر مرکزی حکومت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے:شیوراج سنگھ چوہان
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
31 JAN 2026 5:32PM by PIB Delhi
کسانوں کی محنت، فصل اور مستقبل کے ساتھ کسی بھی صورت چھیڑ چھاڑ کو اب ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے جعلی بیجوں، نقلی کھادوں اور جعلی جراثیم کش ادویات کے ذریعے کسانوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت اور تعزیراتی کارروائی کی سمت فیصلہ کن قدم اٹھایا ہے۔ کسانوں کو مضبوط قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے جلد ہی نئے زراعتی قوانین پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے۔
یہ واضح اور دوٹوک پالیسی پیغام مرکزی وزیر برائے زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود جناب شیوراج سنگھ چوہان نے چھتیس گڑھ کے ایک روزہ دورے کے دوران دیا۔

مرکزی وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں کسانوں کی ہمہ جہت ترقی حکومتِ ہند کی اعلیٰ ترین ترجیح ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کچھ سماج دشمن عناصر جعلی زراعتی اشیاء فروخت کر کے کسانوں کی فصلیں تباہ کر رہے ہیں، جو محض ایک معاشی جرم ہی نہیں بلکہ کسانوں کے اعتماد سے کھلی غداری ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
دورے کے آغاز میں مرکزی وزیر کی کھیتوں میں دستک، کسانوں سے براہِ راست ملاقات
اپنے دورے کے آغاز میں مرکزی وزیر برائے زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان نے ضلع درگ کے گرہولا اور کھپری دیہات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کھیتوں کےمنڈیر پر جا کر کسانوں سے براہِ راست بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے نرسریوں، کھیتوں اور زراعتی فارموں کا معائنہ کیا اور فصلوں کے دورانیہ، باغبانی کے طریقوں، آبپاشی کے نظام، بیجوں کی پیداوار اور جدید زراعتی ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

گرہولا میں شجرکاری؛ سبز اور منافع بخش زراعت پر زور
گرہولا گاؤں میں مرکزی وزیر نے آم کا ایک پودا لگاکر ماحولیاتی تحفظ اور سبز ترقی کا مضبوط پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول کے تحفظ کا ذریعہ ہے بلکہ یہ کسانوں کے لیے طویل مدت میں پائیدار آمدنی کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ روایتی زراعت کے ساتھ ساتھ باغبانی اور درختوں پر مبنی کھیتی کو بھی اپنائیں۔
کھپری میں فارم کا معائنہ اور کسانوں کی چوپال
اس کے بعد مرکزی وزیر نے کھاپری گاؤں میں واقع انیل ایگریکلچر فارم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کھیتوں کا معائنہ کیا اور کسانوں سے بات چیت کی۔ کسانوں کی چوپال سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ترقی پسند کسانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ چھتیس گڑھ کے کسان روایتی کھیتی کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجیز کو تیزی سے اپنا رہے ہیں، جو پورے ملک کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔

چھتیس گڑھ میں دھان سے باغبانی کی جانب پیش رفت
کسانوں سے بات چیت کے دوران جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ روایتی دھان کی کاشت کے ساتھ ساتھ باغبانی، سبزیوں کی کاشت اور دیگر فصلوں کی سمت میں تنوع اختیار کرنے سے کسانوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ کسانوں نے بتایا کہ باغبانی کی فصلیں دھان کے مقابلے میں زیادہ منافع دے رہی ہیں۔ فصلوں میں تنوع کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے دیگر کسانوں کو بھی اس سمت قدم بڑھانے کی ترغیب دی۔
مرکزی حکومت کی اہم زراعتی اسکیموں پر توجہ
مرکزی وزیر نے کسانوں کو مرکزی حکومت کی اہم زراعتی اسکیموں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت چھوٹے اور حاشیہ پر موجود کسانوں کو براہِ راست آمدنی کی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا قدرتی آفات کے باعث فصلوں کو ہونے والے نقصانات سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا زرعی جدت اور پیداوار میں اضافے کو فروغ دیتی ہے۔ ڈیجیٹل ایگریکلچر مشن اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے فصلوں کی نگرانی، جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ اور لاگت میں کمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

قدرتی کھیتی اور آبی تحفظ مستقبل کا راستہ
انہوں نے قدرتی کھیتی، مائیکرو آبپاشی اور پانی کے تحفظ پر مبنی زراعت کو کھیتی کا مستقبل قرار دیا اور کسانوں پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں ان اقدامات سے جڑیں۔
زراعت کے ساتھ ساتھ مرکزی وزیر نے دیہی ترقیاتی اسکیموں پر بھی خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی)، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا اور نیشنل رورل لائیولی ہُڈ مشن کے ذریعے دیہی بنیادی ڈھانچے، رابطہ کار، روزگار اور خود انحصاری کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق دیہی ترقی صرف عمارتوں اور سڑکوں تک محدود نہیں بلکہ باعزت روزگار اور بہتر معیارِ زندگی سے سروکار رکھتی ہے۔

کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور زراعت کو منافع بخش بنانے کے عزم کا اعادہ
اپنے خطاب میں زراعت کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے چھتیس گڑھ سمیت پورے ملک میں زراعت کو منافع بخش بنانے اور کسانوں کی آمدنی میں مسلسل اضافے کو یقینی بنانے کے لیے مرکز کی عہد بندی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی، مضبوط پالیسی، مؤثر قوانین اور کسانوں کی محنت کے امتزاج سے زراعت کے شعبہ میں نیا انقلاب برپا ہوگا۔
مرکزی وزیر کا ایک روزہ دورہ ریاست میں زراعتی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، کسانوں میں بیداری پیدا کرنے اور جدید زراعتی طریقوں کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اس موقع پر چھتیس گڑھ کے وزیرِ داخلہ جناب وجے شرما؛ وزیر برائے زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود اور قبائلی ترقی جناب رام وچار نیتام؛ وزیر برائے اسکولی تعلیم، قانون اور تعمیراتِ عامہ جناب گجندر یادو؛ اہیوَرا کے رکنِ اسمبلی جناب دومن لال کورسیواڈا؛ زراعت کے سائنسدان، سینئر افسران اور بڑی تعداد میں کسان موجود تھے۔
****
(ش ح –م ش ع۔اش ق)
U. No. 1366
(ریلیز آئی ڈی: 2221381)
وزیٹر کاؤنٹر : 21