خلا ء کا محکمہ
ہندوستان کی خلائی معیشت8.4 بلین ڈالرہے، نجی شعبے کے لئےکھلنے کے بعد تقریباً 400 اسٹارٹ اپس فعال ہیں:ڈاکٹر جتیندر سنگھ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 JAN 2026 7:31PM by PIB Delhi
سائنس اور ٹیکنالوجی اور خلائی محکمہ کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بدھ کو راجیہ سبھا میں ایک ستارہ والے سوال کے جواب میں کہا کہ ہندوستان کی خلائی معیشت اب تقریباً 8.4 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس میں 399 اسٹارٹ اپ لانچ گاڑیاں، سیٹلائٹ، پروپلشن سسٹم، اور اسپیس گریڈ الیکٹرانکس جیسے شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر سنگھ نے وضاحت کی کہ یہ توسیع 2019 کے بعد کیے گئے کلیدی پالیسی فیصلوں کی وجہ سے ہوئی ہے، جس میں خلائی شعبے کو نجی شراکت کے لیے کھولنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اہم ادارہ جاتی تبدیلی انڈین نیشنل اسپیس پروموشن اینڈ آتھرائزیشن سینٹر ( ان- اسپیس) کا قیام تھا، جو نجی صنعت اور سرکاری ایجنسیوں، خاص طور پر ہندوستان کے خلائی تحقیقی ادارے (اسرو) کے درمیان سنگل ونڈو انٹرفیس کا کام کرتا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان میں اسرو کے اندر کبھی بھی سائنسی صلاحیت اور عزم کی کمی نہیں رہی ہے، لیکن ایک سہولت کار ماحولیاتی نظام کی کمی نے پہلے وسیع پیمانے پر صنعتی شرکت کو محدود کردیا تھا۔ نئے اصلاحاتی عمل نے ایک ایسے شعبے میں نجی سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے حالات پیدا کیے جو بنیادی طور پر کئی دہائیوں سے حکومت کے زیر انتظام چلا آ رہا تھا۔
اس کے نتیجے میں، خلائی اسٹارٹ اپس کی تعداد ایک ہندسہ سے بڑھ کر 399 ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ شعبہ، جو پہلے اقتصادی طور پر پسماندہ تھا، اب اس کی قیمت تقریباً 8.4 بلین ڈالر کاہے اور توقع ہے کہ اگلے آٹھ سے دس سالوں میں اس کے چار سے پانچ گنا بڑھ کر 40 سے45 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ نجی ادارے اب خلائی قدر کی زنجیر کے کئی حصوں میں سرگرم عمل ہیں۔ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) نے چھوٹے سیٹلائٹ لانچ وہیکل (ایس ایس ایل وی) کے لیے اسرو کے ساتھ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جب کہ مختلف ہندوستانی کمپنیاں سیٹلائٹ پلیٹ فارم، لانچ سسٹم، پروپلشن ٹیکنالوجیز، اور متعلقہ ایپلی کیشنز پر کام کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نجی شعبے کی شراکت کی وسعت کو اجاگر کرنے کے لیے کئی کمپنیوں کا نام لیا۔ وزیر موصوف نے غیر ملکی سیٹلائٹس کے لانچ سے حاصل ہونے والی آمدنی پر بھی روشنی ڈالی۔اسرو کی طرف سے اب تک 434 غیر ملکی سیٹلائٹس لانچ کیے گئے ہیں، 2014 سے اب تک 399 سیٹلائٹس لانچ کیے جا چکے ہیں۔ ان لانچوں سے ہندوستان کو تقریباً 323 ملین یورو اور 233 ملین امریکی ڈالر کی آمدنی ہوئی ہے، جو کہ عالمی خلائی لانچ مارکیٹ میں ملک کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔
اپنے جواب کے اختتام پر، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ خلا کو ہندوستان کی مستقبل کی اقتصادی ترقی میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ نجی سرمایہ کاری میں تیزی آنے اور ادارہ جاتی میکانزم کے قائم ہونے کے ساتھ، یہ شعبہ پہلے سے کم قابل رسائی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے اور اب مینوفیکچرنگ، اختراعات اور کاروبارکے لیے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔

****
ش ح۔ ع و۔ اش ق
U.NO. 1320
(ریلیز آئی ڈی: 2220934)
وزیٹر کاؤنٹر : 34