وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

مقدس آثار سے لے کر یوم جمہوریہ تک: عالمی بدھ سمٹ کے مندوبین نے ہندوستان کی روح اور قومی عزم کا تجربہ کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 JAN 2026 6:52PM by PIB Delhi

گلوبل بدھسٹ سمٹ کی ایک نمایاں جھلک وہ موقع تھا جب تقریباً 250 غیر ملکی راہبوں اور گلوبل بدھسٹ سمٹ (جی بی ایس) کے مندوبین نے قلعہ رائے پتھورا کلچرل کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بدھ متبرکات کی نمائش میں مقدس بدھ متبرکات کے سامنے عقیدت پیش کی اور دعائیں کیں۔ اس نمائش کا افتتاح وزیرِ اعظم نے 3 جنوری 2026 کو کیا تھا۔ بیرونِ ملک اور بھارت سے آئے ہوئے مندوبین نے دو گھنٹے سے زائد وقت پوری دلچسپی اور انہماک کے ساتھ نمائش دیکھی اور پِپراواہ کے متبرکات کے تاریخی پس منظر سے بے حد متاثر ہوئے، نیز اس بات سے بھی آگاہی حاصل کی کہ بھارت نے 1898 میں ملک سے لے جائے گئے بدھ متبرکات کو واپس لانے کے لیے کس طرح کوششیں کیں اور انہیں واپس لا کر ان ہی متبرکات کے دوسرے حصے کے ساتھ یکجا کیا۔ انہوں نے بھارت کی ان کوششوں کو سراہا کہ وہ نہ صرف اپنے قدیم ورثے کو محفوظ رکھتا ہے بلکہ اس کی وطن واپسی کو بھی یقینی بناتا ہے۔

زیادہ تر مندوبین متبرکات کے میوزیم کے دورے سے بے حد متاثر ہوئے اور انہوں نے برکتیں حاصل کیں، جبکہ ان میں سے بعض نے نہایت پُرسکون اور روحانی ماحول میں مقدس متبرکات کے سامنے منتر بھی پڑھے۔ ایک سینئر سنگھا رکن نے کہا: ”ہم خود کو انتہائی خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ ہمیں شاکیہ مونی بدھ کے متبرکات سے برکت حاصل کرنے اور اس قیمتی ذخیرے کو دیکھنے کا یہ نادر موقع ملا۔“ ایک اور مندوب نے کہا: ”یہ گلوبل بدھسٹ سمٹ کا وہ روحانی پہلو تھا جس کی ہمیں توقع نہیں تھی، مگر یہ ہمارے حصے میں آیا۔“ گلوبل بدھسٹ سمٹ کے منتظمین نے اس پروگرام کو شرکاء کے لیے ایک سرپرائز کے طور پر رکھا تھا تاکہ علمی اور فلسفیانہ پہلوؤں کو ایک روحانی تجربے کے ساتھ یکجا کیا جا سکے۔

گلوبل بدھسٹ سمٹ کی ضمنی سرگرمیوں کا ایک اور پہلو یہ تھا کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 60 راہبوں نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھنے کے لیے شرکت کی۔ دفاعی سازوسامان اور فوجی دستوں کی شاندار نمائش کے درمیان راہبوں کی موجودگی نے اس تقریب کو دیکھنے والے تمام افراد کے لیے ایک سنجیدہ اور پراثر لمحہ پیدا کر دیا۔

جب بھارت نے دنیا کے سامنے اپنی عسکری طاقت کا مظاہرہ کیا، تو معزز بھکشوؤں کی موجودگی نے امن اور کرُونا (رحم و شفقت) کی علامت بن کر ایک گہرا پیغام دیا کہ عالمی چیلنجز کا حل دھمّہ کے راستے میں مضمر ہے، جیسا کہ ہمارے معزز وزیرِ اعظم اکثر فرمایا کرتے ہیں۔

ایک سینیئر بھکشو نے کہا: ”یہ ایک نہایت سنسنی خیز تجربہ تھا۔“ جب پریڈ اختتام پذیر ہوئی اور گروپ اسٹینڈ سے روانہ ہو رہا تھا، تو ویتنام سے تعلق رکھنے والی تین بھکشونیوں نے درخواست کی کہ آیا وہ کچھ دیر مزید رک سکتی ہیں، کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی نشستوں کے قریب سے گزر رہے تھے اور وہ انہیں سلام پیش کرنا چاہتی تھیں۔ اگرچہ باقی گروپ روانہ ہو گیا، تاہم انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن کے عملے نے ان کی درخواست منظور کر لی۔ بعد ازاں انہوں نے وزیر اعظم کو قریب سے دیکھنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس یادگار لمحے کو محفوظ رکھنے کے لیے متعدد تصاویر لی گئیں تاکہ واپسی پر وہ یہ تجربہ دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکیں۔ بعد میں ایک بھکشونی نے کہا: ”یہ میرے لیے زندگی میں ایک بار ملنے والا تجربہ تھا۔“

ان دونوں تقریبات نے مل کر بھارت کی شناخت کے دوہرے جوہر کو نمایاں کیا: ایک ایسا ملک جو روحانی دانش اور ثقافتی ورثے میں رچا بسا ہے اور ساتھ ہی اپنی جمہوری قوت اور خودمختاری کا پُرعزم اظہار بھی کرتا ہے۔

*****

ش ح۔ ف ش ع

U: 1151

 


(ریلیز آئی ڈی: 2219343) وزیٹر کاؤنٹر : 21
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी