بھارتی چناؤ کمیشن
ای سی آئی نے 16واں قومی یومِ رائے دہندگان منایا
صدرِ جمہوریہ نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب کی رونق بڑھائی
ووٹ دینا محض سیاسی اظہار نہیں، یہ انتخابات کے جمہوری عمل پر شہریوں کے اعتماد کی عکاسی ہے: صدرِ جمہوریہ
प्रविष्टि तिथि:
25 JAN 2026 8:01PM by PIB Delhi
- الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے آج نئی دہلی میں 16واں قومی یومِ رائے دہندگان (این وی ڈی-2026) ’’میرا بھارت، میرا ووٹ‘‘ کے موضوع کے تحت منایا، جس کا مرکزی پیغام تھا: بھارتی جمہوریت کے مرکز میں شہری۔
- صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے نئی دہلی میں بطور مہمانِ خصوصی اس موقع کی رونق بڑھائی۔ مرکزی وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف (آزادانہ چارج) جناب ارجن رام میگھوال بطور مہمانِ اعزاز موجود تھے۔ اس تقریب کی قیادت چیف الیکشن کمشنر جناب گیانیش کمار نے کی، جن کے ساتھ الیکشن کمشنرز ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو اور ڈاکٹر وویک جوشی بھی شریک تھے۔
- صدرِ جمہوریہ ہند نے ملک کے تمام ووٹروں، بالخصوص نوجوان ووٹروں کی خوشی میں بطور علامتی اقدام پانچ نئے رجسٹرڈ نوجوان ووٹروں کو چناوی شناختی کارڈ (ای پی آئی سی) فراہم کیے۔
- صدرِ جمہوریہ نے مختلف زمروں میں بہترین انتخابی طریقۂ کار ایوارڈز بھی پیش کیے۔ ان میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے لیے بہار، کیرالہ اور تمل ناڈو کو ایوارڈز دیے گئے۔ انتخابی انتظام و انصرام اور لاجسٹکس کے زمرے میں اُڈیشہ، میگھالیہ اور بہار کو اعزازات ملے۔ اختراعی ووٹر آگاہی کے لیے بہار، گجرات اور کیرالہ کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ضابطۂ اخلاق (ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ) کے نفاذ اور عمل درآمد کے لیے میزورم اور بہار کو ایوارڈز دیے گئے۔ تربیت اور صلاحیت سازی کے لیے بہار، اتر پردیش اور جھارکھنڈ کو اعزازات ملے۔ اس کے علاوہ بہار اور دہلی کو دیگر خصوصی ایوارڈز بھی دیے گئے۔ اسی طرح میڈیا ایوارڈز کے مختلف زمروں میں دینک جاگرن، این ایس ڈی: آکاشوانی، نیوز 18، بہار-جھارکھنڈ اور چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) بہار کے دفتر نے ایوارڈز حاصل کیے۔
- اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ ہند نے کہا کہ ہماری جمہوریت کی طاقت صرف ووٹروں کی بڑی تعداد میں نہیں بلکہ جمہوری جذبے کی گہرائی میں بھی ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے یقین ظاہر کیا کہ تمام ووٹر، جو لالچ، لاعلمی، غلط معلومات، پروپیگنڈا اور تعصب سے آزاد ہیں، اپنے ضمیر کی طاقت کے ذریعے ہمارے انتخابی نظام کو مضبوط کریں گے۔ صدرِ جمہوریہ نے مزید کہا کہ ووٹ دینا محض سیاسی اظہار نہیں ہے، بلکہ یہ انتخابات کے جمہوری عمل پر شہریوں کے اعتماد کی عکاسی ہے۔ (مکمل خطاب کا لنک)
- مرکزی وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف (آزادانہ چارج) جناب ارجن رام میگھوال نے کہا کہ قومی یومِ رائے دہندگان (این وی ڈی) بھارت کی جمہوریت کی روح سے مکالمہ کرنے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے یہ بھی ستائش کی کہ ای سی آئی انتخابات کو سب کے لیے مزید قابلِ رسائی بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
- اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جناب گیانیش کمار نے کہا کہ بھارت نہ صرف جمہوریت کی جائے پیدائش رہا ہے بلکہ دنیا کی سب سے بڑی اور شفاف ترین جمہوریت بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل آئی ڈی ای اے میں بھارت کی قیادت عالمی سطح پر اس کے انتخابی نظام پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ بھارت نے حال ہی میں منعقدہ IIسی ڈی ای ایم2026 (دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور انتخابات سے متعلق سمٹ) میں دہلی اعلامیہ 2026 کو اپنانے میں بھی قیادت فراہم کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ IIIڈی ای ایم انتخابی انتظام و انصرام کی تربیت کے لیے عالمی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے اور ای سی آئی این ای ٹی ٹیکنالوجی پلیٹ فارم بھی عالمی دلچسپی حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ خالص ووٹر فہرست اور شہریوں کی فعال شرکت بھارت کی مضبوط اور زندہ جمہوریت کی بنیاد ہیں۔
- صدرِ جمہوریہ کی جانب سے نئے ووٹروں کو شناختی کارڈ فراہم کیے جانے کے حوالے سے، الیکشن کمشنر ڈاکٹر ایس ایس سندھو نے کہا کہ یہ ایک بے حد فخر کی بات ہے اور پوری انتخابی برادری کے لیے ایک مضبوط محرک اور ترغیب کا ذریعہ ہے۔ الیکشن کمشنر ڈاکٹر وویک جوشی نے بھی کہا کہ یہ شناختی کارڈ محض ایک کارڈ نہیں بلکہ ذمہ داری کی علامت ہے اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا مستقبل ووٹروں کے ہاتھ میں ہے۔
- قومی یومِ رائے دہندگان 2026 کے موقع پر دو کتابیں جاری کی گئیں: ’’2025: اقدامات اور اختراعات کا سال‘‘ اور’’چناؤ کا تہوار، بہار کا فخر‘‘، جو بہار میں عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبنی ہے۔ اس کے علاوہ تقریب کے دوران انتخابی انتظام اور جمہوری ترقی میں الیکشن کمیشن کی عالمی قیادت کو اجاگر کرنے والی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔
- اس موقع پر انتخابات کے مختلف پہلوؤں، بشمول انتخابی فہرستوں کی تیاری اور انتخابات کے انعقاد کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی نمائش بھی منعقد کی گئی۔ اس نمائش میں ووٹروں کے فائدے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے حال ہی میں کیے گئے اقدامات کے ساتھ ساتھ بہار قانون ساز اسمبلی انتخابات 2025 کے کامیاب انعقاد کو بھی نمایاں کیا گیا۔
- ملک بھر میں ریاستی اور ضلعی سطح پر بھی بیک وقت تقریبات منعقد ہوئیں، جو بالترتیب چیف الیکٹورل آفیسرز اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرز کے دفاتر کے ذریعے منعقد کی گئیں۔ اس کے علاوہ، بوتھ لیول آفیسرز نے اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنوں پر پروگرام منعقد کیے، نئے رجسٹرڈ ووٹروں کی پذیرائی کی اور نئے ووٹروں کو شناختی کارڈ فراہم کیے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-1084
(रिलीज़ आईडी: 2218774)
आगंतुक पटल : 3