خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
این سی پی سی آر نے رانچی، جھارکھنڈ میں بہن بھائیوں کے لاپتہ ہونے کے معاملے کا ازخود نوٹس لیا
مرکزی وزیر محترمہ ان پورنا دیوی نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، اور ریاستی پولیس کو بچوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی
प्रविष्टि तिथि:
13 JAN 2026 6:56PM by PIB Delhi
خواتین و بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ ان پورنا دیوی نے رانچی کے علاقے موسی باڑی سے لاپتہ ہونے والے دو بچوں کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس (این سی پی سی آر) کے ممبر سیکریٹری کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔
اس سے قبل، مرکزی وزیر نے لاپتہ بچوں کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، ان کے والدین سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے جھارکھنڈ کی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) محترمہ تداشا مشرا سے ٹیلی فون پر بھی بات کی اور لاپتہ بچوں کی فوری بازیابی کے لیے مؤثر اور فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔

ان پیش رفتوں کے بعد، این سی پی سی آر نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا۔ کمیشن نے جھارکھنڈ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بچوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنانے اور نوٹس موصول ہونے کے پانچ دن کے اندر ایکشن ٹیکن رپورٹ (اے ٹی آر) پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این سی پی سی آر کے ممبر سیکریٹری ڈاکٹر سنجیو شرما نے تحقیقات کی موجودہ پیش رفت سے آگاہی حاصل کرنے کے لیے رانچی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جناب راکیش رنجن سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ایس ایس پی پر زور دیا کہ تحقیقات میں تیزی لائی جائے تاکہ بچوں کی جلد از جلد بازیابی ممکن بنائی جا سکے۔
وزارتِ خواتین و بچوں کی ترقی اور این سی پی سی آر اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور بچوں کے تحفظ اور بروقت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی حکام کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
***
UR-543
(ش ح۔اس ک )
(रिलीज़ आईडी: 2214302)
आगंतुक पटल : 9