وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدرِ جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے نویں تقسیمِ اسناد تقریب سے خطاب کیا؛ نوجوانوں سے فکری دیانت کو برقرار رکھنے اور قوم کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی


جناب دھرمیندر پردھان نے جے این یو کی وراثت کو اجاگر کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلبہ سے ملک کی تعمیر کی کوششوں میں قیادت سنبھالنے کی تاکید کی

प्रविष्टि तिथि: 12 JAN 2026 6:34PM by PIB Delhi

نائب صدرِ جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے نویں تقسیمِ اسناد تقریب سے خطاب کیا، فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے علم اور مہارتوں کو قوم کی خدمت کے لیے وقف کریں۔

 

سوامی وویکانند کے یومِ پیدائش کے موقع پر ان کی تعلیمات کو یاد کرتے ہوئے نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم کو محض ڈگریوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا مقصد کردار سازی، فکری مضبوطی اور افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیم اور مناسب تربیت ہی بھارت کے نوجوانوں کو وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے ’’وکست بھارت @2047‘‘ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے قابل بنا سکتی ہے۔

نائب صدرِ جمہوریہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید سائنس اور روایتی اقدار کو ساتھ ساتھ فروغ پانا چاہیے۔ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی جمہوری روایت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مباحثہ، گفتگو، اختلافِ رائے اور حتیٰ کہ آمنے سامنے کی بحث بھی ایک صحت مند جمہوریت کے لازمی عناصر ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان تمام عملوں کا انجام کسی نتیجے تک پہنچنا ہونا چاہیے۔ ایک بار فیصلہ ہو جانے کے بعد، اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی طور پر تعاون کی آمادگی ضروری ہے تاکہ انتظامی امور ہموار اور مؤثر انداز میں انجام پا سکیں۔

یہاں پڑھیں-

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2212912&reg=3&lang=1

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب پردھان نے کہا کہ نائب صدرِ جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن کی معزز موجودگی میں تقسیمِ اسناد تقریب میں شرکت کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے ڈگریاں اور تمغے حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ دہائیوں پر محیط مسلسل تعلیمی خدمات کے ذریعے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی نے تعلیمی امتیاز کی ایک مضبوط اور منفرد روایت قائم کی ہے اور ایک ایسے متحرک بین الشعبہ جاتی ماحول میں، جہاں تنقیدی فکر اس کے مزاج کا بنیادی جزو ہے، تعلیمی خودمختاری کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کی صفِ اول کی جامعات میں شامل رہی ہے۔

مرکزی وزیر نے زور دیا کہ فارغ التحصیل طلبہ سے توقع ہے کہ وہ جے این یو کی شمولیت، سماجی انصاف اور ذمہ داری کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اسے مزید مضبوط کرینگے، محروم طبقات کی آواز بنیں اور معاشرے میں عدم مساوات کو کم کرنے میں سرگرم کردار ادا کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جے این یو کے فارغ التحصیل طلبہ قوم کی تعمیر میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔ ان کے مطابق بہت سے طلبہ اسٹارٹ اپس اور یونیکارنز قائم کرکے اختراع اور صنعت کاری کو فروغ دیں گے، جبکہ متعدد افراد بطور مصنفین، صحافیوں اور فکری رہنماؤں کے طور پر قوم کی فکری گفتگو کی سمت متعین کریں گے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ قوم ان سے توقع رکھتی ہے کہ وہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے ’’وکست بھارت–2047‘‘ کے وژن کی تکمیل کے لیے مثبت، فعال اور بامعنی کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر مرکزی وزیرِ تعلیم جناب دھرمیندر پردھان، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے چانسلر جناب کنول سبّل، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر سنتشری دھولی پڈی پنڈت، سینئر افسران، اساتذہ، فارغ التحصیل طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ موجود تھے۔

************

 

 

 

 

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :477    )


(रिलीज़ आईडी: 2213925) आगंतुक पटल : 6
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी