وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

سیاحت کے فروغ کے اقدامات

प्रविष्टि तिथि: 18 DEC 2025 3:49PM by PIB Delhi

وزارتِ سیاحت ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے اہم اور ممکنہ سیاحتی منڈیوں میں مختلف تشہیری سرگرمیاں انجام دیتی ہے۔ وزارتِ سیاحت، بھارتی مشنز کے اشتراک سے، متعدد اقدامات کرتی ہے، جن میں مختلف عالمی سفری تجارتی نمائشوں اور مارٹس میں شرکت، غیر ملکی ٹور آپریٹروں، میڈیا کے نمائندوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے لیے فیملیئرائزیشن ٹورز کا انعقاد، بیرونِ ملک انڈیا فوڈ فیسٹیولز کا اہتمام، مقامی ٹور آپریٹروں اور صنعتی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجارتی تقریبات کا انعقاد، سوشل میڈیا آؤٹ ریچ کے ذریعے سیاحتی مقامات، مصنوعات اور تہواروں کی تشہیر وغیرہ شامل ہیں۔

وزارتِ سیاحت مختلف اقدامات کے ذریعے گھریلو سیاحت کو مضبوط بنانے کی بھی کوشش کرتی ہے، جن میں ’’دیکھو اپنا دیش‘‘، ’’بھارت پرو‘‘ اور ’’بیسٹ ٹورزم ولیج‘‘ مقابلہ وغیرہ شامل ہیں۔ ’’دیکھو اپنا دیش‘‘ اقدام کا مقصد بھارت کے بھرپور ورثے اور ثقافت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا، قومی فخر کو فروغ دینا اور وسیع پیمانے پر گھریلو سفر کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت، وزارتِ سیاحت نے مختلف کم معروف سیاحتی مقامات کے بارے میں ویبینارز، کوئز مقابلے اور دیگر مقابلہ جاتی سرگرمیاں، آن لائن اور آف لائن دونوں سطحوں پر، منعقد کی ہیں۔ سیاحتی اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے متعدد گھریلو تشہیری تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں۔

’’بھارت پرو‘‘ وزارتِ سیاحت کا ایک فلیگ شپ سالانہ پروگرام ہے جو یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے حصے کے طور پر منعقد کیا جاتا ہے۔ یہ تقریب بھارت کے بھرپور ثقافتی، فنّی، طعامی اور روحانی تنوع کو پیش کرتی ہے اور ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘ کے جذبے کو فروغ دینے کا مقصد رکھتی ہے۔ اس تقریب میں یومِ جمہوریہ کی جھانکیوں کی نمائش، فوڈ فیسٹیول، دستکاری اور ہینڈلوم کے کاریگروں کی شرکت، ریاستی حکومتوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سیاحتی محکموں، مرکزی وزارتوں کے پویلین، ثقافتی پروگرام وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔

’’بیسٹ ٹورزم ولیجز‘‘ مقابلہ ایسے گاؤں کو اعزاز دینے کے لیے منعقد کیا گیا جو ثقافتی اور قدرتی اثاثوں کے تحفظ، کمیونٹی پر مبنی اقدار اور طرزِ زندگی کے فروغ اور پائیداری کے تئیں عزم کے حوالے سے ایک مثالی سیاحتی مقام کی نمائندگی کرتا ہو۔ سال 2023 اور 2024 میں منعقد ہونے والے ’’بیسٹ ٹورزم ولیجز‘‘ مقابلے کے آخری دو ایڈیشنز میں مجموعی طور پر 71 گاؤں کو بہترین سیاحتی گاؤں کے طور پر تسلیم کیا گیا۔

بھارت کو ایک سرکردہ عالمی ایم آئی سی ای (MICE) منزل کے طور پر قائم کرنے کے لیے، وزارتِ سیاحت نے ایم آئی سی ای صنعت کے لیے ایک قومی حکمتِ عملی اور روڈ میپ تیار کیا ہے۔ اس اقدام کے حصے کے طور پر، سال 2021 میں ’’میٹ اِن انڈیا‘‘ ذیلی برانڈ کا آغاز کیا گیا، جس کا وژن بھارت کو بڑے پیمانے کی کانفرنسوں اور نمائشوں کے مرکز کے طور پر فروغ دینا، آگاہی پیدا کرنا اور ملک کی ایم آئی سی ای صلاحیت کے بارے میں عالمی سطح پر مثبت تاثر قائم کرنا ہے۔

وزارتِ سیاحت نے سال 2023 میں ’’انڈیا سیز آئی ڈو‘‘ مہم کا آغاز کیا تاکہ بھارت کو عالمی سطح پر ایک ممتاز ویڈنگ ڈیسٹینیشن کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔ اس مہم کا مقصد بھارت کی جانب سے شادیوں کے لیے پیش کیے جانے والے متنوع، بھرپور اور ثقافتی طور پر رنگارنگ مقامات کو اجاگر کرنا ہے، جن میں شاہی محلات، تاریخی قلعے، دلکش ساحل، پہاڑ اور دریا کنارے شامل ہیں۔

سال 2024 اور 2025 میں، وزارتِ سیاحت نے فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FICCI) کے اشتراک سے، بالترتیب ’’ویڈ اِن انڈیا‘‘ ایکسپو اور ’’میٹ اِن انڈیا‘‘ کانکلیو، جے پور میں منعقد ہونے والے گریٹ انڈین ٹریول بازار (GITB) کے موقع پر، منعقد کیے۔

یہ معلومات آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب کے ذریعے یونین وزیر برائے سیاحت و ثقافت، شری گجیندر سنگھ شیخاوت نے فراہم کیں۔

 

 ***

(ش ح۔اس ک  )

UR-3521


(रिलीज़ आईडी: 2206271) आगंतुक पटल : 4
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी