مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
ٹی آر اے آئی کی ہدایت: آئی آر ڈی اے آئی کے زیرِ ضابطہ اداروں کے لیے 1600 سیریز اپنانا لازمی
प्रविष्टि तिथि:
17 DEC 2025 5:13PM by PIB Delhi
ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹی آر اے آئی) نے 16 دسمبر 2025 کو ایک ہدایت جاری کی ہے، جس کے تحت بھارت میں انشورنس کے نظم و ضبط اور فروغ کی اتھارٹی (آئی آر ڈی اے آئی) کے زیرِ ضابطہ اداروں کو صارفین کو سروس اور لین دین سے متعلق کالز کرنے کے لیے 15 فروری 2026 تک لازمی طور پر 1600 سیریز کے نمبرز اپنانے ہوں گے۔ یہ ہدایت صارفین کے اعتماد میں اضافہ کرنے، اسپام پر قابو پانے اور وائس کالز کے ذریعے ہونے والی دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کی روک تھام کے مقصد سے جاری کی گئی ہے۔ آخری تاریخ سے متعلق یہ ہدایت آئی آر ڈی اے آئی سے مشاورت کے بعد جاری کی گئی ہے۔ اس سے قبل ٹی آر اے آئی نے ریزرو بینک آف انڈیا، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا اور پنشن فنڈ ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے زیرِ ضابطہ اداروں کے لیے بھی 1600 سیریز اپنانے سے متعلق اسی نوعیت کی ہدایات جاری کی تھیں۔
ٹی آر اے آئی کی اس ضابطہ جاتی پہل کے جواب میں، محکمۂ ٹیلی مواصلات (ڈی او ٹی) نے 1600 نمبر سیریز کو بینکاری، مالیاتی خدمات اور انشورنس (بی ایف ایس آئی) شعبے اور سرکاری اداروں کے لیے مختص کیا ہے، تاکہ ان کی سروس اور لین دین سے متعلق کالز کو دیگر تجارتی مواصلات سے واضح طور پر الگ پہچانا جا سکے۔ اس سیریز کے ذریعے شہری بااعتماد انداز میں ضابطہ شدہ مالیاتی اداروں کی جانب سے آنے والی حقیقی کالز کی شناخت کر سکیں گے۔
سیریز کی تخصیص اور ٹیلی کام سروس فراہم کنندگان کو نمبرز کی الاٹمنٹ کے بعد، ٹی آر اے آئی نے ٹی ایس پیز اور بی ایف ایس آئی شعبے کے ریگولیٹرز کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا ہے تاکہ بی ایف ایس آئی اداروں کی جانب سے 1600 سیریز کو اپنایا جا سکے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں تقریباً 570 ادارے پہلے ہی 1600 سیریز نمبرز اپنا چکے ہیں اور مجموعی طور پر 3000 سے زائد نمبرز حاصل کیے جا چکے ہیں۔ ٹی آر اے آئی کی مختلف فریقین سے بات چیت کی بنیاد پر یہ محسوس کیا گیا کہ اب اس عمل کو وقت کی پابندی کے ساتھ لازمی قرار دینا موزوں ہے، تاکہ وہ ادارے جو اب بھی سروس اور لین دین کی کالز کے لیے عام دس ہندسوں والے نمبرز استعمال کر رہے ہیں، وہ بھی 1600 سیریز کی طرف منتقل ہوں اور معتبر مالیاتی اداروں کے نام پر کی جانے والی دھوکہ دہی یا گمراہ کن کالز کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔ ٹی آر اے آئی نے جوائنٹ کمیٹی آف ریگولیٹرز کے اجلاسوں کے دوران ہونے والی گفت و شنید کے بعد آئی آر ڈی اے آئی سے نفاذ کی مدت سے متعلق آراء حاصل کیں، اور انہی مشاورتوں کی بنیاد پر اب نفاذ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
1600 سیریز کو منظم اور مقررہ مدت کے اندر اپنانے سے صارفین کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی اور وائس کالز کے ذریعے شناخت بدل کر کیے جانے والے مالیاتی فراڈ پر مؤثر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 3404)
(रिलीज़ आईडी: 2205579)
आगंतुक पटल : 4