مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت نے راشٹریہ ایکتا دیوس 2025 منایا
Posted On:
31 OCT 2025 5:43PM by PIB Delhi
ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت (ایم او ایچ یو اے) نے وزارت توانائی کے ساتھ مل کر آج نئی دہلی میں انڈیا گیٹ پر بھارت کے مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ”راشٹریہ ایکتا دیوس 2025“ منایا۔ اس موقع پر قومی یکجہتی، سالمیت اور امنگ کے عزم کی تجدید کی گئی اور شرکا نے اتحاد کا حلف بھی اٹھایا۔
اس تقریب میں معزز مہمان خصوصی کے طور پر جناب منوہر لال، محترم وزیر برائے ہاؤسنگ و شہری امور اور وزیر برائے توانائی شریک ہوئے۔ جناب ٹوکھن ساہو، وزیر مملکت (ایم او ایچ یو اے)، جناب کے سری نواس، سکریٹری (ایم او ایچ یو اے) اور جناب پنکج اگروال، سکریٹری (توانائی کی وزارت) بھی موجود تھے۔
تقریب کا آغاز ”راشٹریہ ایکتا دیوس“ کے حلف سے ہوا، جس میں قوم کی یکجہتی، سالمیت اور سلامتی کے عزم کی تجدید کی گئی۔ وزارتوں، ان کے منسلک و ماتحت دفاتر، مرکزی سرکاری شعبہ جاتی اداروں (سی پی ایس ای) اور خود مختار اداروں کے افسران و عملے نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب منوہر لال نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے اس تاریخی کردار کو اجاگر کیا جس کے ذریعے انہوں نے اپنی بصیرت، عزم اور قیادت سے 560 سے زیادہ ریاستوں کو ایک جمہوری دھارے میں سمو کر ملک کو متحد کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پٹیل کی عوامی زندگی 1917 میں احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے رکن منتخب ہونے سے شروع ہوئی اور ایک وکیل سے قوم پرست رہنما تک ان کی تبدیلی کو 1918 کے کھیڑا ستیہ گرہ میں مہاتما گاندھی کی رہنمائی میں ان کی قیادت نے مہمیز دی۔
سردار ولبھ بھائی پٹیل کی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے معزز وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے آرٹیکل 370 کی تاریخی منسوخی اور قومی یکجہتی کے لیے اپنی ثابت قدمی کے ذریعے ملک کی وحدت اور سالمیت کو مزید مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
اسی روایت کے تسلسل میں، وزیر نے تمام شرکا کو ”راشٹریہ ایکتا دیوس“ کا حلف دلایا، تاکہ وہ قوم کی یکجہتی، سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے عزم کی تجدید کریں اور سردار ولبھ بھائی پٹیل سے متاثر قومی یکجہتی کے جذبے میں اپنا تعاون کریں۔
تقریب قومی ترانے پر اختتام پذیر ہوئی، جو سردار ولبھ بھائی پٹیل کی اتحاد اور قوم سازی کی پائیدار میراث کو پر وقار خراجِ عقیدت تھا۔
***********
ش ح۔ ف ش ع
U: 575
(Release ID: 2185003)
Visitor Counter : 3