سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
اے آئی سے لیس ٹرانسلیشن ٹول سے ہندی مواد کی نشرو اشاعت اور تفہیم بہتر ہو رہی ہے: ڈاکٹر جیتندر سنگھ
ہندی کے ساتھ علاقائی زبانوں کا فروغ بھی یکساں طور پر ضروری ہے: مرکزی وزیرڈاکٹر جتیندر سنگھ
سائنس و ٹیکنالوجی میں ہندی زبان کے فروغ سےہندوستان کی خود انحصاری کو تقویت ملے گی: مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 OCT 2025 8:43PM by PIB Delhi
سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کی ہندی مشاورتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وزیر مملکت برائے دفتروزیراعظم ، وزارت عملہ، عوامی شکایات و پنشن، محکمہ ایٹمی توانائی اور محکمہ خلائی سائنس، ڈاکٹر جیتندر سنگھ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام وزارتوں اور محکموں میں ہندی زبان کا استعمال ضروری ہے، کیونکہ ہندی صرف ایک زبان نہیں ہےبلکہ ہندوستان کی ثقافتی شناخت کی علامت ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنوبی ہندوستان کے ملازمین بھی بڑے پیمانے پر ہندی زبان کااستعمال کر رہے ہیں، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہندی پورے ملک کی رابطے کی زبان کے طور پر ابھر رہی ہے۔
ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہندی زبان کے تداول کو مضبوط کرنے کے لیے اسے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے لیس ترجمہ کےٹول سے ہندی مواد کی نشرو اشاعت اور تفہیم میں بہتری آرہی ہے اورجس سے سائنسی علم زیادہ مؤثر طریقے سے وسیع تر حلقے تک پہنچ رہا ہے۔
وزیرموصوف نے اس بات پر زور دیا کہ تمام وزارتوں کی ویب سائٹس ہندی زبان میں بھی یکساں طور پر قابلِ رسائی ہونی چاہئیں تاکہ سائنسی معلومات شہریوں تک ان کی اپنی فہم کی زبان میں پہنچ سکیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہندی ک زبان کے بہترین استعمال کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کو وزارت کی جانب سے اعزازات دیے جائیں گے۔
وزیر موصوف نے لسانی تنوع کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی زبانوں کی ترقی اور فروغ بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کو ملک کے متنوع لسانی منظرنامے کی آواز بننا چاہیے۔ ہندی زبان اور علاقائی زبانیں مل کر جدت طرازی، ابلاغ اور ملک کی تعمیر کی مضبوط بنیاد ثابت ہو سکتی ہیں۔
مرکزی وزیر نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) ملازمین کے لیے ہندی زبان کی ٹول اور وسائل فراہم کر رہا ہے، جس سے سائنسی ابلاغ میں ہندی زبان کے کردار کو تقویت مل رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں ہندی زبان کے درجہ کو مضبوط کرنے کے لیے تمام وزارتوں کو سرکاری کام کاج کے لیے ہندی زبان اختیار کرنی چاہیے۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کے اراکین نے تجویز دی کہ محکمہ جاتی کام کاج میں ہندی زبان کے استعمال میں مزید اضافہ کیا جائے اور عوام تک رسائی کے فروغ کے لیے سائنسی مواد ہندی زبان میں بھی عام کیا جا ئے۔ انہوں نے یہ بھی سفارش کی کہ ہندی مواد کے فروغ اور ہندی زبان میں سرگرمی سے کام کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال کیا جائے۔
اجلاس میں سکریٹری ڈی ایس ٹی پروفیسر ابھے کرندیکر، سکریٹری ڈی بی ٹی ڈاکٹر راجیش ایس گوکھلے، سی ای او اے این آر ایف ڈاکٹر شیوکمار کلیان رمن اور محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اور محکمہ بایوٹیکنالوجی کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔




*****
ش ح۔ م ش ع۔ ش ب ن
U.NO.427
(ریلیز آئی ڈی: 2183665)
وزیٹر کاؤنٹر : 21