وزارات ثقافت
جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر جناب منوج سنہا نے مقدس باقیات کی نمائش کے کامیاب انعقادمیں سہولت فراہم کرنے پر کالمیک قیادت کا شکریہ ادا کیا
وزیر اعظم جناب نریندر مودی دسمبر میں صدر ولادیمیر پوتن کے دورے کے شدت سے منتظر ہیں: جموں و کشمیر کے ایل جی
بھارت اور روس کے درمیان 2027 میں سفارتی تعلقات کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر، بھارت سلسلہ وار دو طرفہ تقریبات کےساتھ اس سنگ میل کو نشان زد کرنے کا منتظر ہے
اپریل 2026 میں کالمیکیا میں ’انڈیا فیسٹیول‘ کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے
Posted On:
18 OCT 2025 9:30PM by PIB Delhi
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر، جناب منوج سنہا، اس وقت روس کے جمہوریہ کالمیکیا کے دورے پر ہیں، جو بھارت اور روس کے درمیان گہرے روحانی اور ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ دورہ بھگوان بدھ کے مقدس باقیات کی تاریخی نمائش پر مرکوز ہے۔
ہفتے کے روز اپنے دورے کے دوران، لیفٹیننٹ گورنر جناب منوج سنہا نے جمہوریہ کالمیکیا کے سربراہ، مسٹر باتو سرغیوِچ خاصیکوف سے تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا، خصوصاً ثقافتی اور روحانی رشتوں کے فروغ پر توجہ مرکوز کی۔ جناب سنہا نے مقدس باقیات کی کامیاب نمائش کے انعقاد پر کالمیک قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا،“ان مقدس باقیات کا اس سرزمین پر آنا بھارت اور روس کے دیرینہ تعلقات کی ایک مضبوط علامت ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ سن 2027 میں جب بھارت اور روس کے سفارتی تعلقات کے 80 سال مکمل ہوں گے، بھارت اس سنگِ میل کو منانے کے لیے سلسلہ وار دوطرفہ تقریبات منعقد کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو صدر ولادیمیر پوتن کے دسمبر 2025 میں بھارت دورے کا شدت سے انتظار ہے۔
ایک اہم اعلان میں، لیفٹیننٹ گورنر سنہانے بتایا کہ اپریل 2026 میں کالمیکیا میں ’انڈیا فیسٹیول‘ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے اور اس بات کا یقین دلایا کہ بھارت اس کے شاندار انعقاد کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک دوا سازی، خلائی تحقیق، زراعت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں ایک ساتھ کام کریں گے۔
بعد ازاں، جناب سنہا نے انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) اور نیشنل میوزیم آف انڈیا کی جانب سے نمائشوں کو باقاعدہ طور پر ایلیستا کے کالمیک میوزیم کے حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بدھ بھگوان کی ابدی تعلیمات اور باقیات کے تاریخی دورے کی یاد کو ہمیشہ تازہ رکھے گا۔
میوزیم کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا،“تاریخ، روایت، ثقافت اور روحانی علم ودانش ہماری شناخت کا تعین کرتے ہیں۔ مجھے بے حد خوشی ہے کہ یہ میوزیم اپنی وسعت میں ایک چھوٹا سا کالمیکیا ہے، جو سب کچھ ایک ہی چھت کے نیچے سموئے ہوئے ہے۔”
لیفٹیننٹ گورنر سنہا آمور-سانان کے نام سے منسوب نیشنل لائبریری دیکھنے بھی گئے، جہاں انہوں نے بدھ مت پر مشتمل کتابوں کا ذخیرہ تحفے میں پیش کیا، جس سے ثقافتی تبادلے کو مزید فروغ ملا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کالمیکیا کی قدیم خانقاہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے روایتی مذہبی رسومات ادا کیں، جن میں ’کھٹک‘ (Khatak) یعنی روایتی اسکارف پیش کرنا اور چراغ روشن کرنا شامل تھا۔
ہفتہ بھر جاری رہنے والی مقدس باقیات کی نمائش جسے بھارت کا قومی ورثہ تسلیم کیا گیا ہے، میں ایک لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے شرکت کی اور باقیات کو نمن کیا۔ روسی جمہوریہ میں منعقد ہونے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا تاریخی واقعہ تھا، جس نے انیسویں کشوک باکولا رنپوچے کی روحانی وراثت کو ازسرنو زندہ کیا اور بھارت اور روس کے گہرے تہذیبی رشتوں کو اجاگر کیا۔
باقیات کو کالمیکیا لانے والے بھارتی وفد کی قیادت اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جناب کیشَو پرساد موریہ نے کی۔ یہ نمائش حکومتِ ہند کی وزارتِ ثقافت نے انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی)، نیشنل میوزیم اور اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے) کے تعاون سے منعقد کی۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور بھارتی وفد 19 اکتوبر 2025 کو مقدس باقیات کے ہمراہ بھارت واپس روانہ ہوں گے۔
یہ تاریخی تقریب عوامی روابط کو مضبوط بنانے اور مشترکہ بودھ ورثے کا جشن منانے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ کالمیکیا یورپ کا واحد علاقہ ہے جہاں بدھ مت اکثریتی مذہب ہے۔ یہ نمائش بھارت کی ثقافتی سفارت کاری کے عزم اور بھگوان بدھ کی تعلیمات کی متحد کرنے کی طاقت کو اجاگر کرتی ہے۔
****
ش ح۔ک ح۔ ع ن
U. No. 111
(Release ID: 2181179)
Visitor Counter : 2