زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آئی سی اے آر-انڈین مکئی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، لدھیانہ میں ایڈمنسٹریٹیوبلڈنگ کا افتتاح کیا
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے اس موقع پر مکئی کے اسٹیک ہولڈرز، کسانوں، دیہی ترقیات کی اسکیموں کے استفادہ کنندگان اور خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کے ساتھ بات چیت کی
سیلاب سے تباہ شدہ 36,703 مکانات کی تعمیر نوکیلئے 1.60 لاکھ روپے فی خاندان منظور: جناب شیوراج سنگھ چوہان
مرکزی حکومت نے پنجاب میں فصل کے نقصانات کی تلافی کے لیے گندم کے بیج کی مفت فراہمی کے لیے 74 کروڑ روپے جاری کیے ہیں: جناب شیوراج سنگھ
‘پردھان منتری کسان سمان ندھی’ کے تحت 11.09 لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں 222 کروڑ روپے پیشگی منتقل کیے گئے ہیں: جناب چوہان
‘‘اپنے ملک میں تیار ہونے والی اشیاء کو ترجیح دیں’’: مسٹر شیوراج سنگھ چوہان
Posted On:
14 OCT 2025 5:17PM by PIB Delhi
زراعت، کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقیات کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے پنجاب کے لدھیانہ میں انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مکئی ریسرچ (آئی آئی ایم آر) کا دورہ کیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کی نئی تعمیر شدہ ایڈ منسٹریٹیو بلڈنگ کا افتتاح کیا اور مکئی کے اسٹیک ہولڈرز، کسانوں، دیہی ترقیات کی اسکیموں سے استفادہ کرنے والوں اور خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس سے تعلق رکھنے والوں سے بات چیت کی۔ اس کے بعد، مرکزی وزیر نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زراعت اور دیہی ترقیات کے کلیدی اقدامات اور پنجاب خطے کے لیے مرکزی حکومت کی اسکیموں کے بارے میں معلومات کا اشتراک کیا۔

اس موقع پر زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب بھاگیرتھ چودھری، ریلوے اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کے مرکزی وزیر مملکت جناب رونیت سنگھ بٹو اور پنجاب کے وزیر زراعت جناب گرمیت سنگھ کھڈیان بھی موجود تھے۔


اس موقع پر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہمارے اہم مقاصد ملک کی غذائی اجناس کی پیداوار میں اضافہ، پیداواری لاگت کو کم کرنا اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ ہم گندم اور چاول کی کاشت میں مکمل طور پر خود کفیل ہیں لیکن زراعت کو متنوع بنانا ضروری ہے۔ گندم اور چاول کے بعد مکئی تیسری بڑی فصل ہے جسے خوراک کے علاوہ بہت سے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف مکئی ہی چاول کا مقابلہ کر سکتی ہے جس سے پانی کی بچت بھی ہو گی اور کسانوں کو زیادہ منافع بھی ملے گا۔ اس حوالے سے مکئی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہاں پر ہونے والی تحقیق مکئی کی پیداوار بڑھانے میں بہت مددگار ثابت ہو رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پنجاب میں فصل کے نقصانات کی تلافی کے لیے گندم کے بیجوں کی مفت فراہمی کے لیے 74 کروڑ روپے جاری کیے ہیں اور سرسوں سمیت دیگر بیجوں کے لیے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘پردھان منتری کسان سمان ندھی’ کے تحت 11.09 لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں 222 کروڑ روپے پیشگی منتقل کر دئیے گئے ہیں۔ باغبانی کے شعبہ میں ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لیے ایم آئی ڈی ایچ اسکیم کے ذریعے بھی امداد بھیجی جائے گی۔


جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ مرکزی حکومت پنجاب کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں فکر مند ہیں اور انہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی زندگیوں کو معمول پر لانے میں مدد کے لیے 1,600 کروڑ روپے کا پیکیج فراہم کیا ہے۔ مرکزی وزیر نے پنجاب میں سیلاب سے تباہ شدہ 36,703 مکانات کی تعمیر نو کے لیے فی خاندان 160,000 (ایک لاکھ ساٹھ ہزار)روپے کی منظوری دی ہے۔ اس میں سے120,000 روپے(ایک لاکھ بیس ہزار)گھر کی تعمیر کے لیے ہیں اور 40,000 (چالیس ہزار)روپے مزدوری اور بیت الخلا کی تعمیر کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف مقامی طور پر تیار کردہ سامان خریدنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اس سے مقامی کاریگروں کو فائدہ ہوگا، ملک کا پیسہ اندر ہی رہے گا اور ملک معاشی طور پر مزید خوشحال ہوگا۔


*******
ش ح- ظ ا - ن ع
UR No. 9847
(Release ID: 2179051)
Visitor Counter : 7