الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سیکشن 69A اور 79(3)(b) کے تحت اختیارات کا محتاط اور واضح استعمال، آئی ٹی ایکٹ کے مؤثر نفاذ کے لیے ضروری ہے: جناب ایس کرشنن، سیکریٹری، وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی


سیکشن 79(3)(b) کے تحت ثالثی پلیٹ فارموں کو جاری کیے جانے والے نوٹس کو معیاری بنانا چاہیے اور ان میں متعلقہ قانونی دفعات، وضاحت اور یکسانیت جیسے اہم عناصر شامل ہونے چاہئیں تاکہ غیر قانونی معلومات پر قابو پانے میں مدد مل سکے

وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ”فریق ثالث پلیٹ فارموں پر معلومات کے نظم و نسق“ کے عنوان سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا تاکہ ثالثی اداروں کو بھیجے جانے والے نوٹس کے نظام کو بہتر اور مربوط بنایا جا سکے

ورکشاپ میں ماہرین نے شرکت کی تاکہ نوٹس فارمیٹ کو معیاری بنایا جا سکے، وضاحت اور یکسانیت کو یقینی بنایا جائے اور سرکاری سطح پر مؤثر نفاذ کو فروغ دیا جا سکے

Posted On: 07 OCT 2025 6:58PM by PIB Delhi

ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ترقی کے ساتھ، آئی ٹی ثالثی پلیٹ فارموں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر غیر قانونی معلومات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو مختلف قانونی دفعات کی خلاف ورزی کا باعث بن رہا ہے۔ اس غیر قانونی معلومات پر قابو پانے کے لیے، آئی ٹی ایکٹ 2000 کے سیکشن 79(3)(b)، آئی ٹی قواعد 2021 کے قاعدہ 3(1)(d) کے ساتھ مل کر، متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ریاستوں/ مرکز زیر انتظام علاقوں کو یہ اختیار دیتی ہے کہ وہ آئی ٹی ثالثی پلیٹ فارموں کو نوٹس جاری کریں تاکہ ایسی معلومات کو ہٹا دیا جائے یا اس تک رسائی کو محدود کر دیا جائے۔

اسی تناظر میں، وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے 7 اکتوبر 2025 کو نئی دہلی میں ”فریق ثالث پلیٹ فارموں پر معلومات کے نظم و نسق“ کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ کا مقصد شرکا کو آئی ٹی ایکٹ 2000 اور آئی ٹی قواعد 2021 کی اہم دفعات، بالخصوص دفعات 69A اور 79(3)(b) اور قاعدہ 3(1)(d) کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا، تاکہ ذمہ دار ڈیجیٹل گورننس اور مؤثر مواد کے نظم و نسق کو یقینی بنانے میں ان کے اطلاق کی بہتر سمجھ فروغ دی جا سکے۔

 

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، جناب ایس کرشنن، سیکریٹری، وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے آئی ٹی ایکٹ کی دفعات 69A اور 79(3)(b) کے دائرہ کار اور مقصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ دفعہ 69A حکومت کو انتظامی اختیار کے تحت آن لائن مواد کو بلاک کرنے کا اختیار دیتی ہے، خاص طور پر ان صورتوں میں جب وہ قومی سلامتی، عوامی نظم یا غیر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے لیے خطرہ بنے۔ دوسری جانب، دفعہ 79 ثالثی پلیٹ فارموں کو ان کی ذمہ داریوں اور عدم تعمیل کی صورت میں ممکنہ قانونی نتائج سے آگاہ کرتی ہے، جب کہ حتمی فیصلہ عدلیہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

انہوں نے مناسب نوٹس فارمیٹ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دفعہ 79(3)(b) کے تحت جاری ہونے والے نوٹسز میں ایسے احکامات شامل کرنے سے گریز کیا جائے جو دفعہ 69A سے مشابہ ہوں، کیونکہ دونوں دفعات کا دائرہ کار بالکل مختلف ہے۔ نوٹس کی زبان واضح ہونی چاہیے اور متعلقہ قانونی دفعات کو شامل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکومت یا اس کی ایجنسی، بطور اختیارات کی محافظ، کو ان اختیارات کا محتاط استعمال کرنا چاہیے۔ دوسرے الفاظ میں، اختیارات کا ایسا دانشمندانہ استعمال ہونا چاہیے کہ وہ عدالتی جانچ پر پورا اتریں اور ساتھ ہی بھارت کے آئین کے تحت دیے گئے بنیادی حقوق کا توازن برقرار رکھیں۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں جناب اجیت کمار، جوائنٹ سیکریٹری (سائبر قوانین)، نے جعلی خبروں، گمراہ کن معلومات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے پیدا ہونے والے بڑھتے چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ نوٹس میں خامیوں کے باعث اکثر عدالتی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے ان کی تیاری کے دوران جامع اور معیاری طریقہ کار اپنانا ناگزیر ہے۔

ورکشاپ کا مقصد مختلف سرکاری محکموں کے درمیان ایک اتفاقِ رائے پیدا کرنا تھا تاکہ اعلیٰ معیار کے نوٹس تیار کرنے کے لیے ایک معیاری فارمیٹ اپنایا جا سکے، جس سے وضاحت، یکسانیت اور مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر بھارتی کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (I4C)، محکمہ قانونی امور، بھارتی فوج، وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف وزارتوں اور سرکاری محکموں کے نمائندگان اور موضوعاتی ماہرین نے شرکت کی۔ حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈروں پر زور دیا کہ وہ معیاری طریقہ کار اپنائیں اور نوٹس میں ضروری عناصر شامل کریں تاکہ وضاحت، ہم آہنگی اور مؤثر نفاذ کو فروغ دیا جا سکے۔

**********

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 7214


(Release ID: 2176038) Visitor Counter : 4
Read this release in: English , Hindi