وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

دویپ دیکشا مذاکرہ کے تیسرے شمارے میں اے این سی کا سمندری تزویراتی مرکز کے طور پر کردار اجاگر

Posted On: 21 SEP 2025 12:08PM by PIB Delhi

انڈمان و نکوبار کمانڈ (اے این سی)، جو کہ ہندوستان کی واحد فعال مشترکہ سروسز کمانڈ ہے، نے 19-20 ستمبر 2025 کو سری وجے پورم، انڈمان و نکوبار (اے این) جزائر میں ’’اے این سی کے بطور ایک تزویراتی مرکز کی ارتقا اور اس سے آگے‘‘ کے موضوع پر دویپ دیکشا ڈائیلاگ کا تیسرا ایڈیشن کامیابی کے ساتھ منعقد کیا۔ یہ مذاکرہ جو اب ایک ممتاز تزویراتی فورم کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، مسلح افواج، سفارت کاری، علمی دنیا، میڈیا اور تزویراتی امور کی نمایاں شخصیات کو یکجا کرتا ہے تاکہ ہندوستان کے بحری اور سلامتی کے نقطۂ نظر کو بحرِ ہند کے خطے (آئی او آر) میں تشکیل دینے میں اے این سی کے منفرد کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔

اس مذاکرہ میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، کمانڈر اِن چیف اے این سی (سنکین) لیفٹیننٹ جنرل دنیش سنگھ رانا اور انڈمان و نکوبار جزائر کے لیفٹیننٹ گورنر ایڈمرل ڈی کے جوشی کی اعلیٰ سطحی تقاریر شامل تھیں، تاہم اس کی گہری معنویت اس بات میں مضمر تھی کہ حاضر سروس افسران، سابق فوجی، تجزیہ کاروں اور دانشوروں کے مابین ایک ایسا مکالمہ پروان چڑھے جس کے ذریعے یہ غور کیا جا سکے کہ ہند و بحرالکاہل میں ہندوستان اپنے مفادات کو کس طرح محفوظ بنا سکتا ہے۔ اس فورم نے مستقبل کے لیے تیار عملی تصورات، ذہنی و سائبر جنگ، تزویراتی پیغام رسانی اور خطے میں ہندوستان کو ایک پسندیدہ سلامتی شراکت دار کے طور پر پیش کرنے کے امکانات پر گفتگو کو فروغ دیا۔

نمایاں شرکاء میں سابق چیف آف نیول اسٹاف اور پہلے سنکین ایڈمرل ارون پرکاش (ریٹائرڈ)، سابق سنکین لیفٹیننٹ جنرل اجے سنگھ (ریٹائرڈ)، ریئر ایڈمرل مونٹی کھنہ (ریٹائرڈ)، ڈپٹی چیف آف دی آرمی اسٹاف (اسٹریٹیجک) لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی اور سابق فلیگ آفیسر وائس ایڈمرل انیل چاولہ (ریٹائرڈ) شامل تھے۔

باقاعدہ نشستوں سے ہٹ کر یہ مذاکرہ ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر بھی سامنے آیا جس نے طویل مدتی تزویراتی سوچ کو فروغ دیا، ابھرتے ہوئے علاقائی چیلنجوں کو نمایاں کیا اور ہندوستان کی دفاعی و سلامتی صلاحیتوں کے مستقبل کے رخ کا تصور پیش کیا۔

2023 میں قائم کیا گیا دویپ دیکشا ڈائیلاگ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح اے این سی ایک جغرافیائی طور پر الگ تھلگ اڈے سے ایک متحرک عملی و فکری مرکز میں تبدیل ہوا ہے جو پالیسی سازی، عملی منصوبہ بندی اور علاقائی استحکام پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سال کے ایڈیشن میں کثیر جہتی جنگ، گریہ زون حکمتِ عملیاں اور بحری سلامتی کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا گیا۔ یہ مذاکرہ اس بات کو تقویت دیتا ہے کہ اے این سی پیشہ ورانہ فوجی تعلیم، عملی تجربات اور مشترکہ سروسز تعاون کا مرکز ہے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے اے این سی خود کو بحرِ ہند کے خطے میں ہندوستان کے قومی مفادات کے لیے ایک فیصلہ کن ستون کے طور پر استوار کر رہا ہے جو آنے والے عشروں تک ملک کی بحری حکمتِ عملی کی رہنمائی کرے گا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-6363


(Release ID: 2169182) Visitor Counter : 4
Read this release in: English , Hindi