بھارت کے لوک پال
بھارت کے لوک پال میں یومِ آزادی کی تقریب
Posted On:
15 AUG 2025 4:59PM by PIB Delhi
اُنیاسِی ویں یومِ آزادی کے موقع پر بھارتی لوک پال کے چیئرمین معزز جناب جسٹس اجے مانك راؤ خانولکر نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر معزز اراکین جناب جسٹس لنگپا نرائن سوامی، جناب جسٹس سنجے یادو، جناب سشیل چندر، جناب جسٹس ریتو راج اوستھی، جناب پنکج کمار اور جناب اجے تِرکے بھی موجود تھے۔ انہوں نے تمام معزز اراکین، سینئر افسران، عملے اور اہلِ خانہ کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن اُن تمام عظیم شخصیات کی بہادری، بصیرت اور قربانی کو یاد کرنے کا موقع ہے جن کی کوششوں سے ہمیں یہ آزادی نصیب ہوئی جسے ہم آج عزیز رکھتے ہیں۔ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ صرف وہ رہنما نہیں جن کے نام تاریخ کی کتابوں میں درج ہیں، بلکہ کسان، مزدور، طلبہ، گھریلو خواتین اور قبائلی برادریاں بھی، جنہوں نے خاموشی سے جدو جہدِ آزادی میں زمینی سطح پر حصہ لیا اور برطانوی سامراج کو للکارا۔ انہوں نے یہ جدوجہد ہر اُس گھر، گاؤں اور گلی میں کی جہاں مزاحمت کی آوازیں بلند ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب ممتاز رہنماؤں جیسے مہاتما گاندھی، شہید بھگت سنگھ، نیتا جی سُبھاش چندر بوس، لالہ لاجپت رائے، لوک مانیا بال گنگا دھر تلک، بپن چندر پال اور آزاد بھارت کے پہلے وزیرِ داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی کے خاکے سے بخوبی واقف ہیں۔ ہمیں لازماً ان سب اور آزادی کی تحریک میں حصہ لینے والے تمام افراد کے سامنے شکر گزاری اور عقیدت کے ساتھ سرخم ہونا چاہیے۔
انہوں نے ماں بھارتی کے ان سپوتوں کا شکریہ ادا کیا جو ہمیشہ دشمنوں کے مقابلے میں ہماری سرحدوں کے تحفظ کے لیے ڈٹے رہے، اور قدرتی آفات، وبائی امراض اور عالمی چیلنجز کے سامنے فتح حاصل کی۔ ہر مشکل گھڑی میں ان کے تیز اور مؤثر اقدامات نے بھارت کی ناقابلِ شکست روح کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ ہم ملک کے معماروں، بصیرت رکھنے والوں، سائنس دانوں، ڈاکٹروں، انجینئروں، وکیلوں، اساتذہ، فنکاروں اور ان گنت پیشہ ور افراد اور محنت کش طبقے کو عزت دیں جنہوں نے آزادی کے بعد ترقی کا مشعل آگے بڑھایا۔ برسوں کی ان کی کاوشوں نے ایک جدید بھارت کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ ہم سب ان کی بصیرت، محنت اور خلوص کے مقروض ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم سب کو ایک اجتماعی عہد کرنا چاہیے کہ نہ صرف بیرونی خطرات سے لڑیں بلکہ ان اندرونی عناصر کے خلاف بھی جو ہمارے قومی کردار کو آلودہ اور کمزور کرتے ہیں، جیسے کہ دہشت گردی، اقربا پروری، تنگ نظری، علاقائی تعصب، غلط معلومات کی تشہیر اور سب سے بڑھ کر بدعنوانی۔ یہ مذموم سرگرمیاں ہماری ترقی، امن اور یکجہتی میں رکاوٹ ڈالتی ہیں اور بالآخر جمہوری اصولوں کو چیلنج کرتی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس حوالے سے ہمارے اجتماعی عزم اور روزمرہ کی انفرادی کوششوں کے ذریعے ہم فخر سے یہ دعویٰ کر سکتے ہیں کہ ہم ’’وِکسِت بھارت@2047‘‘ کے سفر میں ایک اہم کردار ادا کرنے والے ہیں۔
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 4764
(Release ID: 2156931)